کینیڈین اسٹڈی پرمٹ کی معیاد میں توسیع کروانا
انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کے پاس کینیڈا میں اپنی تعلیم جاری رکھنے کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں۔ امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا جیسے ترقی یافتہ ممالک کی نسبت کم فیس میں عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع، مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی اقوام کے ساتھ رہنا اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد کینیڈا میں مستقل رہائش (PR) حاصل کرنے کا موقع کچھ ایسی ہی وجوہات ہیں جن کی بناء پر کینیڈا غیرملکی طلباء کیلئے ایک پرکشش ملک کی حیثیت رکھتا ہے۔ زیر نظر مضمون کا مقصد کینیڈین اسٹڈی پرمٹ کی معیاد میں توسیع کروانے کا طریقہ جاننا ہے، یہ معلومات ان لوگوں کیلئے مفید ہوگی:
جو ایک مؤثر سٹڈی پرمٹ پر کینیڈا کے کسی تعلیمی ادارے میں پڑھ رہے ہیں، یا
وہ طلباء و طالبات جن کا اسٹوڈنٹ پرمٹ ایکسپائر ہوچکا ہے
کینیڈین اسٹوڈنٹ ویزہ کتنے عرصے تک مؤثر ہوتا ہے؟
IRCC کے جاری کردہ ہر اسٹوڈنٹ ویزہ یا سٹڈی پرمٹ کی ایک معیاد ہوتی ہے۔ تاریخ تنسیخ وہ دن ہے جس کے بعد آپ کو تعلیم کا سلسلہ ترک کرکے کینیڈا چھوڑنا ہوتا ہے۔ تاریخ تنسیخ (Expiry Date) ہر سٹڈی پرمٹ پر واضح درج ہوتی ہے۔ عام طور پر اس پرمٹ کی معیاد تعلیمی پروگرام کے احتتام کے بعد اگلے 90 روز تک موثر ہوتی ہے۔ یہ 3 ماہ کا پیریڈ اس لئے دیا جاتا ہے تاکہ اس دوران آپ یا تو کینیڈا چھوڑ دیں یا پھر کینیڈا میں اپنے قیام میں توسیع کی درخواست دیں۔
ایک اور بات نوٹ فرما لیں کہ اسٹڈی پرمٹ کی انتہائی تاریخ معیاد آپ کے پاسپورٹ پر درج تاریخ تنسیخ سے زیادہ لمبی نہیں ہوسکتی ہے۔ لہذا اگر آپ کا پاسپورٹ 6 ماہ تک کارآمد ہے جبکہ آپ 1 سالہ تعلیمی پروگرام پر کینیڈا جانا چاہتے ہیں تو اسٹڈی پرمٹ کیلئے اپلائی کرنے سے پہلے اپنا قومی پاسپورٹ ری نیو کروائیں۔
بعض صورتوں میں آپ کا سٹڈی پرمٹ وہاں درج آخری تاریخ معیاد سے پہلے بھی منسوخ ہوسکتا ہے، مثلاً:
1۔ آپ نے تعلیم وقت سے پہلے مکمل کرلی ہو، اس صورت میں پاس آؤٹ ہوتے ساتھ یا پھر ڈگری/ڈپلومہ وغیرہ ملتے ہی آپ کا 90 روز کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوجائے گا۔
2۔ آپ تعلیم ادھوری چھوڑ کر چھٹیوں پر چلے جاتے ہیں جبکہ ان چھٹیوں کا دورانیہ 150 روز سے بڑھ جائے، یا آپ پڑھائی ترک کردیتے ہیں اور اسے دوبارہ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ دونوں صورتوں میں 150ویں روز آپ کا اسٹڈی پرمٹ خودبخود منسوخ تصور ہوگا جس پر آپ کو کینیڈا چھوڑنا ہوگا۔ اگر آپ کینیڈا میں مزید رکنا چاہتے ہیں تو ان 150 دنوں کے اندر آپ کو اپنے امیگریشن سٹیٹس میں تبدیلی کروانا ہوگی۔
آپ کو اسٹڈی پرمٹ کی معیاد میں توسیع کیلئے کب درخواست دینی چاہیئے؟
کیس 1: پرمٹ کی معیاد ختم ہونے والی ہے لیکن آپ کینیڈا میں مزید تعلیم جاری رکھنا چاہتے ہیں-
اگر آپ اسٹڈی پرمٹ پر درج آخری تاریخ کے بعد بھی پڑھائی جاری رکھنا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو اس کی معیاد ختم ہونے سے کم از کم 30 روز قبل توسیع کی درخواست دینا ہوگی۔ اس سے پہلے اپلائی کرنا زیادہ بہتر ہے۔ اسٹڈی پرمٹ میں توسیع کی درخواستیں نمٹانے کے دورانیئے کے بارے میں جاننے کیلئے یہاں کلک کریں۔
جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے، اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ آپ کا پاسپورٹ بھی ایکسپائر ہونے کے قریب نہ ہو کیونکہ کینیڈین سٹڈی پرمٹ کی معیاد کسی صورت بھی پاسپورٹ کی معیاد سے زیادہ نہیں ہوسکتی۔ اگر آپ نے سٹوڈنٹ پرمٹ میں توسیع کیلئے درخواست نہیں دی اور اس کی معیاد ختم ہوچکی ہے تو آپ کو ہر حال میں کینیڈا چھوڑنا ہوگا۔ اگر آپ کینیڈا میں مزید رکنا چاہتے ہیں مگر پڑھائی کا ارادہ نہیں رکھتے تو پھر سٹڈی پرمٹ کی معیاد ختم ہونے سے پہلے آپ کو اپنے امیگریشن سٹیٹس میں تبدیلی کیلئے درخواست دینا ہوگی۔ آپ اسے وزٹر یا ورکر ویزہ سے تبدیل کروانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
یاد رکھیں! اگر آپ کینیڈا سے باہر سفر کرنے جارہے ہیں مگر یہاں مزید تعلیم جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور آپ کا اسٹڈی پرمٹ ختم ہونے والا ہے تو کینیڈا چھوڑنے سے پہلے اس کی معیاد میں توسیع کی درخواست ضرور دیں۔
جب آپ اسٹڈی پرمٹ ایکسپائر ہونے سے پہلے اس کی مدت میں توسیع کی درخواست دیتے ہیں تو پھر فیصلہ آنے تک آپ زائد المعیاد پرمٹ پر بھی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔ تاہم اگر آپ اسٹڈی پرمٹ کی تجدید سے قبل کینیڈا چھوڑ جاتے ہیں تو آپ یہ حق کھو دیں گے اور پھر آپ کو نیا پرمٹ جاری ہونے تک مزید انتظار کرنا ہوگا۔
کیس 2: پرمٹ کی معیاد ختم ہونے چکی ہے اور آپ کینیڈا میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں-
اگر آپ نے مدت معیاد کے دوران اپنے اسٹڈی پرمٹ میں توسیع کیلئے درخواست نہیں دی اور یہ ایکسپائر ہوچکا ہے تو بھی آپ اپنے اسٹوڈنٹ سٹیٹس کو بحال کروانے کا حق رکھتے ہیں۔ اگر آپ منسوخ شدہ اسٹوڈنٹ پرمٹ کی بحالی کیلئے درخواست دیتے ہیں تو اپنے حق میں فیصلہ آنے تک دوبارہ تعلیم کا سلسلہ شروع نہیں کرسکتے۔ اگر آپ پرمٹ بحالی کی درخواست دینے کے اہل نہیں تو فوراً کینیڈا چھوڑ دیں اور وطن واپس آکر نئے سٹڈی پرمٹ کی درخواست دیں۔
اسٹڈی پرمٹ کی معیاد مدت میں توسیع حاصل کرنے کا طریقہ
اس سے قبل کہ آپ اپنے سٹڈی پرمٹ میں توسیع کیلئے درخواست دیں، اس بات کو یقینی بنائیں آپ کا سکول منظور شدہ تعلیمی اداروں کی فہرست DLI میں شامل ہے۔ اگر آپ کا موجودہ سکول DLI میں شامل نہیں تو آپ موجودہ پرمٹ ایکسپائر ہونے تک ہی یہاں تعلیم جاری رکھ پائیں گے۔ اس کے بعد پرمٹ کی تجدید کیلئے آپ کو DLI میں موجود کسی منظورشدہ تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا پڑے گا۔
عام طور پر اسٹڈی پرمٹ میں توسیع کیلئے آپ کو آن لائن ہی درخواست دینا ہوتی ہے۔ اگر آپ آن لائن درخواست نہیں دے پاتے، مثلاً کسی معذوری کی صورت میں تو آپ کو IRCC سے رہنمائی طلب کرنی چاہیئے جو معذور افراد کو سہولیات فراہم کرتے ہیں۔
آن لائن درخواست جمع کرواتے ہوئے آپ کو مندرجہ ذیل چیزوں کی ضرورت پڑے گی:
ایک عدد اسکینر، یا کیمرہ جس سے آپ اپنے کاغذات کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں تبدیل کرسکیں-
ایک عدد کارآمد ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ جس میں کم از کم اتنا بیلنس ہونا چاہیئے جو فیس ادائیگی کیلئے کافی ہو-
آپ کے اسٹڈی پرمٹ میں موجود معلومات کی بنیاد پر درخواست کیلئے درکار کاغذات کی چیک لسٹ بنائی جائے گی۔ آپ کو چاہیئے کہ اس Document Checklist میں موجود تمام ضروری کاغذات تیار کرلیں۔
کیس 1 کی صورت میں: جب آپ کا اسٹڈی پرمٹ ختم ہونے والا ہے لیکن آپ کو مزید تعلیم جاری رکھنا ہے-
نمبر1: ہدایات کا کتابچہ پڑھیں-
اپنی درخواست مکمل کرنے سے پہلے یہ instruction guide ضرور پڑھیں جس میں تفصیل سے یہ بتایا گیا ہے کہ اس درخواست فارم کو کیسے مکمل کرنا ہے۔
نمبر2: اپنے IRCC اکاؤنٹ پر سائن ان کریں (اگر پہلے سے اکاؤنٹ نہیں بنا تو نیا بنالیں)-
آپ کو اس اکاؤنٹ سے آن لائن اپلائی کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اسی اکاؤنٹ سے آپ فیس ادائیگی کرکے درخواست فارم جمع کروائیں گے اور بعد میں اپنی درخواست کا سٹیٹس بھی آن لائن معلوم کرسکیں گے۔
نمبر3: اپنے جوابات تیار کریں اور انہیں آن لائن فارم میں درج کریں-
اپنی درخواست جمع کروانے سے پہلے اسٹڈی پرمٹ میں توسیع حاصل کرنے کی اہلیت جاننے کیلئے آپ کو کچھ سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔ ان جوابات کی بنیاد پر IRCC کا آن لائن سسٹم درخواست کیلئے درکار کاغذات کی چیک لسٹ بھی تیار کردے گا۔ درخواست فارم کا ہر خانہ لازمی بھریں۔ اگر فارم کا کوئی حصہ درخواست گزار پر لاگو نہیں ہوتا تو وہاں “Not Applicabe” یا مختصراً “NA” لکھ دیں۔ اپنے نام کی جگہ کسی صورت خالی نہیں چھوڑ سکتے، آپ کو اپنا پہلا اور آخری نام لازمی فراہم کرنا ہوگا جو کہ پاسپورٹ پر درج نام سے مطابقت رکھتا ہو۔ نامکمل درخواست جمع کروانے کی صورت میں تاخیر کا سامنا کرنے کے علاوہ آپ کی بھی درخواست مسترد ہوسکتی ہے۔
نمبر4: فیس ادا کریں-
اسٹڈی پرمٹ میں توسیع کیلئے IRCC صرف آن لائن طریقہ کار سے فیس وصول کرتی ہے جو کہ درخواست جمع کروانے سے پہلے ادا کرنا لازمی ہے۔ اگر آپ نے کسی اور طریقے سے فیس ادا کرنے کی کوشش کی تو آپ کی درخواست واپس کردی جائے گی۔
سٹڈی پرمٹ میں توسیع پر کتنا خرچہ آتا ہے؟
پرمٹ میں توسیع: 150 کینیڈین ڈالرز فی کس
سٹوڈنٹ سٹیٹس کی بحالی فیس: 350 کینیڈین ڈالرز
بائیومیٹرک فیس: اگر آپ کو تصویر اور فنگرپرنٹس بھی جمع کروانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو پھر آپ کو 85 ڈالرز فی کس یا فیملی کی صورت میں 170 ڈالرز کی بائیومیٹرک فیس ادا کرنا ہوگی۔
نوٹ: IRCC کو جمع کروائی گئی فیس ناقابل واپسی ہوتی ہے۔ لہذا فیس ادائیگی سے قبل یہ ضرور جان لیں کہ آپ سٹڈی پرمٹ میں توسیع کے اہل ہیں یا نہیں۔ درخواست جمع کرواتے ہوئے تمام ضروری کاغذات ساتھ لگائیں، فارم دھیان سے بھریں اور مکمل درست معلومات فراہم کریں۔
نمبر5: درخواست جمع کروائیں
فیس ادائیگی کے بعد آپ مکمل شدہ درخواست فارم آن لائن جمع کروا سکتے ہیں۔ IRCC کا کیس پراسیسنگ سینٹر فراہم کی گئی معلومات کی بنیاد پر درخواست کا جائزہ لے کر تعین کرے گا کہ آپ کے سٹڈی پرمٹ کی معیاد میں توسیع ہونی چاہیئے یا نہیں۔
نوٹ: اگر آپ کی درخواست محض نامکمل ہونے کی بنیاد پر رد کردی جاتی ہے تو اسے ایسے تصور کیا جائے گا جیسے آپ نے کبھی درخواست جمع ہی نہیں کروائی۔ اس صورت میں آپ کو اپنا موجودہ سٹوڈنٹ سٹیٹس منسوخ ہونے کے بعد اس کی بحالی کیلئے پھر سے درخواست جمع کروانا ہوگی۔
اگر آپ کی درخواست مکمل پائی گئی تو:
درخواست منظور ہونے کی صورت میں کیس پراسیسنگ سنٹر آپ کو وزٹر ریکارڈ، نیا ورک پرمٹ یا نیا سٹڈی پرمٹ بھیجے گا، یا
درخواست مسترد ہونے کا لیٹر ملے گا، یا نوٹیفکیشن موصول ہوگا کہ آپ کی درخواست مقامی کینیڈین امیگریشن سنٹر کے حوالے کردی گئی ہے
اگر آپ کی درخواست مقامی امیگریشن دفتر کو ریفر کردی جاتی ہے تو وہ آپ سے مزید معلومات حاصل کرنے کیلئے رابطہ کریں گے۔ آپ کو انٹرویو کیلئے دفتر بھی بلایا جاسکتا ہے۔ اس عمل کے دوران 3 ماہ تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
جب IRCC کو آپ کے کیس بارے اضافی معلومات یا وضاحت مل جاتی ہے تو مقامی دفتر کے عہدیدار کیس پر اپنا فیصلہ محفوظ کرکے بذریعہ ڈاک آپ کو اس سے آگاہ کردیں گے۔
آج کل اسٹوڈنٹ پرمٹ درخواستوں کو نمٹانے کا اوسط دورانیہ 119 دن چل رہا ہے۔ آپ اپنی درخواست کا سٹیٹس آن لائن چیک کرسکتے ہیں۔
کیس 2 کی صورت میں: جب آپ کا سٹڈی پرمٹ ختم ہوچکا ہے اور آپ کو مزید تعلیم حاصل کرنا ہے-
اگر آپ کا سٹوڈنٹ سٹیٹس معطل ہو چکا ہے جبکہ آپ ابھی کینیڈا میں ہی مقیم ہیں تو بھی بعض صورتوں میں آپ سٹڈی پرمٹ اپلائی کرتے ساتھ ہی اس سٹیٹس کو بحال کروانے کی درخواست دینے کے اہل ہوسکتے ہیں۔
اس طریقے سے اپنا سٹوڈنٹ سٹیٹس بحال کروانے کی اہلیت کیلئے لازم ہے کہ:
آپ اپنا اسٹیٹس معطل ہونے کے 90 روز کے اندر بحالی کی درخواست جمع کروائیں۔ اس کا مکمل طریقہ کار کیس 1 جیسا ہی ہوگا۔
اس عمل کے مرحلہ نمبر 3 میں درخواست فارم میں آپ کو سٹڈی پرمٹ میں توسیع کے ساتھ بطور سٹوڈنٹ اپنے عارضی رہائشی سٹیٹس کی بحالی کی درخواست بھی جمع کروانا ہوگی-
وضاحت پیش کریں کہ آپ کا سٹیٹس کیسے معطل ہوا اور آپ نے کینیڈا میں مقررہ مدت سے زیادہ عرصہ قیام کیوں کیا-
اپنے قیام کی بنیادی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوں-
تاریخ تنسیخ کے علاوہ اپنے پرمٹ پر موجود تمام شرائط پر پورا اترتے ہوں-
پوری ایپلی کیشن فیس ادا کریں–
نوٹ: اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ درخواست جمع کروانے کے بعد IRCC بحثیت سٹوڈنٹ آپ کا عارضی رہائشی سٹیٹس بحال کردے گی۔ اپیل پر فیصلہ آنے تک آپ کینیڈا رہائش اختیار کرسکتے ہیں مگر اس دوران آپ تعلیم جاری نہیں رکھ پائیں گے جب تک کہ آپ کا سٹوڈنٹ سٹیٹس بحال نہیں ہوجاتا۔
اگر آپ کے ساتھ کوئی فیملی ممبرز کینیڈا آئے ہیں تو انہیں بھی اپنا سٹیٹس بحال کروانے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔
اسٹڈی پرمٹ، ورک پرمٹ یا پھر رہائشی ویزہ کیلئے درخواست دیتے ہوئے آپ کو IRCC کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ اگر آپ کو کوئی بات سمجھ نہیں آرہی تو رہنمائی کیلئے کسی بااختیار امیگریشن کنسلٹنٹ یا قانون دان سے رجوع کریں۔
ذرائع معلومات: گورنمنٹ آف کینیڈا
یہ مضمون صرف عمومی معلومات پیش کرتا ہے نہ کہ قانونی، مالی یا دیگر پیشہ ورانہ امور پر مشورہ۔ قاری اپنی مخصوص صورتحال کے بارے میں پیشہ ور مشیر سے مشورہ کرے۔ اگرچہ پیش کردہ معلومات حقائق پر مبنی اور اپ ڈیٹڈ ہیں لیکن اس کی درستگی کی ضمانت نہیں ہے اور اسے زیر بحث مضامین کا مکمل تجزیہ نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ اس میں بیان کردہ معلومات حکومت کینیڈا اور محتلف ویب سائٹس سے لی گئیں ہیں جو کہ کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتی ہیں۔
تحقیق و تحریر: محمد عمران سعید، سلطان کیانی