کینیڈا کی شہریت کیلئے درخواست دینے کا طریقہ
کینیڈا آمد سے درخواست جمع کرواتے وقت کے درمیان رہائش کا دورانیہ 5 سال میں سے کم از کم 3 سال ہونا چاہیئے۔ یعنی گزشتہ 5 سالوں کے دوران آپ نے 1095 دن لازمی کینیڈا قیام کیا ہو۔
بہت سے تارکین وطن جو مستقل رہائشی، طلباء، عارضی ملازمین یا پناہ گزین کی شکل میں کینیڈا داخل ہوتے ہیں بالاٰخر وہ یہاں کے شہری بھی بن جاتے ہیں۔ کینیڈا تارکین وطن کو شہریت دینے والے سب سے بڑے مغربی ممالک میں سے ایک ہے۔
اگر آپ نئے کینیڈا آئے ہیں تو کینیڈین شہری بننے کے بارے میں آپ کے ذہن میں بہت سے سوالات ہوں گے۔ اس آرٹیکل میں ہم کینیڈین شہریت کے فوائد کے بارے میں جانیں گے، اس کی اہلیت اور طریقہ کار کے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کریں گے تاکہ آپ کو اس بارے میں مکمل رہنمائی حاصل ہوسکے۔
شہریت کا مطلب کیا ہے؟
کسی شخص کی اس ملک میں قانونی حیثیت سے مراد شہریت ہے۔ کینیڈین شہریت وہاں پیدا ہونے والے شہری کو حاصل ہوجاتی ہے یا پھر وہ تارکین وطن جو کینیڈا آ کر سیٹل ہوجاتے ہیں، نیوٹرلائزیشن کے عمل سے اسے حاصل کرسکتے ہیں اگر وہ مخصوص معیار پر پورا اترتے ہوں۔
کینیڈین شہریت کے فوائد کیا ہیں؟
اس کے بہت سے فوائد میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:
- مستقل رہائشی(PR) کارڈ ری نیو کروانے کی پریشانی سے آزادی: اگر آپ کے پاس مستقل رہائش کا پرمٹ ہے تو اسے برقرار رکھنے کیلئے آپ کو 5 سال کے دوران کم از کم 2 سال تک کینیڈا رہائش اختیار کرنا ہوگی۔
- اس شرط کو پورا کرنے میں ناکامی کی صورت میں آپ کا مستقل رہائشی پرمٹ منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ شہریت حاصل کرنے کے بعد آپ کو کینیڈین پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے جس کے بعد آپ اس پریشانی سے بچ جاتے ہیں۔ اب آپ سفر کرسکتے ہیں اور بیرون ملک رہائش بھی اختیار کرسکتے ہیں۔ آپ کی شہریت برقرار رہے گی جب تک آپ خود اسے ترک کرنے کی درخواست نہ دیں۔
- سیاست میں حصہ لیں: وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے علاوہ کینیڈین شہری بطور آزاد امیدوار یا کسی پارٹی کے منتخب کردہ نمائندے کی حیثیت سے الیکشن بھی لڑ سکتے ہیں۔
- آپ کے بچے کینیڈین شہری بن جائیں گے: کینیڈا میں کینیڈین شہریوں کے خاندان میں پیدا ہونے والے بچے بھی کینیڈین شہری تصور کئے جاتے ہیں۔ ان کو الگ سے شہریت حاصل کرنے کی درخواست نہیں دینا پڑتی۔ بعض ایسے بچے جو کینیڈا سے باہر پیدا ہوتے ہیں وہ بھی کینیڈین شہریت کے اہل ہوتے ہیں اگر ان کی ماں یا باپ میں سے کوئی ایک پیدائشی کینیڈین ہو یا اس نے نیوٹرلائزیشن کے تحت شہریت حاصل کی ہو۔
- دوہری شہریت رکھنے کی سہولت: اگر آپ کا ملک دوہری شہریت اختیار کرنے کی اجازت دیتا ہے تو آپ اپنے ملک کی شہریت ترک کئے بغیر بھی کینیڈین شہری بن سکتے ہیں۔
- ایک مضبوط پاسپورٹ کے مالک بننے کا موقع: عالمی پاسپورٹ انڈیکس میں کینیڈا دنیا کے 7 بہترین پاسپورٹس میں سے ایک پاسپورٹ رکھتا ہے۔ آپ 66 ممالک میں بغیر ویزہ سفر کرسکتے ہیں جبکہ 40 دیگر ممالک میں داخلے پر ویزہ جاری کیا جاتا ہے-
- ملازمت کے بہتر مواقع: بعض حساس نوعیت کی ملازمتیں جن کیلئے سکیورٹی کلیئرنس درکار ہوتی ہے، صرف کینیڈین شہری ہی اسے حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔ ان ملازمتوں کی آمدن اور دیگر فوائد بھی بہت اچھے ہوتے ہیں۔
- آپ کو ملک سے بے دخل نہیں کیا جاسکتا: اگر آپ صرف کینیڈا کے شہری ہیں اور کوئی دوسری شہریت نہیں رکھتے تو آپ کو ڈی پورٹ نہیں کیا جاسکتا۔ بے دخلی (Deportation) اس عمل کو کہتے ہیں جب کینیڈین حکومت کی جانب سے آپ کو کینیڈا چھوڑنے کا حکم جاری کیا جائے۔ ایسے میں آپ کو واپس اپنے آبائی ملک جانا ہوتا ہے۔
کون لوگ کینیڈین شہری بننے کے اہل ہیں؟
کینیڈا کا شہری بننے کیلئے یہ لازم ہے کہ آپ وہاں کے مستقل رہائشی ہوں اور:
- درخواست دینے سے پہلے 5 سال میں کم از کم 3 سال (1095 دن) کینیڈا میں مقیم رہے ہوں
- 5 سال میں سے کم ازکم 3 سال کے ٹیکس ریٹرن فائل کئے ہوں
- اگر آپ کی عمر 18 سے 54 سال کے درمیان ہے تو شہریت کا امتحان پاس کیا ہو
- انگریزی یا فرانسیسی زبان (کم ازکم کسی ایک) میں مہارت کا ثبوت
- کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہ ہو
نوٹ: کسی کینیڈین شہری سے شادی کرنے سے آپ کو خودبخود شہریت نہیں مل جاتی۔ اگر آپ کینیڈین شہری کے شریک حیات (بیوی/شوہر) ہیں تو بھی آپ کو یہی شرائط لازماً پورا کرنا ہوں گی
نمبر 1: کینیڈا میں اپنی رہائش کا دورانیہ معلوم کریں
آپ کے اور بعض نابالغ افراد کیلئے یہ ضروری ہے کینیڈا آمد سے درخواست جمع کرواتے وقت کے درمیان رہائش کا دورانیہ 5 سال میں سے کم از کم 3 سال ہونا چاہیئے۔ یعنی گزشتہ 5 سالوں کے دوران آپ نے 1095 دن لازمی کینیڈا قیام کیا ہو۔
نمبر 2: درخواست فارم حاصل کریں
شہریت کیلئے درخواست دینے کیلئے آپ کو Application Package ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا جس میں تمام فارمز اور ہدایات موجود ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے آپ اپنی درخواست مکمل کرسکتے ہیں۔ دستاویزات کی چیک لسٹ ضرور دیکھیں تاکہ غلطی سے کچھ رہ نہ جائے۔
نمبر 3: ضروری دستاویزات کے ساتھ فارم بھریں
اس بات کو یقینی بنائیں کہ درخواست بھیجنے سے پہلے آپ نے فارم صحیح طریقے سے بھرا ہے۔ نامکمل درخواست آپ کو واپس بھیج دی جائے گی۔ ایسا ہونے سے آپ کے شہریت حاصل کرنے کا سفر مزید طویل ہوجائے گا کیونکہ آپ کو پھر سے درخواست فارم جمع کروانا پڑے گا۔ اس پریشانی سے بچنے کیلئے مندرجہ ذیل باتوں کا خاص خیال رکھیں:
- فارم مکمل بھریں اور ہر اس سوال کی جگہ "N/A” لکھ دیں جو آپ پر لاگو نہیں ہوتا۔
- اپنے درخواست فارم پر دستخط کریں
- درخواست کی فیس ادا کریں
- شہریت کیلئے 2 تصدیق شدہ تصویری شناختی دستاویزات کی کاپی لگائیں اور
- ساتھ تمام ضروری دستاویزات (بمعہ ترجمہ اگر غیر ملکی زبان مثلاً اردو میں ہیں) منسلک کریں جیسے:
- امیگریشن کاغذات کی کاپی جس میں زمین کا ریکارڈ یا مستقل رہائش کی تصدیق یا PR کارڈ شامل ہیں
- (انگریزی) زبان کی مہارت کا ثبوت
- موجودہ پاسپورٹ کی کاپی اور/یا سفری کاغذات
- سکول کے ریکارڈ
- 2 عدد تصویری شناختی دستاویزات (جیسے ڈرائیورز لائسنس، ہیلتھ کارڈ وغیرہ۔ PR کارڈ بطور فوٹو آئی ڈی قبول نہیں ہوتا)
- فیس کی ادائیگی کی رسید
- رہائشی مدت کے حساب کی کاپی
نمبر 4: درخواست فیس ادا کریں
شہریت کا فارم بھرنے کے بعد آپ کو آن لائن درخواست فیس ادا کرنا ہوگی۔ فیس کی رقم اس بات پر منحصر ہے کہ آپ بالغ (18 سال سے زائد عمر) ہیں یا نابالغ۔ اس میں پراسیسنگ فیس اور شہریت کے حق کی فیس شامل ہوسکتی ہے۔ اگر آپ ایک وقت میں ایک سے زیادہ درخواستیں جمع کروا رہے ہیں تو آپ کو تمام فیسیں ایک ساتھ دینا ہوں گی۔ فیس صرف اسی وقت ادا کریں جب آپ درخواست جمع کروانے کیلئے بالکل تیار ہوں۔ اپنی درخواست کے ساتھ فیس کی رسید لگانا نہ بھولیں۔
ہر بالغ درخواست دہندہ کیلئے 630 کینیڈین ڈالرز فیس دینا ہوتی ہے جس میں 530 کینیڈین ڈالرز پراسیسنگ فیس جبکہ 100 کینیڈین ڈالرز شہریت کے حق کی فیس ہوتی ہے۔ ایک نابالغ (18 سال سے کم عمر) درخواست دہندہ کو 100 کینیڈین ڈالرز کی فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔
نمبر5: اپنی درخواست جمع کروائیں
اپنی درخواست جمع کروانے سے پہلے ان باتوں کو یقینی بنائیں کہ آپ نے:
- درخواست فارم پر دستخط کئے ہیں
- دستخط کی تاریخ درج کی ہے
- کینیڈا میں قیام کا دورانیہ اور دستخط کی تاریخ میں مماثلت ہونی چاہیئے۔
دستخط کے فوراً بعد مکمل شدہ درخواست فارم کے پیکج کو بذریعہ ریگولر ڈاک یا پرائیویٹ کوریئر متعلقہ حکام کو جلد از جلد ارسال کر دیں۔ اگر درخواست مکمل ہونے کی تاریخ اور IRCC کو ملنے کا درمیانی دورانیہ 90 دن سے بڑھ گیا تو آپ کی درخواست واپس کردی جائے گی۔ درخواست فارم ریگولر ڈاک کے ذریعے مندرجہ ذیل پتے پر بھیجیں:
Case Processing Centre – Sydney
Citizenship Grants
P.O. Box 7000
Sydney, Nova Scotia B1P 6V6. Canada
اگر آپ اپنی شہریت کی درخواست کسی کوریئر کمپنی کے ذریعے بھیج رہے ہیں تو پیکج پر یہ پتہ تحریر ہونا چاہیئے کیونکہ کوریئر والے پوسٹ باکس کے پتے والی ڈاک نہیں لیتے۔
Case Processing Centre – Sydney
Citizenship Grants
47–49 Dorchester Street
Sydney, Nova Scotia B1P 5Z2. Canada
درخواست پر عمل ہونے میں کتنا وقت لگتا ہے؟
IRCC کے مطابق درخواست فارم موصول ہونے سے کینیڈین شہریت ملنے کے درمیان کا اوسطاً دورانیہ 12 ماہ تک ہوسکتا ہے۔
نمبر 6: شہریت کا امتحان دیں
IRCC آپ کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد اس پر عمل کا آغاز کرتے ہوئے آپ کو AOR لیٹر بھیجے گی۔ اس خط میں آپ کو ایک UCI نمبر جاری کیا جائے گا جس کے ذریعے آپ اپنی درخواست کا اسٹیٹس آن لائن چیک کرسکیں گے۔ اس سٹیج پر اگر آپ کی درخواست نامکمل نکلی تو اس کا جواز بتا کر واپس کردی جائے گی اور ساتھ ہی اگلے اقدامات کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔ آپ کو اپنے ڈیجیٹل فنگرپرنٹس جمع کروانے کا بھی کہا جاسکتا ہے۔ اس کیلئے آپ کو لوکل پولیس، رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (RCMP) یا پھر RCMP کی تصدیق شدہ فنگر پرنٹنگ کمپنی کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔
آپ کو شہریت کا امتحان دینا ہوگا یا پھر انٹرویو، یہ آپ کی عمر پر منحصر ہے۔ آپ کو AOR لیٹر ملنے کے چند ہفتوں کے اندر ہی شہریت کا امتحان دینا پڑ سکتا ہے۔ IRCC آپ کو ٹیسٹ سے 1 تا 2 ہفتے پہلے نوٹس بھیجے گی جس میں امتحان کی تاریخ، وقت اور مقام کے بارے میں بتایا جائے گا۔
شہریت کا ٹیسٹ آفیشل سٹیزن شپ سٹڈی گائیڈ کے مطابق لیا جاتاہے۔ آپ اس امتحان کی تیاری کیلئے آن لائن ذرائع سے مدد لے سکتے ہیں۔ آپ یہ ٹیسٹ انگریزی یا فرانسیسی میں سے کسی ایک زبان میں دے سکتے ہیں۔ اس کا دورانیہ 30 منٹ ہوتا ہے جس میں کینیڈین شہریوں کی ذمہ داریوں، وہاں کی تاریخ، جغرافیہ، معیشت، حکومت، قوانین اور نشانات وغیرہ سے متعلق 20 MCQs اور "صحیح/غلط” طرز کے سوالات ہوتے ہیں۔ پاس ہونے کیلئے آپ کو کم از کم 15 سوالوں کے درست جوابات دینا ہوتے ہیں۔
نمبر 7: انٹرویو دیں
اس امتحان کے فوراً بعد آپ سٹیزن شپ آفیسر کو انٹرویو دیں گے۔ اس انٹرویو کے دوران یہ سرکاری نمائندہ مندرجہ ذیل کام کرے گا:
- اگر آپ نے شہریت کا امتحان دیا ہے تو اس کا نتیجہ فراہم کرے گا
- اگر آپ کی عمر 18 اور 54 سال کے درمیان ہے تو (انگریزی) زبان پر مہارت دیکھی جائے گی
- آپ کی درخواست اور اصلی کاغذات کی تصدیق ہوگی
- اس درخواست سے متعلق کوئی سوال پوچھا جاسکتا ہے
- اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آپ شہریت کیلئے تمام شرائط پر پورا اترتے ہیں
اگر آپ امتحان میں پاس ہوگئے اور شہریت کی دیگر شرائط پر پورے اترے تو ممکن ہے کہ IRCC آپ کو امتحان نتائج کے ساتھ ہی تقریب شہریت کی تاریخ دے یا پھر بذریعہ خط/ای میل یہ تاریخ دی جائے۔ اگر آپ دیگر شرائط پر پورا اترے مگر پہلا تحریری امتحان پاس کرنے میں ناکام رہے تو آپ کا دوسرا امتحان لینے کی تاریخ دی جائے گی۔ دوسرا ٹیسٹ پہلے (ناکام) ٹیسٹ کے 4 سے 8 ہفتے کے درمیان ہوتا ہے۔ اگر آپ دوسری کوشش میں بھی امتحان پاس نہیں کرسکے تو آپ کو ایک نوٹس جاری کر کے سٹیزن شپ آفیشل کے ساتھ سماعت میں حاضر ہونے کو کہا جائے گا۔ اگر آپ مسلسل 3 کوششوں میں بھی شہریت کا امتحان پاس کرنے میں ناکام رہے تو آپ کی درخواست مکمل طور پر مسترد کردی جائے گی۔ اس کے بعد آپ کو پھر نئے سرے سے درخواست دینے کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
نمبر 8: شہریت کا حلف اٹھائیں
یہ کینیڈین شہریت حاصل کرنے کا آخری عمل ہے جس کی تقریب عام طور پر امتحان میں کامیابی کے 3 ماہ کے اندر منعقد کی جاتی ہے۔ شہریت کے حلف نامے کی تقریبات ملک بھر میں سارا سال ہوتی رہتی ہیں۔ تمام بالغ افراد اور 14 سال سے زائد عمر کے بچوں کو اس تقریب میں شریک ہو کر لازمی حلف اٹھانا ہوتا ہے۔ 14 سال سے کم عمر بچوں کے والدین کو ان کی شہریت کے سرٹیفکیٹ جاری کردیئے جاتے ہیں۔ اگرچہ اس عمر سے چھوٹے بچوں کیلئے حلف اٹھانا ضروری نہیں تاہم وہ والدین کے ساتھ تقریب میں شریک ہو سکتے ہیں۔
سٹیزن شپ جج یا آفیشل اس تقریب کی صدارت کرتا ہے اور شرکاء سے حلف لیتا ہے۔ اس تقریب کے دوران:
- کینیڈین شہریت کا حلف لیا جاتا ہے
- کامیاب درخواست دہندہ کو شہریت کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے
- حلف یا شہریت کے فارم پر دستخط کئے جاتے ہیں، اور
- کینیڈا کا قومی ترانہ گایا جاتا ہے
حلف لیتے ہی آپ کینیڈا کے مستقل شہری بن جاتے ہیں جس کے فوراً بعد آپ کینیڈین پاسپورٹ کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوتے ہیں۔
کینیڈا کی پرکشش امیگریشن پالیسی دلچسپی رکھنے والے غیر ملکیوں کو کئی طرح سے وہاں رہنے، کام کرنے اور پھر کینیڈا سیٹل ہونے کے مواقع فراہم کرتی ہے ۔ یہ سب راستے کینیڈا کی شہریت حاصل کرنے کی جانب پہلا قدم ثابت ہوسکتے ہیں۔ شہری بن کر کینیڈین پاسپورٹ حاصل کرنا ایک طویل سفر ہے مگر اس کیلئے انتظار کرنا تو بنتا ہے!
ذرائع معلومات: گورنمنٹ آف کینیڈا
یہ مضمون صرف عمومی معلومات پیش کرتا ہے نہ کہ قانونی، مالی یا دیگر پیشہ ورانہ امور پر مشورہ۔ قاری اپنی مخصوص صورتحال کے بارے میں پیشہ ور مشیر سے مشورہ کرے۔ اگرچہ پیش کردہ معلومات حقائق پر مبنی اور اپ ڈیٹڈ ہیں لیکن اس کی درستگی کی ضمانت نہیں ہے اور اسے زیر بحث مضامین کا مکمل تجزیہ نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ اس میں بیان کردہ معلومات حکومت کینیڈا اور محتلف ویب سائٹس سے لی گئیں ہیں جو کہ کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتی ہیں۔
تحقیق و تحریر: محمد عمران سعید، سلطان کیانی