امیگریشن اور سفر

اسٹڈی پرمٹ پر بطور انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ کینیڈا آنے کا مکمل طریقہ!

کینیڈا انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کیلئے بہت پرکشش ملک ہے۔ یہاں آپ کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کے ساتھ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ کینیڈا کی باسہولت امیگریشن پالیسی کے تحت کینیڈین یونیورسٹیوں کے گریجویٹس کو وہاں سیٹل ہوکر مستقل رہائش (PR) اور بالاٰخر شہریت (Nationality) حاصل کرنے کے مواقع بھی میسر آتے ہیں۔

اسٹڈی پرمٹ کیا ہے؟

  IRCC کے مطابق تعلیمی پرمٹ وہ دستاویز ہے جو غیرملکی طلباء کو کینیڈا کے کسی بھی منظور شدہ تعلیمی ادارے (DLI) میں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت فراہم کرتا ہے۔ خیال رہے کہ سٹڈی پرمٹ کوئی ویزہ نہیں جس پر آپ کینیڈا داخل ہوسکیں۔ کینیڈا آنے کیلئے آپ کو وزٹر ویزہ یا  eTA  (الیکٹرانک ٹریول اتھو رائزیشن) کی ضرورت پڑے گی۔ سٹڈی پرمٹ منظور ہونے کے بعد حکومت آپ کو ایک اپروول لیٹر اور پاسپورٹ پر انٹری ویزہ جاری کرے گی تاکہ آپ کینیڈا آکر تعلیم حاصل کرسکیں۔

اسٹڈی پرمٹ کتنے عرصے کیلئے کارآمد ہوتا ہے؟

یہ پرمٹ آپ کے تعلیمی پروگرام کے دورانیئے کے بعد اگلے 90 روز تک کارآمد ہوتا ہے۔ تعلیمی پروگرام ختم ہونے کے 3 ماہ کے اندر آپ کو کینیڈا چھوڑنا ہوگا یا پھر مخصوص صورتوں میں اس عرصے کے دوران اپنے قیام میں توسیع کی درخواست دے کر اسے بڑھا سکتے ہیں۔ 

تاہم بعض صورتوں میں یہ قوانین مختلف ہوسکتے ہیں جیسا کہ:

  • مشروط داخلہ: اگر آپ کا تعلیمی ادارہ مطلوبہ پروگرام میں داخلہ دینے سے پہلے آپ کو انگریزی یا فرانسیسی بطور ثانوی زبان سیکھنے کا کورس کرنے کا کہتا ہے تو آپ کا سٹڈی پرمٹ اس پروگرام کے دورانیئے کے بعد اگلے 1 سال تک کارآمد رہے گا۔ اپنے مطلوبہ تعلیمی پروگرام میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیابی کے بعد آپ کو بطور طالب علم اپنے کینیڈا قیام میں توسیع کیلئے درخواست دینا ہوگی۔
  • کورس مکمل کرنے میں تاخیر: اگر آپ جاری کردہ سٹڈی پرمٹ کے دوران اپنا تعلیمی سال مکمل کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو بھی آپ کو اپنے کینیڈا قیام میں توسیع کی درخواست دینا ہوگی۔
  • قبل از وقت کورس مکمل کرنا: اگر آپ اپنی تعلیم وقت سے پہلے مکمل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو آپ کا سٹڈی پرمٹ اس کے اگلے 90 روز بعد منسوخ ہوجائے گا چاہے اس پرمٹ پر جو بھی تاریخ درج ہو۔ 

سٹڈی پرمٹ کی ایک اہم شرط یہ ہے کہ آپ کو کینیڈا میں اپنی تعلیم جاری رکھنا ہوگی۔ اگر آپ اپنے تعلیمی پروگرام سے بریک لیتے ہیں تو کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کا اجازت نامہ اس بریک کے اگلے 150 دن بعد خودبخود منسوخ ہوجائے گا جس کا پرمٹ پر درج تاریخ تنسیخ سے کوئی تعلق نہیں۔ اس صورت میں آپ کو کینیڈا چھوڑنا ہوگا یا پھر یہاں اپنا امیگریشن سٹیٹس تبدیل کروانا ہوگا۔

تعلیمی پرمٹ کیلئے درخواست دینے کی تیاری کرنا

  • بروقت پلاننگ کریں: اعلیٰ تعلیم کے پروگرام کیلئے درخواست دینے کا عمل کم از کم 1 سال قبل شروع کردینا چاہیئے۔ مثلاً اگر آپ انٹرمیڈیٹ کے طالب علم ہیں اور کینیڈا میں گریجویشن کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کو مطلوبہ کینیڈین کالج/یونیورسٹی میں درخواست دینے کے طریقہ کار اور دیگر امور کے بارے میں ریسرچ کا آغاز سیکنڈ ایئر کے آغاز سے ہی کردینا چاہیئے تاکہ آپ کا قیمتی سال ضائع ہونے سے بچ جائے۔
  • پسندیدہ ڈگری اور تعلیمی ادارے کا انتخاب کریں: بین الاقوامی طالب علم کو کینیڈین سٹڈی پرمٹ صرف منظور شدہ تعلیمی ادارے (DLI) میں داخلے کی صورت میں ہی جاری کیا جاتا ہے۔ ہر کینیڈین صوبہ اور علاقہ اپنا تعلیمی نظام چلانے میں خودمختار ہے۔ یونیورسٹیاں، کالج، نجی کیریئر کالج یا ووکیشنل اور ٹیکنیکل اسکولز کینیڈا میں پوسٹ سیکنڈری اسکول کہلاتے ہیں اور ہر ایک کے اپنے درخواست کے قواعد اور انتخاب کے معیار ہیں۔
  • مختلف تعلیمی پروگرامز کے بارے جاننے کیلئے EduCanada ملاحظہ فرمائیں
  • کینیڈا کے مختلف علاقوں اور صوبوں میں نظام تعلیم کے بارے جاننے کیلئے CICIC سرچ کریں

تعلیم اور رہائش کے اخراجات کا تخمینہ: کالج/یونیورسٹی کی ٹیوشن فیسیں بیرون ملک تعلیم پر اٹھنے والے اخراجات کا سب سے بڑا حصہ ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کی رہائش، کھانا پینا، کپڑے، سفری اخراجات اور کتابوں پر بھی خطیر رقم خرچ ہوجاتی ہے۔ اس آن لائن سٹڈی بجٹ کیلکولیٹر سے آپ مختلف کینیڈین صوبوں اور علاقوں میں تعلیمی اخراجات کا تخمینہ لگا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ کینیڈا بین الاقوامی طلباء کو سرکاری ہیلتھ انشورنس نہیں فراہم کرتا لہذا آپ کو یہ سہولت نجی انشورنس کمپنی سے خریدنا ہوگی۔ 

اسٹڈی پرمٹ کیلئے درخواست جمع کروانے کا مرحلہ وار طریقہ:

نمبر1: ایک منظور شدہ تعلیمی ادارے (DLI) میں داخلہ لیں

سٹڈی پرمٹ کی درخواست دینے کیلئے آپ کو کسی منظور شدہ کینیڈین تعلیمی ادارے میں داخلے کا لیٹر حاصل کرنا لازمی ہوتا ہے۔ DLI ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہوتا ہے جسے کینیڈین صوبے کی حکومت نے بین الاقوامی طلباء و طالبات کی تعلیم کیلئے منظور کیا ہوتا ہے۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند منظور شدہ تعلیمی اداروں کی فہرست یہاں دیکھ سکتے ہیں۔ 

جب آپ کو کسی کالج یا یونیورسٹی میں داخلہ مل جائے تو ثبوت کے طور پر وہ آپ کو ایک acceptance letter جاری کرتے ہیں جس کی بنیاد پر آپ کینیڈا میں سٹڈی پرمٹ کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوجاتے ہیں۔

نمبر 2: ضروری کاغذات تیار رکھیں

اس عمل کے آغاز سے ہی آپ کو تمام ضروری کاغذات اکٹھے کرلینے چاہئیں تاکہ بوقت ضرورت پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ آپ کو سٹڈی پرمٹ کے حصول کیلئے مندرجہ ذیل دستاویزات کی ضرورت پڑ سکتی ہے:

  • داخلے کا ثبوت: آپ کے پاس کسی منظور شدہ کینیڈین تعلیمی ادارے کا acceptance letter ہونا ضروری ہے۔ اس کے بغیر اسٹڈی پرمٹ کیلئے درخواست نہیں دے سکتے
  • شناختی کارڈ اور پاسپورٹ: طالب علم اور اس کے ان رشتہ داروں کی شناختی دستاویزات اور کارآمد پاسپورٹ ہونا ضروری ہیں جو اس کے ساتھ کینیڈا آنے کا ارادہ رکھتے ہیں
  • مناسب فنڈز کا ثبوت: درخواست جمع کرواتے ہوئے آپ کو یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ آپ بحثیت انٹرنیشنل سٹوڈنٹ اپنے تعلیمی اور رہائشی اخراجات برداشت کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے آپ کو مندرجہ ذیل کاغذات کی ضرورت پڑے گی:
  • اپنے نام کینیڈین بینک اکاؤنٹ کا ثبوت اگر آپ اس میں مطلوبہ رقم ٹرانسفر کرچکے ہیں
  • کسی کینیڈین مالیاتی ادارے سے گارنٹیڈ انویسٹمنٹ سرٹیفکیٹ (GIC)
  • کسی بینک سے حاصل کئے گئے تعلیمی قرض کا ثبوت 
  • گزشتہ 4 ماہ پرانی بینک اسٹیٹمنٹ 
  • ایسا بینک ڈرافٹ جسے کینیڈین ڈالرز میں تبدیل کیا جاسکے
  • ٹیوشن اور ہاسٹل کی فیسں ادائیگی کا ثبوت
  • اگر کوئی اسکول یا فرد آپ کی تعلیم سپانسر کررہا ہے تو اس کی جانب سے تصدیق کا لیٹر
  • اگر آپ کینیڈین سکالرشپ پروگرام پر تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو کینیڈا میں اس کی فیس ادائیگیوں کا ثبوت

نوٹ: تعلیمی اخراجات کیلئے فنڈز کے کاغذات تیار کرتے ہوئے یہ لازمی معلوم کریں کہ آپ کو مطلوبہ تعلیمی ادارے میں پڑھائی کے دوران کم از کم کتنے اخراجات درکار ہوں گے۔ اگر آپ اپنے ساتھ کسی رشتہ دار کو بھی لے جارہے ہیں تو اس کے تمام اخراجات بھی آپ کے ذمے ہوں گے۔

اگر آپ سٹڈی پرمٹ کی درخواست دینے سے قبل ہی یونیورسٹی کو ٹیوشن فیس ادا کررہے ہیں تو ان سے یہ ضرور معلوم کریں کہ آیا یہ فیس قابل واپسی ہے یا نہیں۔ بعض تعلیمی ادارے سٹڈی پرمٹ کی درخواست مسترد ہونے پر بھی فیس واپس نہیں کرتے-

  • لیٹر آف ایکس پلینیشن: درخواست کے ساتھ ایک لیٹر آف ایکس پلینیشن بھی لگانا ہوگا جس میں آپ ویزہ آفیسر کو یہ بتائیں گے کہ آپ کیوں سٹڈی پرمٹ پر کینیڈا جا کر تعلیم حاصل کرنا چاہ رہے ہیں اور یہ تعلیمی پروگرام کس طرح آپ کے کیریئر کیلئے اہم ہے۔ اس لیٹر پر خاص توجہ دیں کیونکہ دیگر ضروری کاغذات کی طرح یہ بھی اسٹڈی پرمٹ حاصل کرنے کیلئے ایک اہم دستاویز ہے۔
  •  CAQ (صرف کیوبیک کیلئے): یہ صرف ان سٹوڈنٹس کیلئے ضروری ہے جو کہ صوبہ کیوبیک میں تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ d’acceptation du Québec صوبے کی حکومت جاری کرتی ہے۔ ایک بار منظور شدہ ادارے سے داخلہ ملنے کے بعد وہ خود آپ کو گائیڈ کریں گے کہ یہ سرٹیفیکٹ کیسے حاصل کرنا ہے۔ 
  • کسٹوڈین ڈکلریشن (صرف نابالغ سٹوڈنٹس کیلئے): 18 سال سے کم عمر طلباء و طالبات کو نوٹرائزڈ کسٹوڈین ڈکلیئریشن سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوگی جو کہ ان کے والدین/سرپرست کی جانب سے بنوایا جائے گا۔
  • میڈیکل فٹنس ٹیسٹ: کینیڈا آنے کیلئے آپ کو میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے جو کہ اس لئے ضروری ہوتا ہے کہ میڈیکل وجوہات کی بناء پر ان فٹ لوگ کینیڈا نہ آ پائیں۔
  • پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ: یہ جاننے کیلئے کہ امیدوار پہلے کسی سنگین جرم میں ملوث تو نہیں رہا، پولیس (کریکٹر) سرٹیفکیٹ بھی سٹڈی پرمٹ کی درخواست کے ساتھ طلب کیا جاسکتا ہے۔ یہ شرط 18 سال سے زائد عمر کے ان تمام فیملی ممبرز کیلئے بھی ہے جو کہ طالب علم کے ساتھ کینیڈا آنا چاہ رہے ہیں۔
  • دیگر کاغذات: ان تمام دستاویزات کے علاوہ بھی مقامی ویزہ آفس آپ سے کچھ مزید کاغذات کا مطالبہ کرسکتا ہے جو وہاں کی ڈاکومنٹ چیک لسٹ میں موجود ہوں

نمبر3: درخواست دیں

اسٹوڈنٹ پرمٹ کیلئے آپ آن لائن یا کاغذات کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں جو ریگولر ڈاک یا پرائیویٹ کوریئر کے ذریعے IRCC کو بھیجی جاتی ہے۔ کینیڈین حکومت کی ویب سائٹ پر درخواست جمع کروانے کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔

آپ اپنے علاقے کے حساب سے سٹڈی پرمٹ درخواستوں پر عمل کے اوسط دورانیئے کے بارے میں بھی آن لائن معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ موسم گرما کے دوران درخواستیں نمٹانے کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے لہذا طلباء کو چاہیئے کہ وہ اتنا پہلے اپلائی کریں تاکہ اپنا تعلیمی پروگرام شروع ہونے سے پہلے اسٹوڈنٹ پرمٹ پر کینیڈا پہنچ سکیں۔

سٹوڈنٹ ڈائریکٹ اسٹریم:

اگر آپ پاکستان، انڈیا، چین، فلپائن، سینی گال یا ویت نام سے اسٹڈی پرمٹ کی درخواست دے رہے ہیں تو آپ 20 روزہ ایکسپریس پراسیسنگ اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے آپ کو Student Direct Stream کے ذریعے اپلائی کرنا ہوگا۔

جب آپ کی درخواست زیر غور ہوگی تو اسی دوران آپ کو بائیومیٹرک کروانے کا کہا جائے گا۔ بائیومیٹرک فیس ادا کرنے کے بعد آپ کو اس مرحلے کو مکمل کرنے کیلئے گائیڈلائن دی جائیں گی۔ بائیومیٹرک کا عمل آپ کو اگلے 30 روز کے اندر لازمی کروانا ہوگا کیونکہ اس کے بغیر آپ کی درخواست کو پراسیس نہیں کیا جائے گا۔ اس کے بعد آپ کو میڈیکل فٹنس ٹیسٹ اور پولیس سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کا کہا جاسکتا ہے۔ اگر آپ سٹڈی پرمٹ جلد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ یہ ضروری دستاویزات درخواست کے ساتھ ہی جمع کروا دیں۔ 

نمبر4: کینیڈا جانے کی تیاری کریں

اسٹوڈنٹ پرمٹ کی درخواست منظور ہونے کی صورت میں آپ کو ایک Letter of Introduction جاری کیا جائے گا۔ یہ اسٹڈی پرمٹ نہیں بلکہ وہ کاغذ ہے جو کینیڈا داخل ہوتے وقت آپ کو بارڈر آفیسر کو دکھانا ہے۔ اس کے ساتھ آپ کو eTA یا پاسپورٹ پر عارضی رہائشی ویزہ (TRV) جاری کیا جائے گا تاکہ آپ کینیڈا آسکیں۔ اس مقصد کیلئے آپ کو اپنا پاسپورٹ اسٹیمپ کروانے کیلئے کینیڈین ایمبیسی میں جمع کروانا ہوگا۔

کینیڈا آمد پر آپ بارڈر سروس آفیسر سے ملیں گے جو:

  • آپ سے کینیڈین ویزہ لگا پاسپورٹ، لیٹر آف انٹروڈکشن، یونیورسٹی میں داخلے کا لیٹر اور تعلیمی اخراجات کی موجودگی کے ثبوت چیک کرے گا
  • کچھ سوالات کرے گا جو کہ آپ کی امیگریشن درخواست سے متعلق ہوں گے
  • اس بات کو یقینی بنائے گا کہ آپ کینیڈا داخل ہونے کے اہل ہیں۔

اپنے تعلیمی پروگرام کی نوعیت کے مطابق ممکن ہے کہ آپ کو ثابت کرنا پڑے کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ کینیڈا چھوڑ دیں گے۔

یاد رکھیں! تمام ضروری کاغذات، پاسپورٹ، کیش، کریڈٹ کارڈ اور ٹریولر چیکس وغیرہ ہمیشہ اپنے پاس رکھیں اور انہیں ایئرلائن کو جمع کروائے ہوئے بیگ میں ہرگز نہ ڈالیں۔ اگر مطلوبہ کاغذات میں سے کوئی ایک بھی موجود نہ ہوا یا درخواست فارم پر آپ کی فراہم کردہ معلومات غلط پائی گئی تو آپ کو کینیڈا داخلے سے روک کر ڈی پورٹ کیا جاسکتا ہے۔

اگر آپ کے پاس 10 ہزار کینیڈین ڈالرز (یا مساوی مالیت کی کوئی بھی کرنسی) سے زائد رقم ہے تو کینیڈا پہنچنے پر امیگریشن آفیسر کو ضرور بتائیں۔ چھپائی ہوئی رقم اگر پکڑی گئی تو اسے ضبط کرکے آپ پر جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔

اگر آفیسر مکمل کاغذات دیکھ کر مطمئن ہوتا ہے تو آپ کو اسٹڈی پرمٹ کی دستاویز جاری کردی جائے گی۔ ممکن ہے کہ آپ کا پاسپورٹ بھی سٹیمپ کیا جائے جس میں یہ درج ہوگا کہ آپ کب تک قانونی طور پر کینیڈا میں قیام کے مجاز ہیں۔ یہ مدت عام طور پر سٹڈی پرمٹ کے حساب سے متعین کی جاتی ہے۔

پرمٹ جاری ہونے کے بعد ایئرپورٹ پر ہی آپ کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ اس میں کوئی غلطی نہ ہو۔ اگر آپ کو اسٹڈی پرمٹ میں کوئی غلطی نظر آئے تو بارڈر سروس آفیسر کو بتائیں تاکہ اسے موقع پر ہی درست کیا جاسکے۔ سٹڈی پرمٹ پر درج شرائط و ضوابط بھی پڑھ لیں تاکہ کینیڈا قیام کے دوران آپ ان پر عمل کرسکیں۔

کینیڈا میں تعلیم کے دوران کام کرنا

زیادہ تر انٹرنیشنل سٹوڈنٹس پڑھائی کے دوران پارٹ ٹائم کام بھی کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے رہائشی اخراجات پورے کرنے کے علاوہ کینیڈا میں کام کا تجربہ بھی حاصل کرسکیں۔ غیرملکی طلباء مندرجہ ذیل طریقوں سے دوران تعلیم روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔

کالج/یونیورسٹی کیمپس کے اندر یا باہر کام کرنا

6 ماہ اور اس سے زائد دورانیئے کے تعلیمی پروگرام (ڈگری، سرٹیفکیکٹ یا ڈپلومہ وغیرہ) پر کینیڈا آئے وہ طلباء و طالبات پارٹ ٹائم کام کرنے کے اہل ہوتے ہیں جن کے اسٹڈؑی پرمٹ میں آن کیمپس یا آف کیمپس کام کرنے کا اجازت نامہ موجود ہو۔ بطور طالب علم آپ کو اپنے سٹوڈنٹ پرمٹ کے مطابق ہی پارٹ ٹائم کام کرنا چاہیئے کیونکہ اس کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں آپ کو تعلیم کے بعد پوسٹ گریجویٹ ورک پرمٹ (PGWP)  کے حصول میں دشواری کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کو اسٹڈی پرمٹ میں موجود پارٹ ٹائم ورک کی اجازت کے بارے سمجھنے میں دشواری کا سامنا ہے تو آپ کو مجاز امیگریشن نمائندے سے مشورہ کرنا چاہیئے۔

انٹرن شپ

اگر کورس میں کام کا تجربہ حاصل کرنے کی شرط ہو تو سٹوڈنٹس انٹرن شپ پروگرامز کیلئے بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔ تاہم یہ انٹرن شپ  Co-op Work Permit سے منظور شدہ ہونی چاہیئے۔ 

نوٹ: اگر آپ فل ٹائم کورس پڑھ رہے ہیں تو کوئی پارٹ ٹائم کام تلاش کرنے سے پہلے اپنی تعلیمی سرگرمیوں کا شیڈول ضرور دیکھیں۔ ممکن ہے کہ تعلیمی مصروفیات کے باعث آپ کے پاس پارٹ ٹائم کام کیلئے بھی وقت نہ ہو۔

گریجویشن کے بعد روزگار تلاش کرنا

تعلیم مکمل کرنے کے بعد بین الاقوامی طلباء و طالبات ورک پرمٹ حاصل کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں۔ ورک پرمٹس کی کئی اقسام ہیں، سب سے پہلا قدم یہ معلوم کرنا ہے کہ آپ کس ورک پرمٹ کے اہل ہیں۔

Post-graduation Work Permit (PGWP): 8 ماہ سے 2 سال تک کے تعلیمی پروگرام پر کینیڈا آنے والے طلباء ایسے PGWP کے اہل ہوسکتے ہیں جس کا دورانیہ آپ کے تعلیمی پروگرام کے برابر ہوگا۔ 2 سال سے زائد عرصے کی ڈگری والے کامیاب سٹوڈنٹس کو 3 سال کا PGWP مل سکتا ہے۔ تاہم وہ تعلیمی پروگرامزجن کا دورانیہ 8 ماہ سے کم ہو یا وہ جو پرائیویٹ کیریئر کالج سے گریجویٹ ہوئے ہوں، PGWP کیلئے درخواست دینے کے اہل نہیں۔ اس کلاس کے ورک پرمٹ کیلئے طلباء کو فل سٹوڈنٹ سٹیٹس برقرار رکھنا ہوتا ہے جس میں محدود پارٹ ٹائم کام کرنے کی پابندیوں پر عمل کرنا شامل ہے۔ اگر آپ مستقبل میں PGWP کیلئے درخواست دینے کا ارادہ رکھتے ہیں تو بہتر ہے کہ کسی پروگرام میں داخلہ لینے سے پہلے یہ ضرور معلوم کریں کہ وہ گریجویشن کے بعد اس کے اہل ہوں گے یا نہیں۔

اوپن ورک پرمٹ: اس پرمٹ کے حامل افراد ماسوائے چند ممنوعہ شعبہ جات کے کسی بھی کمپنی کیلئے کام کرسکتے ہیں

مخصوص ایمپلائر کا جاری کردہ ورک پرمٹ: اس پرمٹ پر صرف اسی کمپنی کیلئے کام کرنے کی محدود اجازت ہوتی ہے جس نے یہ جاری کیا ہو۔ 

ضروری اعلان: فروری 2021 میں IRCC نے ایک اعلامیے میں عندیہ دیا تھا کہ مستقبل میں کینیڈین تعلیمی اداروں کے وہ سٹوڈنٹس بھی PGWP کی درخواست دینے کے اہل ہوں گے جنہوں نے کینیڈا سے باہر رہ کر آن لائن تعلیم مکمل کی ہے۔ 

یہ نئے اصول مندرجہ ذیل بین الاقوامی طلباء و طالبات پر لاگو ہوں گے:

  • جو PGWP کی اہلیت رکھنے والے تعلیمی پروگرامز میں شامل ہوں
  • اپنا تعلیمی سمسٹر بہار 2020 سے خزاں 2021 کے درمیان شروع کررہے ہوں یا ایسے پروگرام کا حصہ ہوں جو کہ مارچ 2020 سے ہی شروع ہوچکا ہے
  • ان کے پاس سٹڈی پرمٹ یا اس کیلئے اپروول لیٹر ہو، یا انہوں نے پروگرام شروع ہونے سے پہلے سٹڈی پرمٹ کیلئے درخواست دی ہو اور وہ بالاٰخر منظور ہوگیا ہو؛ اور
  • وہ PGWP کی اہلیت پر پورا اترتے ہوں

تعلیمی ویزہ مستقل رہائشی پرمٹ (PR) کے حصول کا پہلا قدم

ایسے غیرملکی طلباء جو کینیڈا میں گریجویشن مکمل کرنے کے بعد وہاں ورک پرمٹ پر کام کا تجربہ حاصل کرلیتے ہیں، ان میں سے اکثر PR کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوجاتے ہیں۔ کینیڈین یونیورسٹی کی تعلیمی ڈگری اور وہاں کا تجربہ حاصل کرنا آپ کو مستقل رہائش کے حصول میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ 

ذرائع معلومات: گورنمنٹ آف کینیڈا

یہ مضمون صرف عمومی معلومات پیش کرتا ہے نہ کہ قانونی، مالی یا دیگر پیشہ ورانہ امور پر مشورہ۔ قاری اپنی مخصوص صورتحال کے بارے میں پیشہ ور مشیر سے مشورہ کرے۔ اگرچہ پیش کردہ معلومات حقائق پر مبنی اور اپ ڈیٹڈ ہیں لیکن اس کی درستگی کی ضمانت نہیں ہے اور اسے زیر بحث مضامین کا مکمل تجزیہ نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ اس میں بیان کردہ معلومات حکومت کینیڈا اور محتلف ویب سائٹس سے لی گئیں ہیں جو کہ کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتی ہیں۔

تحقیق و تحریر: محمد عمران سعید، سلطان کیانی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button