امیگریشن اور سفر

کینیڈا میں مستقل رہائش حاصل کرنے کے مختلف طریقے

کینیڈا کا PR کارڈ کیسے حاصل کریں؟

کینیڈا کے مخصوص امیگریشن پروگرام مختلف قسم کے ہُنر، تعلیم اور تجربہ رکھنے والے افراد کو کینیڈا سیٹل ہونے میں مدد فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ کینیڈین معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ کینیڈا کے وزیر برائے امیگریشن مارکو مینڈی کینو کے مطابق کینیڈا 2021ء سے 2023ء تک 2۔1 ملین تارکین وطن کو مستقل رہائش دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ممکن ہے کہ آپ کینیڈا سیٹل ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہوں تو کیا آپ جانتے ہیں کہ یہاں کی مستقل رہائش (PR) حاصل کرنے کے کتنے مختلف طریقے ہیں؟ شائد آپ نے ایکسپریس انٹری اور PNP کے بارے میں تو سن رکھا ہو لیکن یہاں سیٹل ہونے کے اور بھی کئی راستے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ان میں سے ایک آپ کیلئے بہترین انتخاب ثابت ہو۔ اس بارے مکمل معلومات جاننے کیلئے یہ معلوماتی گائیڈ آخر تک ضرور پڑھیں۔

امیگریشن پروگرام کے ذریعے مستقل شہریت (PR) کیلئے درخواست دیں-
کینیڈا کے مختلف وفاقی اور صوبائی امیگریشن پروگرام ہیں جو کہ آپ کو کینیڈا منتقل ہوتے ہی مستقل رہائشی پرمٹ جاری کرتے ہیں۔ ان پروگرامز کی تفصیل درج ذیل ہے:

Express Entry

یہ کینیڈا آنے کا سادہ اور تیز ترین طریقہ ہے۔ ایکسپریس انٹری ہُنر مند افراد کو مستقل رہائش کی سہولت فراہم کرنے کیلئے بہترین انتخاب ہے۔

اس کی 3 مختلف اقسام ہیں:

اے – Federal Skilled Worker Program
ایسے افراد کیلئے جن کے پاس اعلیٰ تعلیم و ہُنر اور کام کا وسیع تجربہ ہے وہ اس پروگرام سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

بی – Federal Skilled Trades Program
وہ ہُنرمند لوگ جنہیں بزنس کرنے کا تجربہ ہے-

سی – Canadian Experience Class
ایسے غیر ملکی تارکین وطن جو کینیڈا میں کم از کم 1 سال کے عرصے سے کام کررہے ہیں۔

Provincial Nominee Programs

یہ پروگرام مندرجہ ذیل افراد کیلئے بہترین ہیں:
جن کے پاس تعلیم، ہُنر اور کام کا مناسب تجربہ ہو اور وہ مخصوص صوبے یا علاقے کی معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ اس صوبے یا علاقے میں مستقل طور پر آباد ہونے کا ارادہ رکھتے ہوں، اور کینیڈا کے مستقل رہائشی بننا چاہتے ہوں-

ہر صوبے اور علاقے کے اپنے اپنے PNP پروگرام ہیں۔ یہ امیگریشن سکیمیں مختلف قسم کے لوگوں کیلئے ہیں مثلاً نئے گریجویٹ نوجوان، کاروباری افراد، مخصوص شعبوں کے ہُنر مند اور نیم ہُنر مند کارکن وغیرہ کیلئے ہیں اور ان کی مختلف شرائط ہوتی ہیں۔

Atlantic Immigration Pilot

یہ پروگرام ہُنرمند غیر ملکی ورکرز اور انٹرنیشنل گریجویٹس کیلئے ہے جو کہ کینیڈا کے 4 اٹلانٹک صوبوں میں سے کسی ایک میں آکر سیٹل ہونے کا ارادہ رکھتے ہوں۔ ان صوبوں میں نیو فاؤنڈ لینڈ اینڈ لیبراڈور، پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ، نووا سکوشیا اور نیو برنس وک شامل ہیں۔
AIP کے تین ذیلی پروگرام ہیں:

اے- Atlantic International Graduate Program
ایسے طلباء جو اٹلانٹک صوبوں کے تعلیمی اداروں سے گریجویٹ ہوئے ہوں۔

بی- Atlantic High-skilled Program
وہ لوگ جن کے پاس ایسی کمپنی سے ملازمت کی آفر ہو جو کہ AIP پروگرام کا حصہ ہے اور جس صوبے میں انہیں ملازمت اختیار کرنی ہے۔

سی- Atlantic Intermediate-skilled Program
یہ بھی ہائی اسکلڈ پروگرام جیسا ہی ہے۔ اس کے علاوہ آپ کو NOC Skill Level C یا بعض شعبوں میں Level A 3012 یا Level B 3233 کا تجربہ ہونا بھی ضروری ہے۔

Start Up Visa

ایسے کاروباری افراد (Entrepreneurs) جو کینیڈا میں منفرد قسم کا کاروبار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں جس سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں، وہ سٹارٹ اپ ویزا کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ سٹارٹ اپ ویزا پروگرام کے اہل ہونے کیلئے مندرجہ ذیل شرائط پورا کرنا ضروری ہیں:

٭ ایسا بزنس ماڈل جو کہ اس کینیڈین ویزہ کیلئے قابل قبول ہو
٭ نامزد کردہ ادارے سے لیٹر آف سپورٹ حاصل کرنا
٭ انگریزی زبان میں مہارت کی شرط پوری کرنا
٭ سیٹل ہونے کیلئے مناسب رقم کا انتظام ہونا

ایسے غیر ملکی شہری جنہیں نامزد ادارے سے commitment سرٹیفکیٹ اور لیٹر آف سپورٹ مل جائے، سٹارٹ اپ ویزا پروگرام کے ذریعے مستقل رہائشی پرمٹ کی درخواست سے پہلے انٹرنیشنل موبلٹی پروگرام کے تحت مختصر مدت کے ورک پرمٹ کیلئے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

اگر آپ اہلیت کی شرائط پر پورا اترتے ہیں تو آپ ورک پرمٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ آپ کو پہلے PR یعنی مستقل رہائشی پرمٹ کی درخواست دینے کی ضرورت نہیں۔ تاہم خیال رہے کہ Commitment سرٹیفکیٹ تاریخ اجراء سے صرف 6 ماہ تک کے عرصے کیلئے کارآمد ہوتا ہے۔ لہذا آپ ورک پرمٹ کیلئے درخواست دیں یا نہ دیں، آپ کو یہ سرٹیفکیٹ ایکسپائر ہونے سے پہلے مستقل رہائشی پرمٹ کیلئے درخواست دینا ہوگی۔

Rural & Northern Immigration Pilot

یہ کمیونٹی کے تحت چلنے والا پروگرام ہے جو معاشی امیگریشن کے فوائد کو چھوٹی آبادیوں تک پہنچانے کے لئے بنایا گیا ہے۔ اس میں ہنرمند غیر ملکی کارکنوں کے لئے مستقل رہائش اختیار کرنے کے مواقع پیداء کئے گئے ہیں جو ان آبادیوں میں سیٹل ہوکر کام کرنا پسند کریں گے۔ اونٹاریو کے ان دیہاتی علاقوں میں نارتھ بے، سڈبری، ٹائمنز اور تھنڈر بے شامل ہیں، البرٹا میں کلیرش ہوم، منی ٹوبا میں برینڈن اور اٹلونا وغیرہ شامل ہیں۔

اس پروگرام کے تحت درخواست دینے کیلئے آپ کو IRCC کے مقرر کردہ اہلیت کے معیار اور ان مخصوص آبادیوں کی شرائط کو پورا کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ آپ کو ان مخصوص علاقوں سے ملازمت کی آفر ہونا بھی ضروری ہے۔

Family Sponsorship

یہ سکیم شریک حیات، بچوں، والدین اور دیگر قریبی رشتہ داروں کو کینیڈا لانے کی بہترین آپشن ہوسکتی ہے۔ فیملی سپانسرشپ کے تحت آنے والے رشتہ دار کینیڈا میں مستقل رہائشی سٹیٹس حاصل کرکے جاب یا تعلیم حاصل کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں۔

Quebec-Selected Skilled Worker

یہ پروگرام ان ہُنر مند افراد کیلئے ہے جو کہ کیوبیک صوبے میں مستقل رہائش اختیار کرکے کام کرنا چاہتے ہیں۔ کیوبیک نے کینیڈین حکومت سے امیگریشن کا ایک خصوصی معاہدہ کررکھا ہے۔ اس پروگرام کے تحت کینیڈا منتقل ہونے کیلئے ہُنر مند افراد کو 2 مرحلوں میں درخواست دینا ہوگی:

گورنمنٹ آف کیوبیک کو Quebec Selection Certificate یا (CSQ) کی درخواست دیں۔ کیوبیک صوبہ اپنے قوانین کے تحت آپ کی درخواست کا جائزہ لے گا۔
CSQ اس بات کا ثبوت ہوتا ہے کہ کیوبیک صوبے نے آ پ کو بطور امیگرنٹ قبول کرلیا ہے۔

اگر صوبہ کیوبیک آپ کو CSQ دے کر منتخب کرلیتا ہے تو پھر آپ IRCC کومستقل رہائش (PR) کی درخواست دینے کے اہل ہیں-

Caregivers

بطور Caregiver بھی آپ کینیڈا میں عارضی یا مستقل طور پر رہائش رکھ سکتے ہیں۔ جو لوگ PR کیلئے درخواست دینا چاہیں ان کے پاس یہ 2 آپشنز ہیں:

٭ Home Child Care Provider Pilot and Home Support Worker Pilot
٭ Live-in Caregiver Program

ہوم چائلڈ کیئر اور ہوم سپورٹ ورکر پائلٹ پروگرام 2019ء میں شروع کئے گئے تھے ۔ یہ 5 سال کی مدت کا پروگرام ہے جو اہل Caregivers اور ان کے فیملی ممبرز کو کینیڈا آکر مستقل رہائش حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اگر آپ کو کینیڈا میں بطور Caregiver ملازمت آفر ہوتی ہے یا آپ کے پاس وہاں اس شعبے میں کام کرنے کا تجربہ ہے تو آپ ان پائلٹ پروگرامز کے تحت PR کی درخواست دینے کے اہل ہیں۔

LCP پروگرام کے تحت مستقل رہائش یعنی PR کی درخواست صرف اس صورت قابل قبول ہوگی جب آپ کے پاس اس شعبے میں کم از کم 2 سال کینیڈا میں کام کا تجربہ ہو۔
خیال رہے کہ Caregiver پروگرام کیلئے ہر سال محدود تعداد میں ویزے جاری کئے جاتے ہیں۔ جب ایسے ورکرز کا کوٹہ ختم ہوجاتا ہے تو حکومت درخواستیں لینا بند کردیتی ہے۔

Self-Employed

اس پروگرام کے تحت ان تجربہ کار افراد کو کینیڈا آنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے جو ثقافتی سرگرمیوں یا کھیل وغیرہ کے شعبوں میں مہارت رکھتے ہوں اور بطور self-employed شہری یہاں کی مستقل رہائش اختیار کرسکیں۔ اس سکیم کے تحت کینیڈا آنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ کینیڈا میں ثقافت یا کھیل کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا سکیں۔

10۔ Agri-Food Pilot

یہ پروگرام زراعت کے شعبے میں مزدوروں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہے جو کہ 2023ء تک چلے گا۔ یہ مخصوص شعبوں میں تجربے کار non-seasonal ورکرز کو مستقل رہائش اختیار کرنے کا راستہ فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام میں درخواست دینے کیلئے مختلف شعبہ جات اور پیشوں میں آپ کا کینیڈین work experience ہونا ضروری ہے اور ایک فل ٹائم non-seasonal جاب آفر ہونا بھی لازمی ہے جو کہ کیوبیک صوبے سے نہ ہو۔

11- کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنا

یہاں تعلیم حاصل کرنے کیلئے آپ کو سٹڈی پرمٹ حاصل کرنے کی درخواست دینا ہوگی۔ سٹڈی پرمٹ ایک نامزد تعلیمی ادارہ (Designated Learning Institute) جاری کرتا ہے جو غیر ملکی طلباء کو کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کا اجازت نامہ ہوتا ہے۔ اکثر طلباء اسے کینیڈا کی مستقل رہائش اور پھر شہریت حاصل کرنے کی جانب پہلا قدم سمجھتے ہیں۔ یاد رہے کہ سٹڈی پرمٹ کوئی ویزہ نہیں ہے جس پر آپ کینیڈا داخل ہوسکیں۔ آپ کو کینیڈا آنےکیلئے وزٹر ویزہ یا eTA حاصل کرنا ہوگا۔ جیسے ہی آپ کا سٹڈی پرمٹ منظور ہوجاتا ہے، حکومت آپ کو اپروول لیٹر جاری کرے گی اور حسب ضرورت آپ کے پاسپورٹ پر انٹری ویزہ لگایا جائے گا تاکہ آپ کینیڈا منتقل ہوسکیں۔

12- ورک پرمٹ حاصل کرنا

یہ پرمٹ آپ کو کینیڈا میں کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اکثر پروفیشنل تارکین وطن کیلئے ورک پرمٹ مستقل رہائش کا پہلا قدم ہوتا ہے۔ ورک پرمٹس کی 2 مندرجہ ذیل اقسام ہیں:

اوپن ورک پرمٹ: اس کے تحت آپ کینیڈا میں کسی بھی اہل کمپنی میں ملازمت حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔ تاہم اوپن ورک پرمٹ مخصوص حالات میں ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

کلوز ورک پرمٹ: یہ آپ کو صرف اس کمپنی کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دیتا ہے جس کی جاب آفر سے آپ کو یہ پرمٹ جاری کیا گیا ہو۔

کینیڈا میں بطور انٹرنیشنل سٹوڈنٹ کام کرنا

اگر آپ کا سٹڈی پرمٹ کام کرنے کی اجازت دے تو کینیڈا میں بطور بین الاقوامی طالب علم آپ کام کرنے کے اہل ہوتے ہیں ۔ تعلیم مکمل ہونے کے بعد آپ کو جاب کیلئے ورک پرمٹ کی درخواست دینا ہوگی۔ مخصوص نامزد تعلیمی اداروں کے طلباء پوسٹ گریجویٹ ورک پرمٹ (PGWP) کیلئے درخواست دینے کے اہل بھی ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ PGWP کے اہل نہیں تو بھی گریجویشن کے بعد اوپن یا Employer-specific ورک پرمٹ حاصل کرکے آپ کینیڈا میں کام کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں۔ اس دوران کام کا تجربہ حاصل کرنا آپ کو مستقل رہائش کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔

13- کینیڈا میں بطور پناہ گزین آنا

یہ امیگریشن آپشن صرف ان لوگوں کیلئے ہے جن کو حقیقی معنوں میں مدد اور تحفظ کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ سیاسی پناہ کی درخواست دینا عمومی امیگریشن کے قوائد و ضوابط کو بائی پاس کرنے کا کوئی آسان شار ٹ کٹ نہیں ہے۔ یہ صرف حقیقی وجوہات کی بناء پر دی جاتی ہے۔ سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کو سخت جانچ کے مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ ان کا دعویٰ کینیڈا اور بین الاقوامی قوانین کے معیار پر پورا اترتا ہے یا نہیں۔

کینیڈا منتقل ہوکر مستقل رہائش اختیار کرنے کے کئی طریقے ہیں۔ ان سب طریقوں کے بارے میں جان کر آپ کو اندازہ ہوجائے گا کہ کون سا طریقہ آپ کیلئے بہترین آپشن ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر آپ کو غیر یقینی یا پیچیدہ صورتحال کا سامنا ہے تو کسی بااعتماد اور اہل امیگریشن کنسلٹنٹ یا وکیل سے رہنمائی حاصل کریں۔

ذرائع معلومات: گورنمنٹ آف کینیڈا

یہ مضمون صرف عمومی معلومات پیش کرتا ہے نہ کہ قانونی، مالی یا دیگر پیشہ ورانہ امور پر مشورہ۔ قاری اپنی مخصوص صورتحال کے بارے میں پیشہ ور مشیر سے مشورہ کرے۔ اگرچہ پیش کردہ معلومات حقائق پر مبنی اور اپ ڈیٹڈ ہیں لیکن اس کی درستگی کی ضمانت نہیں ہے اور اسے زیر بحث مضامین کا مکمل تجزیہ نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ اس میں بیان کردہ معلومات حکومت کینیڈا اور محتلف ویب سائٹس سے لی گئیں ہیں جو کہ کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتی ہیں۔۔

تحقیق و تحریر: محمد عمران سعید، سلطان کیانی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button