فیملی سپانسر شپ کے ذریعے کینیڈا میں مستقل رہائش (PR) حاصل کرنے کا طریقہ
کینیڈین امیگریشن پالیسی وہاں سیٹل تارکین وطن کو اپنی فیملی کینیڈا لانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس پالیسی کے تحت کینیڈا میں مقیم شہری اپنے جیون ساتھی، بچوں، والدین اور ان کے والدین (دادا/دادی، نانا/نانی وغیرہ)، اور بعض صورتوں میں دیگر رشتہ داروں کو کینیڈا بلا کرانہیں وہاں کی مستقل رہائش (PR) حاصل کرنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں۔ زیر نظر مضمون میں کینیڈین فیملی سپانسرشپ سکیم کے بارے میں مرحلہ وار رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔
فیملی سپانسرشپ کیا ہے؟
یہ ایک ایسا امیگریشن پروگرام ہے جس کے تحت آپ کے قریبی رشتہ دار تعلیم یا روزگار کے سلسلے میں کینیڈا آکر وہاں کا مستقل رہائشی پرمٹ (PR) حاصل کرسکتے ہیں۔ضروری کاغذات کے علاوہ درخواست کے ساتھ ایک اقرار نامہ اور سپانسرشپ کا معاہدہ جمع کروانا لازمی ہے۔
اقرارنامہ (Undertaking) کیا ہے؟
اپنے رشتہ دار کا سپانسر بننے کیلئے آپ کو اس بات کا تحریری عہد نامہ جمع کروانا پڑتا ہے کہ آپ کینیڈا میں اس کے تمام اخراجات کی ذمہ داری اٹھائیں گے۔ اسے ایک قانونی کاغذ کی شکل میں درخواست کے ساتھ جمع کروایا جاتا ہے۔ اقرار نامہ سپانسر کو اپنے رشتہ دار سے متعلق مندرجہ ذیل امور کا پابند بناتا ہے:
- آپ شروع سے اس فرد کے تمام مالی اخراجات کی مکمل ذمہ داری قبول کریں گے
- اگر اس دوران آپ کے زیر کفالت شخص نے حکومت سے کوئی سماجی مالی مدد حاصل کی ہے تو آپ اسے واپس لوٹانے کے پابند ہوں گے۔
نوٹ: سپانسر کرنے والا شہری اقرار نامے میں شامل وعدے پورے کرنے کا پابند ہوگا۔ اس دوران اگر اس شخص کا سپانسر سے رشتہ ٹوٹ جائے یا تعلقات خراب ہوجائیں تو بھی اسے معاہدے کو پورا کرنا ہوگا۔ اگر اس سپانسرشپ میں کسی اور شخص کے دستخط موجود ہیں تو وہ بھی معاہدے کا ذمہ دار ہوگا۔ اگر سپانسر قرض کی رقم ادا کرنے میں ناکام ہوجاتا ہے تو اقرار نامے پر دستخط کرنے والے شریک سپانسر سے اس رقم کا تقاضہ کیا جاسکتا ہے۔
سپانسرشپ کا معاہدہ کیا ہوتا ہے؟
آپ اور آپ کی فیملی کواس عرصے میں کچھ ذمہ داریاں قبول کرنا ہوتی ہیں جسے سپانسرشپ کا معاہدہ (Sponsorship agreement) کہتے ہیں۔ اس معاہدے میں آپ مندرجہ ذیل شرائط سے اتفاق کرتے ہیں:
- آپ اپنے سپانسر شدہ فیملی ممبر کی بنیادی ضروریات کے ذمہ دار ہوں گے
- جس شخص کو سپانسر کیا گیا ہے، وہ بھی خود کفیل بن کر اپنے خاندان کو سپورٹ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔
نوٹ: سپانسر اور امیدوار، دونوں کو ہی اس معاہدے پر دستخط کرنا ہوتے ہیں۔ سپانسرشپ معاہدہ سائن کرنے سے پہلے اس میں درج شرائط و ضوابط کو ضرور پڑھ لیں تاکہ آپ کو اپنی ذمہ داریاں اور دونوں فریقین کے حقوق اچھی طرح معلوم ہوں۔
فیملی سپانسرشپ کیلئےدرخواست دینے کا مکمل طریقہ
نمبر1: کیا آپ سپانسر بن سکتے ہیں؟ سب سے پہلے اپنی اہلیت معلوم کریں
کینیڈا میں مقیم 18 سال سے زائد عمر افراد کو IRCC اپنے قریبی رشتہ داروں کو سپانسر کرنے کی اجازت دیتی ہے بشرطیکہ وہ:
- کینیڈین شہری ہوں، یا
- کینیڈین انڈین ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہوں ، یا
- کینیڈا میں مستقل رہائشی پرمٹ (PR) رکھتے ہوں
اپنے شریک حیات یا بچوں کو سپانسر کرنا
بحیثیت سپانسر آپ اپنے ساتھی اور بچوں کو خوراک، رہائش اور کپڑوں جیسی بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کے پابند ہوں گے، ان کے تمام مالی اخراجات اٹھانے کی ذمہ داری بھی آپ پر عائد ہوگی۔ اس کے علاوہ آپ ان کیلئے ماسوائے معذوری، حکومت سے کوئی سماجی مدد طلب نہیں کریں گے۔
نوٹ: بیوی/شوہر اور بچوں کو سپانسر کرنے کیلئے عام طور پر مخصوص آمدنی کی کوئی شرط نہیں۔ مندرجہ ذیل صورتوں میں آپ کو صرف یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ آپ کے پاس ان کو سپورٹ کرنے کیلئے مناسب رقم موجود ہے جب:
- آپ کی (شادی شدہ) اولاد جسے آپ سپانسر کررہے ہیں، اس کےاپنے زیر کفالت بھی کوئی ایک یا زائد بچے ہوں
- آپ جس شریک حیات کو سپانسر کررہے ہیں، اس کی اولاد کےاپنے زیر کفالت بھی کوئی ایک یا زائد بچے ہوں۔
اپنے والدین یا ان کے والدین (دادا/دادی، نانا/نانی)کو سپانسر کرنا
بحیثیت سپانسر لازم ہے کہ آپ کے پاس اتنی رقم ہونی چاہیئے جو سپانسر شدہ فرد/افراد کو سپورٹ کرسکے۔ یہ ثابت کرنے کیلئے آپ کو گزشتہ 3 مالی سالوں کی آمدنی کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔
دیگر رشتہ داروں کو سپانسر کرنا
مندرجہ بالا شرائط پوری کرنے کے علاوہ آپ کو ان شرائط سے بھی اتفاق کرنا ہوگا:
- آپ اپنے رشتہ دار کو PR حاصل کرنے سے لے کر اگلے 20 سال تک سپورٹ کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ اس ذمہ داری کی مدت دستخط شدہ معاہدے پر منحصر ہے
- آپ اپنی اور سپانسر شدہ رشتہ دار کی روٹی کپڑا مکان جیسی تمام بنیادی ضروریات زندگی کو پورا کرنے کے ذمہ دار ہوں گے
- اس دوران اگر آپ کا وہ رشتہ دار حکومت سے مالی مدد طلب کرتا ہے تو قانونی طور پر آپ اسے واپس لوٹانے کے پابند ہوں گے
نوٹ: کیوبیک کی سپانسرشپ شرائط ذرا مختلف ہیں۔ اگر آپ وہاں رہتے ہیں تو آپ کو کیوبیک صوبے کا اقرار نامہ بھی سائن کرنا پڑے گا۔ یہاں کی وزارت امیگریشن آپ کی آمدنی کا جائزہ لے کر سپانسرشپ گرانٹ کرنے کا فیصلہ کرتی ہے۔
نمبر 2: آپ کن افراد کو سپانسر کرسکتے ہیں
کینیڈین امیگریشن قوانین کے مطابق آپ مندرجہ ذیل عزیز و اقارب کو سپانسر کرسکتے ہیں:
- میاں یا بیوی
- زیر کفالت بچے /اولاد
- والدین اور ان کے والدین
- مخصوص صورتحال میں دیگر رشتہ دار جیسے بہن بھائی، آنٹی یا انکل وغیرہ
نوٹ: گود لئے ہوئے بچوں یا آپ کے شریک حیات کے ان بچوں کو جو آپ کی اولاد نہیں کی باریک بینی سے جانچ کی جاتی ہے کہ یہ بچے واقعی آپ کے زیر کفالت ہیں یا محض امیگریشن فوائد کیلئے انہیں اپنی اولاد ظاہر کرکے فیملی سپانسرشپ کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ ایسی مشکوک فیملی سپانسر شپ درخواستیں مسترد ہوجاتی ہیں۔
نمبر 3: درخواست دینا
اپنے خاندان کے فرد کو سپانسر کرنے اور انہیں PR سٹیٹس دلوانے کی درخواستیں ایک ساتھ جمع کروائی جاتی ہیں۔ اگر آپ فیملی سپانسرشپ کے اہل قرار پاتے ہیں تو مستقل رہائش (PR) کی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا۔
اپنے شریک حیات یا بچے کو سپانسر کرنے کیلئے درخواست دینے کا طریقہ :
- ہدایت نامے میں درج طریقہ کار اور دیگر ہدایات کو بغور پڑھیں تاکہ آپ کی درخواست میں کوئی غلطی نہ ہو
- ایپلی کیشن پیکیج میں موجود تمام فارم وغیرہ بھریں اور دستخط کرنے کے بعد ضروری کاغذات کے ساتھ درخواست جمع کروا دیں
نوٹ: سپانسرشپ فارمز میں اکثر چھوٹی بڑی تبدیلیا ں ہوتی رہتی ہیں۔ لہذا اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے بالکل نیا ترمیم شدہ فارم جمع کروایا ہے۔ اگر آپ اپنے اس شریک حیات کو سپانسر کرکے PR دلوانا چاہتے ہیں جو پہلے سے ہی کینیڈا میں موجود ہے تو آپ ان لینڈ سپانسرشپ ایپلی کیشن جمع کروانے کے اہل ہیں۔ یہ درخواست آپ کے سپانسر شدہ شریک حیات کو اوپن ورک پرمٹ حاصل کرنے کیلئے مدد فراہم کر سکتی ہے جو کہ عام طور پرسپانسر شپ کی درخواست مکمل ہونے سے پہلے ہی جاری کردیا جاتا ہے۔
اپنے والدین یا ان کے والدین کو سپانسر کرنے کیلئے درخواست دینے کا طریقہ
پیرنٹ/گرینڈ پیرنٹ سپانسرشپ پروگرام (PGP) سالانہ کوٹے کے تحت چلتا ہے جہاں ڈیمانڈ زیادہ مگر کوٹہ کم ہے۔ ماضی میں IRCC مختلف طریقوں سے یہ فیصلہ کرتی رہی ہے کہ کون کون PGP میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ ان طریقوں میں "پہلے آئیے، پہلے پائیے” اور لاٹری سسٹم شامل تھے۔
نوٹ: اگر آپ کے والدین اور ان کے والدین جیسے نانا/نانی، دادا/دادی اکٹھے کینیڈا آنا چاہ رہے ہیں تو اس کیلئے "سپر ویزا” ایک اچھا آپشن ہوسکتا ہے۔یہ ویزہ آپ کے والدین اور بزرگوں کو ایک وقت میں 2 سال تک کینیڈا رہنے کی اجازت دیتا ہے۔
دیگر رشتہ داروں کو سپانسر کرنے کیلئے درخواست دینے کا طریقہ
پیکیج میں موجود ہدایات کو بغور پڑھ کر درخواست فارم بھریں کیونکہ سپانسر شپ ایپلی کیشن فیس ناقابل واپسی ہے۔ درخواست فارم جمع کروانے سے پہلے مندرجہ ذیل باتوں کو یقینی بنائیں کہ آپ نے:
- اپنے تمام فیملی ممبرز کی فہرست فراہم کی ہے
- درخواست فارم میں موجود درج معلومات بالکل درست ہے
- آپ کی درخواست اور مطلوبہ کاغذات مکمل ہیں
نمبر 4: درخواست فیس ادا کریں
فیملی سپانسرشپ درخواست کی فیسیں (علاوہ بائیومیٹرک فیس)
شریک حیات یا کسی دوسرے بالغ رشتہ دار کی سپانسرشپ فیس 1050 کینیڈین ڈالرز سے شروع ہوتی ہے جبکہ 18 سال سے کم عمر بچوں کیلئے فی کس 150 ڈالرز ادا کرنا ہوتے ہیں۔ عام طور پر ان چارجز میں تمام پروسیسنگ فیس ، مستقل رہائش کے حق کی 500 ڈالرز کی فیس اور بائیومیٹرک فیس شامل ہوتی ہے۔ آپ کو تمام فیسوں کی ادائیگی آن لائن کرنا ہوگی جس کی ادائیگی کی رسیدیں سپانسرشپ ایپلی کیشن کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہیں۔
ان سب کے علاوہ بعض صورتوں میں کچھ دیگر اخراجات بھی ادا کرنے پڑ سکتے ہیں جن میں میڈیکل ٹیسٹ، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ اور ان کاغذات کے ترجمے کی فیس جو کہ انگریزی یا فرانسیسی زبان میں نہیں ہیں مثلاً اردو زبان میں بنا ہوا نکاح نامہ وغیرہ۔ ایپلی کیشن پیکیج کے ساتھ موجود رہنما گائیڈ پڑھ کر آپ تمام لاگو فیسیں ادا کرنے کے بارے میں جان لیں گے۔
نمبر 5: درخواست فارم جمع کروائیں
IRCC درخواست دہندہ کے سپانسرشپ کیلئے اہل ہونے کا جائزہ لیتی ہے ۔ اگر سپانسر اس کا اہل قرار پاتا ہے تو سپانسر کئے جانے والے رشتہ داروں کے PR سٹیٹس کی درخواست کو نمٹایا جاتا ہے۔ درخواست جمع کروانے کیلئے IRCC کے دفاتر کے پتے ایپلی کیشن پیکیج کے رہنما کتابچے میں درج ہیں۔ آپ مکمل شدہ درخواست فارم کو ضروری کاغذات کے ساتھ بذریعہ ریگولر ڈاک یا پرائیویٹ کوریئر سروس مطلوبہ دفاتر میں بھیج سکتے ہیں تاکہ آپ کی درخواست زیر غور لائی جاسکے۔ پرائیویٹ کوریئر سروس اگرچہ ذرا مہنگی ہے مگر اس کے ذریعے آپ اس پیکیج کا ڈیلیوری سٹیٹس آن لائن معلوم کرسکیں گے۔
IRCC درخواست فارم ملتے ہی آپ کو ایپلی کیشن نمبر اور درخواست وصولی کی رسید ارسال کرے گی۔ اگر آپ کو بطور سپانسر منظوری مل جاتی ہے تو امیگریشن آفس اس رشتہ دار کی اہلیت جانچنے کا عمل شروع کرے گا جسے آپ سپانسر کرکے کینیڈا بلانا چاہ رہے ہیں۔
اگر آپ کی سپانسرشپ کی درخواست مسترد ہوجاتی ہے تو آپ کے پاس یہ 2 آپشن موجود ہیں
- آپ IRCC کو اپنی فیملی ممبرز کے PR کی درخواست پر عمل جاری رکھنے کا کہہ سکتے ہیں، یا
- اپنی درخواست واپس لے لیں۔ اس صورت میں 75 کینیڈین ڈالرز سپانسرشپ فیس کے علاوہ باقی تمام فیسیں واپس لی جاسکتی ہیں
ایپلی کیشن پراسس کے دوران آپ کے مجوزہ سپانسر شدہ افراد کو مندرجہ ذیل ہدایات دی جائیں گی
- بائیومیٹرکس: درخواست پر عمل کے دوران آپ کے رشتہ داروں کو ایک خط بھیجا جائے گا جس میں انہیں بائیومیٹرکس فراہم کرنے کی ہدایت ہوگی۔ یہ خط جاری ہونے کے 30 روز کے اندر انہیں مخصوص کولیکشن پوائنٹ پر جاکر یہ عمل مکمل کرنا ہوگا۔ بائیومیٹرک فیس درخواست جمع کرواتے وقت ادا کردینی چاہیئے۔
- میڈیکل فٹنس ٹیسٹ
- پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ
نوٹ: خیال رہے کہ درخواست فارم پر اپنے زیر کفالت خاندان کے تمام افراد کے بارے میں بتانا ضروری ہے ۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو کینیڈا منتقل نہیں ہونا چاہتے۔ ایسے فیملی ممبرز جنہیں درخواست فارم میں ظاہر نہیں کیا گیا اور جن کا IRCC کی منظور شدہ لیب سے میڈیکل ٹیسٹ نہیں ہوا اور پولیس سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کیا گیا، انہیں مستقبل میں آپ کبھی بھی س کینیڈا کیلئے سپانسر نہیں کرپائیں گے۔
جیسے ہی آپ کے رشتہ داروں کی PR درخواست منظور ہوجاتی ہے، انہیں مندرجہ ذیل دستاویزات جمع کروانے کو کہا جائے گا
- پاسپورٹ یا اس کی فوٹوکاپیاں
- PR کیلئے 2 عدد تصاویر
- مستقل رہائش کے حق کی فیس ادائیگی کی رسید (اگر یہ فیس درخواست جمع کرواتے ہوئے ادا نہیں کی گئی)
نمبر 6: مستقل رہائش کی تصدیق COPR حاصل کریں
5ویں مرحلے کو کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد IRCC آپ کے سپانسر شدہ رشتہ داروں کو مندرجہ ذیل دستاویزات بھیجے گی:
- مستقل رہائش کی تصدیق (COPR)
- پاسپورٹ پر لگا مستقل رہائشی ویزہ (PR Visa) تاکہ وہ کینیڈا داخل ہوسکیں
یہ 2 دستاویزات ملتے ہی آپ کے رشتہ دار کینیڈا منتقل ہوسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ انہیں PR ویزہ اور COPR پر درج آخری تاریخ سے پہلے لازمی کینیڈا آکر لینڈنگ پراسیس مکمل کرنا ہوگا۔
فیملی سپانسرشپ ویزہ کتنے عرصے میں ملتا ہے؟
عام طور پر شریک حیات کیلئے سپانسرشپ درخواست پر عمل کا دورانیہ 12 مہینے، اور والدین یا ان کے والدین کیلئے 20 سے 24 ماہ ہوتا ہے جبکہ بچوں اور دیگر رشتہ داروں کیلئے اس کی مدت ہر ملک کیلئے مختلف ہوتی ہے۔
نوٹ: پیچیدہ نوعیت کی درخواستوں پر عمل کرنے میں کافی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔اگر آپ کو فیملی سپانسرشپ کی درخواست جمع کروائے اس نارمل ٹائم سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے تو آپ IRCC سے ان کے ویب فارم کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں۔
نمبر 7: کینیڈا میں سیٹل ہونے کی تیاری کریں
ویزہ اور COPR ملنے کے بعد آپ کے سپانسر شدہ رشتہ داروں کو کینیڈا سیٹل ہونے کی تیاریاں شروع کردینی چاہیئں۔ سفر سے پہلے انہیں کینیڈین کلچر کے بارے میں جاننا چاہیئے، اپنی تعلیمی اسناد اور دیگر ضروری دستاویزات کی تصدیق کروا لینی چاہیئے ۔ سابقہ کام کے تجربے کے سرٹیفکیٹس بھی حاصل کرلیں اور ایک پروفیشنل resume بنا لیں جو کینیڈا میں روزگار کی تلاش کیلئے معاون ہو۔ سپانسر شدہ شخص کو کینیڈا کے نیٹ ورکنگ کلچر کے بارے میں بھی ضرور جاننا چاہیئے جس سے بہتر روزگار کے مواقع ملتے ہیں۔
کینیڈا پہنچتے ہی ایئرپورٹ پر بارڈر سروس آفیسر آپ کے رشتہ دار سے ، COPR، پاسپورٹ اور PR ویزہ طلب کرے گا۔ آفیسر اس بات کی تصدیق کرے گا کہ COPR ایکسپائر نہیں ہوا اور اس رشتہ دار سے درخواست فارم میں فراہم کی گئی معلومات پوچھے گا۔ آفیسر کو مطمئن کرنے کے بعد آپ کو کینیڈین سرزمین پر داخلے کی اجازت مل جاتی ہے۔ یہاں آپ کو اپنا پتہ بھی بتانا ہوگا جس پر آپ کا PR کارڈ بذریعہ ڈاک ارسال کیا جانا ہے۔ یاد رہے آپ کو PR کارڈ کیلئے الگ سے درخواست نہیں دینا پڑتی۔ یہ کارڈ آپ کے کینیڈین ایڈریس پر بھیج دیا جاتا ہے جس کی درخواست امیگریشن آفیسر خود جمع کرواتا ہے۔
کون سی چیزیں کینیڈا میں قانونی طور پر لائی جاسکتی ہیں؟
کینیڈا کیلئے سامان پیک کرتے ہوئے محتاط رہیں۔ کچھ چیزیں یہاں قانونی طور پر لائی جاسکتی ہیں اور بعض وہ چیزیں بھی غیرقانونی ہوسکتی ہیں جنہیں آپ نادانستگی میں ساتھ لے آئیں۔ قانونی اور ممنوعہ اشیاء کے بارے میں جاننے کیلئے کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی کی ویب سائٹ ملاحظہ فرمائیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے پاس 10 ہزار کینیڈین ڈالرز (یا مساوی مالیت کی کوئی بھی کرنسی) سے زائد رقم ہے تو کینیڈا پہنچنے پر امیگریشن آفیسر کو ضرور بتائیں۔ چھپائی ہوئی رقم اگر پکڑی گئی تو اسے ضبط کرکے آپ پر جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔
اگرچہ فیملی سپانسرشپ ، ایکسپریس انٹری جیسے امیگریشن پروگرامز سے زیادہ پیچیدہ معلوم ہوتا ہے لیکن درست معلومات، مناسب رہنمائی اور قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے آپ اپنے عزیزوں کو سپانسر کرنے کی درخواست جمع کروا سکیں گے۔ اگر آپ کو کوئی بات سمجھ نہ آئے تو امیگریشن کنسلٹنٹ یا ماہر قانون دان سے مشورہ کریں۔
ذرائع معلومات: گورنمنٹ آف کینیڈا
یہ مضمون صرف عمومی معلومات پیش کرتا ہے نہ کہ قانونی، مالی یا دیگر پیشہ ورانہ امور پر مشورہ۔ قاری اپنی مخصوص صورتحال کے بارے میں پیشہ ور مشیر سے مشورہ کرے۔ اگرچہ پیش کردہ معلومات حقائق پر مبنی اور اپ ڈیٹڈ ہیں لیکن اس کی درستگی کی ضمانت نہیں ہے اور اسے زیر بحث مضامین کا مکمل تجزیہ نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ اس میں بیان کردہ معلومات حکومت کینیڈا اور محتلف ویب سائٹس سے لی گئیں ہیں جو کہ کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتی ہیں۔
تحقیق و تحریر: محمد عمران سعید، سلطان کیانی