کینیڈین طرز زندگی اپنانے کیلئے 10 بہترین تجاویز
اگر آپ پہلی مرتبہ کینیڈا آئے ہیں تو ممکن ہے کہ آپ یہاں کے کلچر کو نہ جانتے ہوں۔ ایسے میں اس نئے ماحول اور کلچر کو اپنانا ذرا مشکل ہوسکتا ہے۔ اس آرٹیکل میں ہم نے کچھ ایسی تجاویز شیئر کی ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے آپ کو کینیڈین طرز زندگی اپنانے میں کافی مدد ملے گی۔
1۔ وقت کی پابندی کریں
کینیڈا میں وقت کی پابندی کرنا احترام کی علامت ہے۔ یہاں ہر کوئی نجی، دفتری اور سماجی میٹنگز میں وقت پر پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ اگر آپ لیٹ ہوجاتے ہیں تو لوگوں کو یہ گمان ہونے لگتا ہے کہ شائد آپ کے ساتھ کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش آیا ہے یا پھر آپ اس میٹنگ میں آنا ہی بھول گئے ہیں۔ کسی کو ٹائم دے کر دیر سے پہنچنا بدتمیزی کے زمرے میں آتا ہے۔ لہذا یہ بہت ضروری ہے کہ اگر آپ کسی وجہ سے نہیں آسکتے یا لیٹ ہورہے ہیں تو جتنا جلد ہوسکے، میزبان یا میٹنگ انچارج وغیرہ کو اپنی آمد میں تاخیر سے لازمی آگاہ کریں۔
2۔ خوش اخلاقی سے پیش آئیں
کینیڈا کے لوگ بہت خوش اخلاق ہیں۔ وہ اکثر حسب موقع “Sorry”، “Thank You” اور “Excuse Me” جیسے الفاظ بول کر مہذب ہونے کا اظہار کرتے ہیں۔ یہاں خوش اخلاقی کو بہت اہمیت دی جاتی ہے اور اجنبی لوگوں سے بھی یہ توقع رکھی جاتی ہے کہ وہ دوسروں سے شائستگی اپنائیں۔ تاہم خیال رہے کہ ضروری نہیں خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرنے والا ہر اجنبی آپ سے دوستی کرنا چاہتا ہو۔ یہ تو وہاں کا رواج ہے۔
3۔ پروفیشنل لوگوں سے تعلقات بنائیں
اپنے شعبے کے کامیاب لوگوں سے تعلقات بنانے کو "پروفیشنل نیٹ ورکنگ” کہتے ہیں۔ پوری دنیا سے باصلاحیت لوگ بہتر روزگار کیلئے کینیڈا آتے ہیں۔ اکثر امیدوار بہترین قابلیت، پیشہ وارانہ مہارت اور پرکشش شخصیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اسی لئے کینیڈا مختلف کلچرز سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ایک ملک ہے جہاں مقابلے کی بنیاد پر روزگار ملتا ہے۔
نیٹ ورکنگ سے آپ کو "پوشیدہ (ہڈن) جاب مارکیٹ” کے مواقع حاصل ہوتے ہیں اور اس سے پروفیشنل ریفرنس بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ ایسا کرنے سے آپ ایک بہتر پوزیشن پر آجاتے ہیں جہاں کامیابی کے امکانات روشن ہوتے ہیں۔ "پوشیدہ (ہڈن) جاب مارکیٹ” وہ ملازمتیں ہیں جن پر اشتہارات دیئے بغیر ہی ملازم بھرتی کرلئے جاتے ہیں۔ یہ ملازمتیں اس ادارے کے ملازمین وغیرہ کی سفارش پر ان قابل لوگوں کو مل جاتی ہیں جو ان (کمپنی ملازمین) کے پروفیشنل نیٹ ورک کا حصہ ہوتے ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق 65 سے 85 فیصد ملازمتوں کے آن لائن اشتہارات پوسٹ نہیں کئے جاتے اور تقریباً 40 فیصد آسامیوں پر ریفرنس کے ذریعے ملازمین بھرتی ہوتے ہیں۔ اس لئے کینیڈا میں مضبوط پروفیشنل نیٹ ورک بنانا روزگار تلاش کرنے میں بہت معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
تجویز: پروفیشنل نیٹ ورکنگ کیلئے کسی سے تعلق بنانے کا آغاز رسمی گفتگو سے کریں۔ انہیں اپنے کیریئر، تعلیمی قابلیت وغیرہ کے بارے میں بتائیں اور ان سے بھی ان کے کیریئر کے بارے پوچھیں۔
4۔ کینیڈین لوگوں سے دوستی کیسے کریں؟
کینیڈین کسی میٹنگ کے دوران یا کافی پیتے ہوئے بات چیت کرنے کے عادی ہیں۔ اس لئے آپ بلاہچکچاہٹ ان سے رسمی گپ شپ کرسکتے ہیں، یہ کینیڈین کلچر کا حصہ ہے۔ آپ موسم کے بارے میں بات کرسکتے ہیں، اپنے مشاغل کے بارے خیالات کا اظہار کریں، اپنا ویک اینڈ کیسے گزارتے ہیں، کام کے علاوہ آپ کی کیا مصروفیات ہیں ، کھانا پینا، سفر یا پھر کھیل کے بارے بات چیت کرنے میں کوئی برائی نہیں۔ تاہم اجنبی افرادسے یا ان نئے دوستوں سے جنہیں آپ اچھی طرح نہیں جانتے، حساس موضوعات پر گفتگو سے گریز کرنا چاہیئے۔ مذہب، سیاست، کسی کی جسمانی ساخت، آمدنی یا عمر وغیرہ پوچھنے سے گریز کریں۔
5۔ سیٹلمنٹ سروسز سے مدد حاصل کریں
کینیڈا میں سیٹلمنٹ سروس ایجنسیاں کام کرتی ہیں جو نئے امیگرنٹس کو یہاں آباد ہونے کیلئے مناسب مدد اور رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ یہ آپ کو کینیڈا پہنچنے سے پہلے اور وہاں پہنچنے کے بعد، دونوں طرح سے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ کینیڈین حکومت ان ایجنسیوں کی کی مکمل یا جزوی مالی مدد کرتی ہے تاکہ وہاں پہنچنے والے تارکین وطن کو کینیڈین معاشرے میں سیٹل کیا جاسکے۔ سیٹلمنٹ سروسز رہائش، تعلیم، روزگار، صحت، امیگریشن، اور دیگر سہولیات کے حصول میں نئے تارکین وطن کی رہنمائی کرتی ہیں۔ جب آپ یہ سروس استعمال کرتے ہیں تو آپ کو سیٹلمنٹ ورکر کی خدمات فراہم کی جائیں گی جو آپ کو کینیڈا میں آبادکاری کیلئے سپورٹ فراہم کرے گا۔
تجویز: IRCC کی ویب سائٹ پر مختلف علاقوں کی سیٹلمنٹ ایجنسیوں کی لسٹ موجود ہے۔ آپ اپنے علاقے کے مطابق ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
کینیڈا آنے سے پہلے بھی آپ کچھ سیٹلمنٹ ایجنسیوں سے مدد مانگ سکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے وہاں پہنچ کر آپ کیلئے کینیڈین طرز زندگی اپنانا آسان ہوگا۔
6۔ رضاکار بنیں
رضاکاری کینیڈین کلچر کا بہت اہم حصہ ہے۔ یہاں شروع سے ہی بچوں کو رضاکار بننے کی ترغیب دی جاتی ہے اور ہائی سکول کے طلباء کیلئے رضاکارانہ خدمات کی فراہمی لازمی قرار دی گئی ہے۔ کینیڈین شہری فارغ اوقات میں اپنا ہُنر اور قابلیت مختلف سماجی فلاحی تنظیموں کیلئے وقف کرتے ہیں۔ ان میں خیراتی ادارے، این جی اوز، سیاسی جماعتیں اور نوجوانوں کے گروپ وغیرہ شامل ہیں۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 2013 میں 15 سال سے زائد عمر کے 44 فیصد کینیڈین شہریوں نے مختلف رضاکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
رضاکارانہ کام کا مطلب کسی دوسرے شخص، تنظیم یا نیک مقصد کیلئے بلامعاوضہ خدمات فراہم کرنا ہے۔ ایسا کرنے سے نہ صرف دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا ہوتی ہیں بلکہ رضاکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے سے آپ کو بھی مندرجہ ذیل فوائد حاصل ہوسکتے ہیں:
- نیٹ ورکنگ کے مواقع: کینیڈا آمد کے آغاز پر ممکن ہے کہ آپ زیادہ لوگوں کو نہ جانتے ہوں۔ رضاکار بننا آپ کو اپنے ہم خیال افراد سے تعلقات بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے جس سے آپ کو دوست بنانے میں آسانی ہوگی۔
- کینیڈین تجربے کا حصول: آپ کو اپنی پسندیدہ ملازمت ملنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ اس دوران رضاکارانہ کام کرنے سے آپ کو کینیڈا میں کام کا تجربہ حاصل ہوگا جس سے ملازمت کا حصول نسبتاً آسان ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ جس کمپنی کیلئے آپ نے رضاکارانہ کام کیا ہے، آپ ان سے اپنے لئے پروفیشنل ریفرنس لیٹر کی درخواست کرسکتے ہیں جو ملازمت کی درخواستیں دیتے ہوئے آپ کے کام آئے گا۔ رضاکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے سے آپ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور انگریزی زبان بہتر کرنے کیلئے بھی یہ ایک اچھا موقع ہے۔
- کینیڈین معاشرے کا حصہ بننا: روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ غیر روائتی تنظیموں جیسے بچوں کے سکول یا پارک وغیرہ میں رضاکارانہ سرگرمیوں کا حصہ بننے سے آپ کو مختلف لوگوں سے ملنے کا موقع بھی ملتا ہے جس سے آپ کیلئے کینیڈین طرز زندگی اپنانا آسان ہوجاتا ہے۔
7۔ کینیڈین کلچر کے بارے میں سیکھیں
کینیڈا مختلف ثقافتوں اور ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ملک ہے۔ ہر قسم کی روایات، عقائد، زبانوں اور ثقافت سے تعلق رکھنے افراد یہاں ایک ساتھ رہتے ہیں۔ دوسروں کے کلچرز کو سمجھ کر ان کے ساتھ خوشگوار ماحول میں رہنے کی ہرممکن کوشش کرنا کینیڈین طرز زندگی کو اپنانے کا ایک بہت اہم حصہ ہے۔
مثبت رویہ اور کھلا ذہن رکھنا اس مقصد کیلئے بہت ضروری ہے۔ یاد رکھیں! کینیڈا میں ہر شخص کو اس کی جنس، پیشے، نسل، مذہب یا جنسی رجحان کی تفریق کے بغیر یکساں عزت دی جاتی ہے۔ لہذا دوسروں سے گفتگو کے دوران روائتی دقیانوسی سوچ یا تعصب کا مظاہرہ ہرگز نہ کریں۔
دوسروں کی نجی زندگی کا احترام کریں: کینیڈین لوگ اپنی پرائیویسی کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ کسی سے اس کی آمدنی، نجی زندگی، وزن، مذہبی اور سیاسی نظریات کے بارے میں پوچھنے سے گریز کریں۔ بات کرتے ہوئے دوسرے کو اچانک ٹوکنا، بے وجہ بولنا یا بلند آواز میں بات کرنا بدتہذیبی کے دائرے میں آتا ہے۔ اور کسی کی کوئی چیز استعمال کرنے سے پہلے مالک سے ضرور پوچھیں۔ بنا بتائے دوسروں کی چیزیں استعمال کرنا بھی بدتمیزی ہے۔
کینیڈا میں الرجی کا مسئلہ عام ہے: مختلف اقسام کی الرجی کینیڈا میں عام ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ہر13 میں سے ایک کینیڈین شہری کسی نہ کسی چیز سے الرجک ہے۔ ان میں شیل فش، مونگ پھلی، دودھ، مچھلی، انڈہ اور سویا وغیرہ شامل ہوسکتے ہیں۔ لہذا کسی کو کھانا دینے سے پہلے احتیاطاً اس سے یہ ضرور پوچھیں کہ وہ کھانے میں موجود اجزاء سے الرجک تو نہیں۔ بہت تیز خوشبو والے پرفیوم، باڈی سپرے اور ایئر فریشنر استعمال کرنے سے بھی گریز کریں کیونکہ بعض لوگوں کو سانس کی الرجی ہوتی ہے اور تیز خوشبو سے ان کی طبیعت خراب ہوسکتی ہے۔
8۔ ٹپ دینا کینیڈین کلچر کا حصہ ہے
یہاں مختلف سروس فراہم کرنے والے ملازمین کو سروس چارجز کے علاوہ ٹپ دینا کلچر کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔ ان ملازمین کو خدمات کے بدلے انعام کے طور پر کچھ رقم دی جاتی ہے اور ایسا نہ کرنے کو بدتہذیبی میں شمار کیا جاتا ہے۔ چونکہ یہاں ہوٹل ریستوران اور دیگر سروسز کے عملے کی تنخواہیں کافی کم ہوتی ہیں لہذا ان کو ٹپ دینا ضروری ہے۔
کس کو ٹپ دینی چاہیئے؟ ہوٹل اور سیاحت کے شعبوں میں سروس چارجز ادا کرتے ہوئے ٹپ دینا عام ہے۔ ان میں ریستوران کے ویٹرز، کھانا یا دیگر سامان ڈیلیور کرنے والے، ہوٹل سٹاف (جن میں روم سروس، پارکنگ والٹ اور دیگر شامل ہیں)، باربر/حجام، میک اپ بیوٹیشن اور ٹیکسی ڈرائیور (بشمول اوبر/لفٹ) شامل ہیں۔
کاؤنٹر سروس جیسے کافی شاپ، آئس کریم ٹرک یا فاسٹ فوڈ ریستوران وغیرہ جہاں آپ خود آرڈر دے کر کھانا لیتے ہیں، ان کو ٹپ دینا ضروری نہیں سمجھا جاتا۔ ہوسکتا ہے یہاں آپ کو "ٹپ جار” نظر آئیں، اگر آپ ان کی سروس سے مطمئن ہوں تو اس ڈبے میں کچھ رقم ڈال دیں۔
بعض اوقات بل کے اندر ہی ٹپ کی کچھ رقم شامل کردی جاتی ہے جسے آپ کریڈٹ کارڈ سے ادا کرسکتے ہیں۔ ہمیشہ بل ادا کرتے ہوئے دیکھیں تاکہ آپ کو 2 بار ٹپ نہ دینی پڑے۔
9۔ ہر ملازمت کیلئے ایک ہی resume اور کوور لیٹر قابل قبول نہیں
کسی ملازمت کیلئے درخواست دیتے ہوئے ایک صفحے کی کینیڈین طرز کی resume کافی نہیں۔ آپ کو اسے اس ملازمت کی ضروریات اور نوعیت کے مطابق بنانا ہوگا جس کیلئے آپ درخواست دے رہے ہیں۔ اپنی تعلیم، ہُنر، کام کا سابقہ تجربہ اور دیگر معلومات میں سے صرف وہ چیزیں ہائی لائٹ کریں جو اس ملازمت کیلئے ضروری ہیں۔ مثلاً اگر آپ ایک اچھے ریسرچر اور آفس منیجر ہیں اور ریسرچ آفیسر کی آسامی کیلئے درخواست دے رہے ہیں تو اپنے resume میں تعلیمی ریسرچ پراجیکٹس اور اس فیلڈ سے متعلق سابقہ تجربے کو زیادہ اہمیت دیں۔ کسی ملازمت کیلئے درخواست دینے سے پہلے اسے اچھی طرح پڑھ لیں اور اپنے cover letter میں اس کام سے متعلق اپنی تعلیمی قابلیت اور ہُنر وغیرہ کے بارے میں ضرور لکھیں۔ آپ کی resume میں سابقہ ملازمت کے دوران حاصل کی ہوئی کامیابیوں کا ذکر ہونا چاہیئے جیسا کہ اگر آپ نے بطور آفس منیجر نئے ملازمین کی ٹریننگ کی ہے یا کوئی بھی ایسا کام جس سے آفس کی کارکردگی بہتر ہوئی ہو تو اس کا ذکر ہونا چاہیئے۔
اپنی resume میں غیر ضروری تفصیلات لکھنے سے گریز کریں۔ ایسی باتیں آپ انٹرویو کے دوران بتا سکتے ہیں۔ زیادہ تر کمپنیوں کے ہائرنگ منیجر resume پر آپ کی واضح کامیابیاں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک صفحے کی resume اور کوور لیٹر پر کامیابی دکھانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے کچھ یوں لکھیں کہ پراجیکٹ کے دوران کون سا چیلنج درپیش تھا، آپ نے اس سے نمٹنے کیلئے کیا ایکشن لیا اور اس کا نتیجہ کیا نکلا۔
10۔ مخصوص کینیڈین الفاظ سیکھنا
اگر آپ کو بہت اچھی انگریزی آتی ہے تو بھی پہلی مرتبہ کینیڈا آنے کے بعد یہاں کے کچھ مخصوص الفاظ سمجھنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔ مثلاً مقامی شہریوں کو ہر جملے کے آخر میں ‘eh’ بولنے کی عادت ہے۔ اسی طرح روزمرہ بول چال میں کینیڈا والے کچھ دلچسپ الفاظ استعمال کرتے ہیں جو شائد آپ نے پہلے کبھی نہ سنے ہوں:
- ایک (کینیڈین) ڈالر کو Loonie کہا جاتا ہے جبکہ 2 ڈالرز کو Toonie
- Two-Four اصل میں 24 کین کے کریٹ کو کہتے ہیں۔
- پیپسی، کوک، سیون اپ جیسے سوڈا مشروبات کیلئے Pop کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔
- ٹمیز کا مطلب ٹم ہورٹنز ہے
- ڈبل-ڈبل سے مراد دو شوگر اور دو دودھ کے اجزاۓ ترکیبی کے ساتھ بننے والی عام کافی ہے اور یہ صرف ٹم ہورٹنز میں ہی استعمال ہوتا ہے۔
- سگریٹ کو Darts کہتے ہیں (خبردار! تمباکو اور شراب نوشی صحت کیلئے مضر ہے)۔
- رائل کینیڈین ماؤنٹیڈ پولیس کو RCMP کے علاوہ Mounties کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
- کثیرالمنزلہ پارکنگ لاٹ کو Parkade کہتے ہیں۔ کلومیٹر کو Klick/click بھی کہا جاتا ہے –
- 6ix ٹورنٹو کا نک نیم ہے!
- امریکہ میں ٹوائلٹ (لیٹرین) کو Rest Room کہتے ہیں لیکن کینیڈا میں اسے واش روم کہا جاتا ہے۔ یہ تو پاکستانی تارکین وطن کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہوگی کیونکہ ہم بھی اسے واش روم ہی کہتے ہیں۔
جیسے جیسے آپ یہاں رہنے لگیں گے، آپ کا خوش اخلاق رویہ اور تجسس آپ کو کینیڈین ثقافت کو بہتر طور پر سمجھنےمیں مددگار ثابت ہوں گے۔ جہاں کہیں الجھن کا شکار ہوں تو اپنے اردگرد کے لوگوں سے پوچھ کر اسے دور کرلیں۔ صبروتحمل کے ساتھ سیکھنے کی لگن اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہنے سے آپ بہت جلد کینیڈین طرز زندگی اپنانے میں کامیاب ہوں گے۔
تحقیق و تحریر: محمد عمران سعید، سلطان کیانی