امیگریشن اور سفر

پراونشئل نامینیشن پروگرام (PNP) کینیڈا، آسان ترین الفاظ میں سمجھیئے اور اپلائی کریں!

کینیڈا کے 10 صوبے اور 3 وفاقی انتظامی علاقے ہیں۔ PNP کے تحت مستقل رہائش کیلئے درخواست دینے سے پہلے آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آپ کینیڈا کے کس صوبے یا علاقے میں رہنا پسند کریں گے۔

کینیڈا کے مخصوص امیگریشن پروگرامز مختلف قسم کی تعلیم، ہُنر اور کام کا تجربہ رکھنے والے لوگوں کو کینیڈا میں آباد ہونے کے مواقع فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ کینیڈین معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ جو لوگ کینیڈا میں مستقل رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں، ایکسپریس انٹری ان کیلئے ایک اچھا انتخاب ہوسکتی ہے۔ تاہم PR حاصل کرنے کے مزید راستے بھی موجود ہیں جن میںProvincial Nominee Programs، فیملی اسپانسرشپ، اٹلانٹک امیگریشن پائلٹ (AIP)، RNIP، اسٹارٹ اپ ویزہ پروگرام اور Caregiver پروگرام شامل ہیں۔ 

اس آرٹیکل میں ہم نے Provincial Nominee Program یا مختصراً PNP کے بارے میں تفصیلی معلومات لکھی ہیں جن سے اس پروگرام کے تحت کینیڈا جانے کے خواہش مند افراد کو کافی مدد مل سکتی ہے۔ 

امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (IRCC) کے مطابقProvincial Nominee Programs مندرجہ ذیل تارکین وطن کو مدنظر رکھ کر بنائے گئے ہیں: 

  1. جن کے پاس تعلیم، ہُنر اور کام کا مناسب تجربہ ہو اور وہ مخصوص صوبے یا علاقے کی معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

2. اس صوبے یا علاقے میں مستقل طور پر آباد ہونے کا ارادہ رکھتے ہوں، اور

3. کینیڈا کے مستقل رہائشی بننا چاہتے ہوں

ہر صوبے اور علاقے کے اپنے اپنے PNP پروگرام ہیں۔ یہ امیگریشن اسکیمیں مختلف قسم کے لوگوں، مثلاً نئے گریجویٹ نوجوان، کاروباری افراد، مخصوص شعبوں کے ہُنر مند اور نیم ہُنر مند کارکن وغیرہ کیلئے ہیں اور ان کی مختلف شرائط ہوتی ہیں۔

PNP کیلئے درخواست دینے کے طریقے

اس پروگرام کے تحت 2 مختلف طریقوں سے درخواست دی جاسکتی ہے:

1۔ کاغذی کاروائی پر مشتمل طریقہ جس میں اصل کاغذات کی کاپیاں (بذریعہ ڈاک) جمعہ کروائی جاتی ہیں 

2۔ آن لائن درخواست یا "ایکسپریس انٹری” 

درخواست دینے کا طریقہ اس پر منحصر ہے کہ آپ PNP کی کس ذیلی سکیم کے تحت اپلائی کررہے ہیں۔ 

ii۔ کاغذات کے ذریعے PNP کیلئے درخواست دینے کا طریقہ:

اس طریقے سے درخواست دینے کے 2 مراحل ہوتے ہیں:

1۔ جس علاقے یا صوبے میں آپ مستقل طور پر آباد ہونا چاہتے ہیں، وہاں سے nomination (نامزدگی) کا سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ 

2۔ اس صوبے سے نامزدگی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد IRCC کو مستقل رہائشی سٹیٹس (PR) حاصل کرنے کی درخواست دیں۔ 

اس طریقے سے درخواست دینے کیلئے مرحلہ وار ہدایات یہاں فراہم کی گئی ہیں: 

نمبر 1: اس کینیڈین علاقے/صوبے کا انتخاب کریں جہاں آپ رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں

کینیڈا کے 10 صوبے اور 3 وفاقی انتظامی علاقے ہیں۔ PNP کے تحت مستقل رہائش کیلئے درخواست دینے سے پہلے آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آپ کینیڈا کے کس صوبے یا علاقے میں رہنا پسند کریں گے۔ رہائشی اخراجات، ملازمت کے مواقع، موسم اور طرز زندگی کی بنیاد پر آپ اپنے لئے کوئی ایک علاقہ منتخب کرسکتے ہیں۔

نمبر 2: PNP کیلئے اپنی اہلیت چیک کریں

کسی صوبے یا وفاقی علاقے کی طرف سے نامزد کئے جانے کیلئے آپ کو ان ہدایات پر عمل کرنا ہوگا جو ان کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ آپ ان سے براہ راست رابطہ بھی کرسکتے ہیں۔ آپ ہر صوبے اور علاقے کیلئے اہلیت کا معیار مندرجہ ذیل ویب سائٹس  سے جان سکتے ہیں:

صوبہ کیوبیک میں سیٹل ہونے کے خواہشمند امیدواروں کو یہاں کلک کرکے ان سے براہ راست ہدایات حاصل کرنا ہوں گی۔ Nunavut فی الحال صرف اپنا کاروبار کرنے کے خواہشمند entrepreneurs سے درخواستیں وصول کررہا ہے۔ 

نمبر 3: اپنے پسندیدہ صوبے یا علاقے سے نامزدگی کیلئے درخواست دیں:

کینیڈا کے ہر علاقے کے صوبائی امیگریشن پروگرام مخصوص شعبوں میں ملازمین کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بنائے جاتے ہیں۔ امیدواروں کو اپنے پسندیدہ صوبے کے ذیلی پروگرامز کا بغور جائزہ لینا چاہیئے کیونکہ ہر پروگرام کیلئے اہلیت کے مخصوص معیار مقرر ہوتے ہیں۔

عام طور پر PNP کے تحت کینیڈا سیٹل ہونے کے خواہشمند امیدوار مندرجہ ذیل میں سے کسی ایک طریقے سے اپنی درخواست دے سکتے ہیں: 

1۔ صوبائی نامزدگی کیلئے اس صوبے کو براہ راست درخواست دیں، یا

2۔ صوبائی نامزدگی کی درخواست کیلئے دعوت نامہ حاصل کریں

اس طریقہ کار کے ذریعے مخصوص صوبے/علاقے کیلئے درخواست دیتے ہوئے آپ کو "نان-ایکسپریس انٹری” کا انتخاب کرنا ہوگا اور اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ آپ اس سکیم کے مقرر کردہ اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہوں۔

اکثر صوبوں نے درخواستیں وصول کرنے کیلئے ڈیڈ لائنز مقرر کی ہوتی ہیں۔ لہذا بہتر ہے کہ آپ اپنی درخواست جمع کروانے سے پہلے ضروری کاغذات تیار رکھیں تاکہ نامزدگی (Provincial Nomination) کا دعوت نامہ ملنے پر اسے بروقت جمع کرواسکیں۔

نمبر 4: نامزدگی (Nomination) کا انتظار کریں 

درخواست جمع کروانے کے بعد اگر آپ صوبے کے مقرر کردہ معیار اہلیت پر پورا اترے تو آپ کو صوبائی نامزدگی کا سرٹیفیکیٹ (Provincial Nomination Certificate) جاری کیا جائے گا جس کی بنیاد پر آپ مستقل رہائش کی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

نمبر 5: PR کیلئے درخواست دیں

صوبائی نامزدگی حاصل کرنے کے بعد IRCC کو آپ مستقل رہائش (PR) کیلئے درخواست دیتے ہیں۔ رہنما کتابچے، ضروری کاغذات کی چیک لسٹ اور تمام فارمز پر مشتمل یہ ایپلی کیشن پیکج ڈاؤن لوڈ کریں۔

درخواست فارم بھرتے ہوئے پوری دیانتداری سے درست معلومات فراہم کریں۔ ایسا نہ کرنے پر آپ کی درخواست مسترد ہوسکتی ہے اور بدنیتی کی بنیاد پر غلط معلومات فراہم کرنے پر آپ کو کم از کم 5 سال تک کینیڈا داخلے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ضروری کاغذات کے ساتھ درخواست مکمل کرنے کے بعد آپ کو فیس جمع کروانا ہوگی۔ تادم تحریر بالغ امیدوار کیلئے یہ فیس 1325 کینیڈین ڈالرز جبکہ نابالغ بچوں کیلئے 225 کینیڈین ڈالرز ہے۔ اس فیس میں 500 کینیڈین ڈالرز مستقل رہائش کے حق  کی فیس (RPRF) بھی شامل ہے جسے ہر بالغ امیدوار کیلئے ادا کرنا ہوتا ہے۔ آپ چاہیں تو یہ فیس اگلے مرحلے میں بھی ادا کرسکتے ہیں۔ اگرچہ یہ درخواست فارم کاغذات کی صورت میں جمع کروائی جاتی ہے مگر فیس آن لائن ادا کرنا ہوتی ہے۔ فیس ادائیگی کی رسید پرنٹ کرکے درخواست کے ساتھ لگانا ہوگی۔

بائیومیٹرک فیس : اس کے علاوہ آپ کو 85 کینیڈین ڈالرز فی کس کے حساب سے بائیومیٹرک چارجز بھی ادا کرنا ہوں گے۔ ایک فیملی کیلئے بائیومیٹرک فیس زیادہ سے زیادہ 170 کینیڈین ڈالرز تک ہوسکتی ہے۔ آپ کو ان تمام فیسوں کی ادائیگی کی رسیدیں اپنی درخواست کے ساتھ منسلک کرنا ہوں گی۔ درخواست وصولی کے بعد آپ کو ایک تصدیقی خط موصول ہوگا جس میں بائیومیٹرک ڈیٹا جمع کروانے کیلئے ہدایات درج ہوں گی۔ خط ملنے کے 30 روز کے اندر فنگر پرنٹس اور تصاویر جمع کروانے کیلئے آپ کو مخصوص مراکز پر جانا ہوگا۔ واضح رہے بائیومیٹرک کیلئے جانے سے پہلے اپائنٹمنٹ بک کروانا ضروری ہے اور وہاں جاتے ہوئے کنفرمیشن لیٹر ساتھ لے جانا ہرگز نہ بھولیں۔ 

دیگر فیسیں: مندرجہ بالا امیگریشن درخواست فیسوں کے علاوہ بھی آپ کو بعض دیگر تھرڈ پارٹی فیسیں ادا کرنا پڑ سکتی ہیں جن میں میڈیکل ٹیسٹ، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، (انگریزی) زبان میں مہارت کا ٹیسٹ اور تعلیمی اسناد کی تصدیق وغیرہ کے اخراجات شامل ہیں۔ 

مکمل شدہ درخواست فارم تمام ضروری دستاویزات اور فیس ادائیگی کی رسیدوں کے ساتھ ایپلی کیشن پیکج پر درج پتے پر بذریعہ ڈاک ارسال کرنا ہوگا۔ خیال رہے کہ اسے اپنے مقامی ویزہ آفس میں نہ بھیجیں بلکہ صرف کینیڈا کے سینٹرلائزڈ ان ٹیک آفس ایڈریس پر ہی پوسٹ کریں۔ 

درخواست مسترد ہونے سے بچنے کیلئے فارم احتیاط سے بھریں اور وہاں درست معلومات درج کریں۔ فیس ادائیگی کی رسیدیں اور صوبائی نامزدگی کا سرٹیفیکیٹ منسلک کرنا نہ بھولیں۔ اگر سرٹیفکیٹ زائد المعیاد ہوچکا ہے تو اسے جاری کرنے والی صوبائی اتھارٹی سے رابطہ کریں۔ 

نمبر 6۔ مستقل رہائش (PR) حاصل کرکے کینیڈا منتقل ہوں

درخواست جمع کروانے سے لے کر اسے نمٹانے کا دورانیہ 15 سے 19 ماہ تک محیط ہوسکتا ہے۔ یہ اس پر منحصر ہے کہ کون سا ویزہ آفس آپ کی درخواست کا جائزہ لے رہا ہے۔ ایک بار اپلائی کرنے کے بعد آپ اپنی درخواست کا آن لائن سٹیٹس چیک کرسکتے ہیں۔ 

امیگریشن درخواست پر عمل کے دوران آپ کو وقتاً فوقتاً مطلع کیا جائے گا کہ کب اپنا طبی معائنہ کروانا ہے اور کب پولیس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہے (اگر آپ نے یہ کاغذات درخواست فارم کے ساتھ نہیں لگائے یا پھر ان کی معیاد ختم ہوچکی ہے)۔

طبی معائنہ: آپ کو اپنے زیر کفالت فیملی ممبرز کے ساتھ (چاہے وہ آپ کے ساتھ کینیڈا سفر نہ کررہے ہوں) کسی منظور شدہ میڈیکل سنٹر سے مکمل میڈیکل ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہوگی۔

پولیس سرٹیفکیٹ: آپ کو اس ملک یا علاقے سے پولیس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے جہاں آپ نے 18 سال کی عمر کے بعد 6 ماہ یا اس سے زائد عرصہ رہائش رکھی ہو۔ بعض ممالک میں پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ایک طویل اور پیچیدہ عمل ہوتا ہے، لہذا بہتر ہے کہ یہ کام جلد از جلد مکمل کرلیا جائے۔

اگر آپ پروگرام کی اہلیت کے معیار پر پورا اترے تو IRCC آپ سے مزید کاغذات طلب کرے گی تاکہ آپ کی درخواست کو نمٹایا جاسکے۔ ان میں آپ کے پاسپورٹ کی کاپی اور تصاویر شامل ہوسکتی ہیں۔ اس کے بعد آپ کو مستقل رہائشی پرمٹ کیلئے فیس ادا کرنا ہوگی۔ اس دوران اگر آپ کی پروفائل میں کوئی تبدیلی آئی ہے تو اسے اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے جیسے فیملی سٹیٹس میں تبدیلی (شادی، طلاق یا بچے کی پیدائش وغیرہ) یا کوئی نئی میڈیکل پرابلم وغیرہ۔ 

اگر اس میں کوئی تبدیلی نہیں آتی تو IRCC درخواست کو حتمی شکل دیتے ہوئے آپ کو مندرجہ ذیل دستاویزات جاری کرے گی: 

  • مستقل رہائشی پرمٹ کی تصدیقی دستاویز (COPR)
  • PR ویزہ
  • آپ کی COPR سے متعلق ضروری معلومات پر مشتمل ایک لیٹر

COPR سمیت تمام کاغذات کو محفوظ جگہ پر رکھیں۔ کسی دستاویز میں کوئی چھوٹی سی تبدیلی بھی ہرگز نہ کریں اور کسی کاغذ پر کینیڈا پہنچنے سے پہلے دستخط نہ کریں۔ 

کینیڈا آمد

درخواست منظور ہونے کے بعد آپ کو کینیڈا آنا ہوگا تاکہ یہاں کی مستقل رہائش حاصل کرنے کا عمل مکمل کرسکیں۔ یہ مرحلہ مکمل کرنے کے بعد آپ کینیڈا کے مستقل رہائشی بن جائیں گے۔ کینیڈا آمد پر اپنے قومی پاسپورٹ کے ساتھ آپ کو COPR اور PR ویزہ پیش کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ آپ سے سپورٹ فنڈز کا ثبوت بھی طلب کیا جاسکتا ہے، یہ وہ رقم ہے جو آپ نے کینیڈا سیٹل ہونے کیلئے خرچ کرنا ہے۔

بارڈر امیگریشن آفیسر آپ سے کچھ سوالات پوچھے گا تاکہ وہ اس بات کو یقینی بنا سکے کہ آپ کینیڈا میں داخلے کے اہل ہیں۔ یہاں عمومی طور پر وہی سوالات پوچھے جاتے ہیں جن کے جوابات آپ اپنے درخواست فارم میں دے چکے ہیں۔ آفیسر کے مطمئن کرنے کے بعد آپ کو کینیڈین سرزمین پر داخلے کی اجازت مل جاتی ہے۔ یہاں آپ کو اپنا پتہ بھی بتانا ہوگا جس پر آپ کا PR کارڈ بذریعہ ڈاک ارسال کیا جانا ہے۔ یاد رہے آپ کو PR کارڈ کیلئے الگ سے درخواست نہیں دینا پڑتی۔ یہ کارڈ آپ کے کینیڈین ایڈریس پر بھیج دیا جاتا ہے جس کی درخواست امیگریشن آفیسر خود جمع کرواتا ہے۔ 

اگر آپ پہلے سے ہی کینیڈا میں موجود ہیں تو آپ اپنے قریب ترین IRCC آفیسر سے ملاقات کا وقت مقرر کرکے مستقل رہائشی پرمٹ کا یہ حتمی لینڈنگ پراسیس مکمل کرسکتے ہیں۔ یہ عمل مکمل کرنے کیلئے آپ کینیڈا چھوڑ کر دوبارہ واپس بھی آسکتے ہیں۔

ii۔ PNP ایکسپریس انٹری (آن لائن ) درخواست

ایکسپریس انٹری کے ذریعے PNP کیلئے درخواست جمع کروانے کے مندرجہ ذیل 2 طریقے ہیں:

پہلا طریقہ: آپ اپنے منتخب کردہ صوبے یا وفاقی علاقے سے رابطہ کرکے انہیں بذریعہ ایکسپریس انٹری نامزدگی حاصل کرنے کی درخواست دیں۔ اگر آپ وہاں سے nomination حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو پھر آپ کو ایکسپریس انٹری پروفائل بنانا ہوگی یا اگر آپ پہلے سے یہ پروفائل بنا چکے ہیں تو اسے اپ ڈیٹ کرکے یہ ظاہر کریں کہ آپ کو مخصوص صوبے یا علاقے کی جانب سے نامزد کیا جاچکا ہے۔

دوسرا طریقہ: یہاں کینیڈا کے کسی مخصوص صوبے یا علاقے سے نامزدگی حاصل کرنے کیلئے پہلے اپنی پروفائل بناتے ہیں۔ اگر آپ کو وہاں سے نوٹیفکیشن موصول ہوتا ہے تو آپ ان سے براہ راست رابطہ کرکے بذریعہ ایکسپریس انٹری درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ دونوں طریقوں میں یہ پروفائل بنانا ضروری ہے لہذا بہتر ہے کہ شروع سے ہی یہ کام کرڈالیں۔

اب ہم بذریعہ ایکسپریس انٹری PNP کیلئے درخواست دینے کا مرحلہ وار طریقہ جانیں گے۔

پہلا مرحلہ: صوبائی نامزدگی (Nomination) حاصل کریں

پہلے طریقے کیلئے: اگر آپ کا نام پہلے ہی ایکسپریس انٹری پول میں ہے اور آپ PNP کیلئے دلچسپی رکھتے ہیں تو کچھ ذیلی پروگرام آپ کو ایکسپریس انٹری سے ہی براہ راست صوبائی/علاقائی سکیم کیلئے درخواست دینے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔

دوسرے طریقے کیلئے: اگر کوئی صوبہ/علاقہ نوٹیفکیشن بھیج کر آپ سے اظہار دلچسپی کرتا ہے تو آپ کو ان سے براہ راست رابطہ کرکے بذریعہ PNP ایکسپریس انٹری سٹریم درخواست دینا ہوگی۔ خیال رہے کہ یہ رابطہ اس صوبے اور آپ کے درمیان ہوتا ہے، یہاں آپ اپنا IRCC اکاؤنٹ استعمال نہیں کریں گے۔ 

پروفائل پر آنے والا اظہار دلچسپی کا نوٹیفکیشنProvincial Nomination نہیں ہوتا اور نہ ہی یہ نامزدگی حاصل کرنے کی کوئی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

اس کے بعد کے مراحل دونوں طریقوں کیلئے یکساں اور کاغذات کے ذریعے درخواست دینے کے مراحل نمبر 2 اور 3 کی طرح ہی ہیں جنہیں پہلے ہی تفصیل سے بیان کیا جاچکا ہے۔ ان میں محض ایک فرق یہ ہے کہ آپ کو یہاں خاص طور پر PNP ویب سائٹس پر ایکسپریس انٹری امیگریشن سکیم کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔

جب منتخب کردہ صوبہ/علاقہ آپ کو نامزد کرنے پر رضامندی ظاہر کردے تو مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کریں:

  • اس Nomination کو اپنی پروفائل پر اپ ڈیٹ کریں اور اپنا ایکسپریس انٹری پروفائل نمبر اور Job Seeker Validation Code منتخب صوبے یا علاقے کے ساتھ شیئر کریں۔ یا
  • صوبے/علاقے کی جانب سے IRCC کو اپنی نامزدگی کی تصدیق کا انتظار کریں۔ پھر آپ 30 دنوں کے اندر IRCC ایکسپریس انٹری اکاؤنٹ کے ذریعے اس نامزدگی کو قبول یا مسترد کرسکتے ہیں۔

دوسرا مرحلہ: مستقل رہائش (PR) کیلئے درخواست دیں

نامزدگی حاصل کرنے کے بعد آپ کو یہ دو آپشنز زیر غور لانا ہوتے ہیں:

1۔ Nomination قبول کرلیں

ایسا کرنے پر ایکسپریس انٹری سسٹم آپ کے اکاؤنٹ میں ایک لیٹر بنا کر آپ کی نامزدگی کی تصدیق کرے گا اور آپ کو ایکسپریس انٹری پروفائل میں 600 اضافی پوائنٹس دیئے جائیں گے جن سے آپ کو درخواست دینے کا دعوت نامہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

نوٹ: "اضافی خصوصیات” پر آپ کو زیادہ سے زیادہ 600 پوائنٹس مل سکتے ہیں۔ اگر آپ کو پہلے ہی ملازمت کی آفر یا کینیڈا میں تعلیم کی بنیاد پر یہ پوائنٹس مل چکے ہیں تو پھر nomination letter کے مزید پوائنٹس آپ کے CRS سکور میں شامل نہیں کئے جائیں گے۔ تاہم یہ ایکسپریس انٹری پروگرام کی اہلیت پر پورا اترنے کیلئے کارآمد ہوسکتے ہیں، آپ کو اپنی ایکسپریس انٹری ایپلی کیشن میں یہ ثبوت فراہم کرنا چاہیئے۔

درخواست دینے کا دعوت نامہ ملنے کے بعد PR کی آن لائن ایپلی کیشن جمع کروانے کیلئے آپ کے پاس 60 دن کا وقت ہوگا۔ ایکسپریس انٹری درخواستوں پر عمل کرنے میں عام طور پر 6 ماہ تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ آپ اپنی درخواست کا سٹیٹس ایکسپریس انٹری اکاؤنٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔ 

2۔ Nomination مسترد کردیں

اس صورت میں آپ کی پروفائل ایکسپریس انٹری پول میں رہے گی اور آپ کو کسی دوسرے پروگرام کے تحت درخواست دینے کی دعوت مل سکتی ہے۔ تاہم آپ PNP کے اہل نہیں ہوں گے جب تک کہ کوئی دوسرا صوبہ آپ کو نامزد نہ کرے۔

اگر صوبہ/علاقہ آپ کی نامزدگی واپس لے تو اس صورت میں کیا کرنا چاہیئے؟

PR کی درخواست کا دعوت نامہ ملنے سے پہلے آپ کو ایکسپریس انٹری پول سے اپنی پروفائل ہٹا کر نئی پروفائل جمع کروانی چاہیئے۔ اور یہ دعوت نامہ ملنے پر آپ کو اسے مسترد کرنے کے بعد اپنی موجودہ پروفائل ہٹا کر ایک نئی پروفائل جمع کروانا ہوگی۔ اگر آپ کسی صورت میں درخواست دینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو IRCC آپ کی درخواست مسترد کردے گی اور کوئی فیس واپس نہیں کی جائے گی۔

اہم ترین: اگر آپ ان ہدایات پر عمل نہیں کرتے تو دونوں صورتوں میں آپ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسے میں اگلے 5 سال تک آپ کسی بھی مقصد کیلئے کینیڈا داخل نہیں ہوسکیں گے۔ 

تیسرا مرحلہ: PR (مستقل رہائش) کی تصدیقی دستاویز حاصل کرکے کینیڈا پہنچیں

(بذریعہ کاغذات درخواست جمع کروانے کے مرحلہ نمبر 6 کو دیکھیں)

COPR اور ویزہ ملنے کے بعد آپ کو کینیڈا سیٹل ہونے کی تیاری کا آغاز کردینا چاہیئے۔ اس عمل کے 2 مراحل ہیں:

کینیڈا آنے سے پہلے: سیٹلمنٹ ایجنسیاں کینیڈا کے طرز زندگی اور روزگار کے مواقع سے متعلق آپ کی رہنمائی کرسکتی ہیں۔ ان سے ضرور رابطہ کریں۔ اپنی ڈگری، سرٹیفکیٹس اور دیگر ضروری دستاویزات کی تصدیق کروانا نہ بھولیں۔ مختلف ویب سائٹس اور دیگر آن لائن ذرائع سے کینیڈا کے کلچر، یہاں روزگار حاصل کرنے کے طریقوں اور دیگر اہم امور کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کریں۔

کینیڈا پہنچنے کے بعد: اپنے علاقے کی امیگرنٹ سروسز سے رابطہ کریں جو آپ کو یہاں سیٹل ہوکر نیا طرز زندگی اپنانے میں مدد فراہم کرسکتی ہیں۔ مناسب رہائش کا انتظام کرنے کے بعد آپ کینیڈا میں نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔ 

کینیڈا کیلئے سامان پیک کرتے ہوئے محتاط رہیں۔ کچھ چیزیں یہاں قانونی طور پر لائی جاسکتی ہیں اور بعض وہ چیزیں بھی غیرقانونی ہوسکتی ہیں جنہیں آپ نادانستگی میں ساتھ لے آئیں۔ قانونی اور ممنوعہ اشیاء کے بارے میں جاننے کیلئے کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی کی ویب سائٹ ملاحظہ فرمائیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے پاس 10 ہزار کینیڈین ڈالرز (یا مساوی مالیت کی کوئی بھی کرنسی) سے زائد رقم ہے تو کینیڈا پہنچنے پر امیگریشن آفیسر کو ضرور بتائیں۔ چھپائی ہوئی رقم اگر پکڑی گئی تو اسے ضبط کرکے آپ پر جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔

ممکن ہے کہ PNP امیگریشن کا عمل آپ کو بہت پیچیدہ معلوم ہو کیونکہ اس کے بہت سے مراحل ہیں۔ تاہم اگر آپ حکومت کی تجویز کردہ ہدایات پر عمل اور مجاز امیگریشن نمائندوں سے رہنمائی حاصل کریں تو آپ کا کینیڈا جانے کا خواب پورا ہوسکتا ہے!

ممکن ہے کہ پہلی نظر میں ایکسپریس انٹری کا طریقہ کار آپ کو کافی پیچیدہ معلوم ہو۔ کینیڈین حکومت کے ذرائع اور منظور شدہ قابل امیگریشن کنسلٹنٹ کی رائے آپ کے کینیڈا جانے کے خواب کو سچ کرنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

ذرائع معلومات: گورنمنٹ آف کینیڈا

یہ مضمون صرف عمومی معلومات پیش کرتا ہے نہ کہ قانونی، مالی یا دیگر پیشہ ورانہ امور پر مشورہ۔ قاری اپنی مخصوص صورتحال کے بارے میں پیشہ ور مشیر سے مشورہ کرے۔ اگرچہ پیش کردہ معلومات حقائق پر مبنی اور اپ ڈیٹڈ ہیں لیکن اس کی درستگی کی ضمانت نہیں ہے اور اسے زیر بحث مضامین کا مکمل تجزیہ نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ اس میں بیان کردہ معلومات حکومت کینیڈا اور محتلف ویب سائٹس سے لی گئیں ہیں جو کہ کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتی ہیں۔

تحقیق و تحریر: محمد عمران سعید، سلطان کیانی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button