پاکستان

 20 دسمبر تک عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کیا گیا تو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کردی جائے گی’ فواد چوہدری

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ 20 دسمبر تک عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کیا گیا تو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے منصوبے کا اعلان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ ماہ راولپنڈی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا تھا۔

گزشتہ روز فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’اگر پی ڈی ایم 20 دسمبر تک ملک بھر میں عام انتخابات کا کوئ حتمی فارمولا سامنے نہیں لاتی تو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی‘۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 20 مارچ سے قبل عام انتخابات کا عمل مکمل ہو گا، اس ضمن میں اتحادیوں کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کے اکابرین الیکشن نہیں چاہتے لیکن ملک کیسے چلانا ہے کوئی پتا نہیں، صرف وزیر بنانا اور بیرونی دورے کرنے سے ملک نہیں چلتے، یہ ایک پیچیدہ اور مشکل کام ہے جس کی اہلیت ان حکمرانوں میں نہیں ہے’۔

انہوں نے واضح کیا کہ ’پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور یہ مستحکم حکومت کے بغیر ممکن نہیں‘۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی اکثریتی حکومت ہے تاہم پنجاب میں پی ٹی آئی کی مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اتحادی حکومت قائم ہے۔

اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ق) اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے تاحال تذبذب کا شکار ہے، بظاہر مسلم لیگ (ق) اعلانیہ طور پر عمران خان کے مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے لیکن اس نے انہیں متنبہ کیا ہے کہ وہ اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ لینے سے قبل موجودہ سیاسی صورتحال کا دانشمندی سے جائزہ لیں۔

رہنما مسلم لیگ (ق) اور وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پارٹی عمران خان کے منصوبے کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔

لیکن انہوں نے عمران خان کو یہ مشورہ بھی دیا کہ اس حقیقت کو ذہن میں رکھیں کہ مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت کے پاس تکنیکی بنیادوں پر انتخابات میں تاخیر کی گنجائش باقی نہ رہے کیونکہ یہ صورتحال دونوں صوبوں میں اقتدار سے باہر ہونے کے بعد دونوں جماعتوں کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button