پاکستان
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دو مسلح گروپوں میں تصادم کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوگئے
پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل منڈی (بازار) میں دو مسلح گروپوں کے ارکان کا آمنا سامنا ہوا اور تصادم کے باعث فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک شخص کی شناخت عطا اللہ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق اسحٰق گروپ سے تھا جبکہ مزید 2 جاں بحق افراد کا تعلق اختر محمد گروپ سے تھا۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچی تھی۔
خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں کا علاقہ جانی خیل اُس وقت شہ سُرخیوں کی زینت بنا جب گزشتہ سال دو مختلف مواقع پر قبائلیوں نے 4 لڑکوں اور ایک قبائلی سردار کے قتل کے خلاف دھرنا دیا تھا۔