ایکسپریس انٹری کے ذریعے کینیڈا کی مستقل رہائش (PR) حاصل کرنے کا مکمل طریقہ جانئے!
CSR میں امیدواروں کو 1200 تک پوائنٹس دیئے جاتے ہیں جس کے تحت کینیڈین ایکسپریس انٹری پروگرام کے کامیاب امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
ایکسپریس انٹری پروگرام سادہ اور تیز پراسیسنگ ٹائم کی وجہ سے کینیڈین امیگریشن حاصل کرنے کا بے حد مقبول طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ پروگرام ان ہُنر مند افرا دکیلئے بہترین انتخاب ہے جو کہ کینیڈا میں مستقل شہریت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔
ایکسپریس انٹری کے ذریعے مستقل رہائش (PR) کی درخواست دینے کےیہ 5 مراحل ہوتے ہیں:
1۔ جانچ کریں کہ آپ ایکسپریس انٹری کیلئے اہل ہیں یا نہیں
ایکسپریس انٹری کی درخواست کیلئے مندرجہ ذیل 3 اکانومک امیگریشن سکیموں میں سے کسی ایک کیلئے آپ کا اہل ہونا ضروری ہے۔
i۔ (FSW) Federal Skilled Worker Program: ایسے افراد کیلئے جن کے پاس اعلیٰ تعلیم و ہُنر اور کام کا وسیع تجربہ ہے وہ اس پروگرام سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
ii۔ (FSTP) Federal Skilled Trades Program: وہ ہُنرمند لوگ جنہیں بزنس کرنے کا تجربہ ہے-
iii۔ (CEC) Canadian Experience Class: ایسے غیر ملکی تارکین وطن جو کینیڈا میں کم از کم 1 سال کے عرصے سے کام کررہے ہیں۔
2 ۔ اپنا IRCC اکاؤنٹ اور ایکسپریس انٹری پروفائل بنائیں
اگر آپ ایکسپریس انٹری کے کسی پروگرام کے اہل ہیں تو سب سے پہلے آپ کو IRCC کی ویب سائٹ پر جاکر ایک اکاؤنٹ بنانے کے بعد اپنی ایکسپریس انٹری پروفائل جمع کروانی ہوگی تاکہ آپ اس پروگرام کے امیدواروں میں شامل ہوسکیں۔ اس مرحلے میں آپ کو کوئی دستاویزات اپ لوڈ کرنےکی ضرورت پیش نہیں آئے گی ۔ تاہم منتخب ہونے کی صورت میں جب آپ کو PR کی درخواست دینےکی دعوت دی جاتی ہے تو پھر آپ کو اپنی درخواست کے ساتھ ضروری دستاویزات کی کاپیاں اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
ایکسپریس انٹری پروفائل کے لئے مطلوب معلومات!
- پیشہ: آپ کا National Occupational Classification-NOC نمبر۔ یہ کینیڈین حکومت کا سسٹم ہے جسے وہ ہُنر اور پیشہ وارانہ مہارت کے لحاظ سے مختلف ملازمتوں کی درجہ بندی کیلئے استعمال کرتی ہے۔
- تعلیم: Education Credential Assessment رپورٹ۔ ECA آپ کی غیر ملکی ڈگری، ڈپلومہ یا سرٹیفکیٹ کی جانچ کرتی ہے کہ آیا یہ دستاویزات مؤثر اور اس لیول کی کینیڈین ڈگری کےمساوی ہیں یا نہیں۔ ECA کی کئی اقسام ہیں، آپ کو امیگریشن کے مقصد کیلئےECA کی ضرورت پڑے گی۔ اگر آپ کے پاس کسی اور قسم کی ECA رپورٹ ہے تو آپ اسے متعلقہ ادارے سے دوبارہ ایشو کروا سکتے ہیں۔ آپ کو اپنی ایکسپریس انٹری پروفائل میں ECA رپورٹ اور اس کا ریفرنس نمبر درج کرنا ہوگا۔
- زبان میں مہارت کا ثبوت: انگریزی اور فرانسیسی کینیڈا کی 2 سرکاری زبانیں ہیں۔ آپ کو ان میں سے کسی ایک زبان پر عبور حاصل ہونا چاہیئے۔ اس مقصد کیلئے ایک منظور شدہ لینگوئج ٹیسٹ جیسےIELTS پاس کرنا ضروری ہے۔ یہ ٹیسٹ آپ کی (انگریزی ) زبان کی مہارت کا اندازہ لگانے کیلئے لئے جاتے ہیں جس میں بول چال، پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت کا امتحان ہوتا ہے۔پاکستان میں چونکہ انگریزی دفتری زبان ہے تو ہم اسے فرانسیسی پر ترجیح دیتے ہیں۔ IELTS کے علاوہ CELPIP بھی زبان میں مہارت کے ثبوت کے طور پر قابل قبول سمجھا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ درخواست جمع کرواتے وقت آپ کا IELTS ٹیسٹ 2 سال سے زیادہ پرانا نہ ہو۔ اگر آپ کو ٹیسٹ دیئے 2 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے تو پھر آپ کو دوبارہ یہ امتحان پاس کرنا ہوگا
3۔ اپنا CRS اسکور معلوم کریں
کینیڈا پوائنٹس سسٹم کی بنیاد پر ہر امیگریشن درخواست کی درجہ بندی اور جائزہ لیتا ہے۔ پیشہ وارانہ ہُنر، تعلیم، انگریزی زبان میں مہارت اور کام کےتجربے کی بنیاد پر ہر امیدوار کو پوائنٹس دیئے جاتے ہیں۔ آپ CSR ٹول پر چند سوالات کے جوابات دے کر اپنا اسکور معلوم کرسکتے ہیں۔ اس کی بنیاد پر آپ یہ جانچ سکیں گے کہ آپ کا اسکور اہلیت کے کم از کم مطلوبہ پوائنٹس سے کتنا زیادہ ہے۔
CSR میں امیدواروں کو 1200 تک پوائنٹس دیئے جاتے ہیں جس کے تحت کینیڈین ایکسپریس انٹری پروگرام کے کامیاب امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ یہ پوائنٹس مندرجہ ذیل طریقے سے دیئے جاتے ہیں:
- عمر، تعلیم، زبان میں مہارت اور کینیڈا میں کام کے تجربے کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ 500 پوائنٹس مل سکتے ہیں
- ہُنر ومہارت کی منتقلی, غیر ملکی قابلیت، تجربہ، تعلیم اور زبان سمجھنے کی اہلیت وغیرہ کے 100 پوائنٹس
- Provincial Nomination Certificate کے 600 پوائنٹس
- ملازمت کی آفر کے 50 سے 200 تک پوائنٹس جس کیلئے مخصوص شرائط پورا کرنا ہوں گی
4۔ اپنی پروفائل جمع کروائیں
آپ کی ایکسپریس انٹری پروفائل آپ کو امیگریشن کے امیدواروں کی فہرست میں شامل کردیتی ہے۔ آن لائن پروفائل جمع کروانے کے بعد CRS پوائنٹس سسٹم کی بنیاد پر ایکسپریس انٹری پول میں آپ کی درجہ بندی کی جائے گی ۔یہ اسکور آپ کی پروفائل میں فراہم کی گئی معلومات کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ ایکسپریس انٹری پروفائل جمع کروانا PR درخواست جمع کروانے جیسا نہیں۔ کینیڈا جانے کا ہر خواہشمند امیدوار اپنی ایکسپریس انٹری پروفائل تو جمع کروا دیتا ہے لیکن صرف زیادہ پوائنٹس اسکور کرنے والے امیدار وں کو ہی PR درخواست کی دعوت ملتی ہے۔ پروفائلز Candidates Pool میں ایک سال کے عرصے تک رہتی ہیں۔ اس دوران اگر آپ مزید تعلیم، تجربہ، یا کوئی ڈپلومہ/سرٹیفکیٹ وغیرہ حاصل کرتے ہیں تو اسے پروفائل میں ضرور اپ ڈیٹ کریں تاکہ آپ کی رینکنگ بہتر ہوسکے۔ جن کے پاس جاب آفر نہیں وہ کینیڈا جاب بینک پر رجسٹر ہو سکتے ہیں۔ امیدواروں کو چاہیئے کہ وہ مختلف کمپنیوں سے رابطے کرکے جاب آفر حاصل کرنے کی کوشش کریں تاکہ انہیں درخواست کی دعوت دی جائے۔
5۔ دعوت نامہ حاصل کرکے مستقل رہائش (PR) کیلئے درخواست دیں
ہر چند ہفتے بعد ہائی رینک اسکور کرنے والے امیدواروں میں سے کچھ خوش نصیبوں کو منتخب کرکے درخواست دینے کی دعوت دی جاتی ہے۔ یاد رہے دعوت نامہ ملنے کے بعد آپ کو 60 روز کے اندر کینیڈین PR کی درخواست مکمل کرکے جمع کروانا لازمی ہے لہذا آخری روز کا انتظار کئے بغیریہ کام جلد از جلد مکمل کرلینا چاہیئے۔
اس فائنل مرحلے تک پہنچنے کے بعد آپ کو درخواست کیلئے مندرجہ ذیل کاغذات کی ضرورت ہوگی:
- کارآمد پاسپورٹ
- IELTS انگریزی زبان کا ٹیسٹ رزلٹ
- ECA رپورٹ
- کام کے تجربے کے سرٹیفکیٹ
- پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ
- میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ
- فنڈز کا ثبوت (بینک لیٹر وغیرہ)
درخواست جمع کروانے کے بعد اس کی ایک کاپی رکھنی چاہیئے۔ IRCC درخواست نمٹانے میں تقریباً 6 ماہ تک کا عرصہ لگا دیتی ہے۔
ممکن ہے کہ پہلی نظر میں ایکسپریس انٹری کا طریقہ کار آپ کو کافی پیچیدہ معلوم ہو۔ کینیڈین حکومت کے ذرائع اور منظور شدہ قابل امیگریشن کنسلٹنٹ کی رائے آپ کے کینیڈا جانے کے خواب کو سچ کرنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
ذرائع معلومات: گورنمنٹ آف کینیڈا
یہ مضمون صرف عمومی معلومات پیش کرتا ہے نہ کہ قانونی، مالی یا دیگر پیشہ ورانہ امور پر مشورہ۔ قاری اپنی مخصوص صورتحال کے بارے میں پیشہ ور مشیر سے مشورہ کرے۔ اگرچہ پیش کردہ معلومات حقائق پر مبنی اور اپ ڈیٹڈ ہیں لیکن اس کی درستگی کی ضمانت نہیں ہے اور اسے زیر بحث مضامین کا مکمل تجزیہ نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ اس میں بیان کردہ معلومات حکومت کینیڈا اور محتلف ویب سائٹس سے لی گئیں ہیں جو کہ کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتی ہیں۔
تحقیق و تحریر: محمد عمران سعید، سلطان کیانی