اونٹاریو ویکسین پاسپورٹ، آپ کو کیا جاننے کی ضرورت ہے؟
22 ستمبر سے شروع ہونے والے صوبے کے نئے ویکسین سرٹیفکیشن پروگرام کے تحت اونٹاریو میں غیر ضروری کاروباروں بشمول جم، انڈور ریستوران، فلم تھیٹر اور کنسرٹ ہال تک رسائی کے لئے کوویڈ-19 ویکسین یشن کے ثبوت کی ضرورت ہوگی۔
اونٹاریو کے پریمیئر ڈوگ فورڈ نے بدھ کی سہ پہر ایک نیوز کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری کاروباروں اور سہولیات کو کھلا رکھنے کے لئے سرٹیفکیٹ ضروری ہے کیونکہ ڈیلٹا ویرینٹ کوویڈ-19کی چوتھی لہر کو ہوا دے رہا ہے۔
فورڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ اپنے طبی ماہرین کے ساتھ گہری بات چیت کے بعد ہم ویکسین سرٹیفکیٹ پالیسی لا رہے ہیں۔
"ہمارے پاس یہاں دو اختیارات ہیں۔ ہم یا تو ویکسین پاسپورٹ سسٹم نافذ کریں یا ہم لاک ڈاؤن لگائیں جو اس سے بھی بدتر ہوگا۔
ویکسین سرٹیفکیٹ کے اہل افراد کے پاس منظور شدہ کوویڈ-19 ویکسین کی دونوں خوراکیں ہونی چاہئیں، جس سے وہ کیسینو، کنسرٹ مقامات، تھیٹر، سینما گھروں، کھیلوں کی سہولیات اور تقریبات، بینکویٹ ہال، بنگو ہال، کنونشن سینٹرز، نائٹ کلبوں کا دورہ کر سکیں گے اور انڈور فوڈ اینڈ ڈرنک اسٹیبلشمنٹ میں کھانا کھا سکیں گے۔
صوبائی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ ضروری سامان کی خریداری، سیلون اور باربر شاپس، بینکوں، عبادت گاہوں، ضروری خدمات، کام کی جگہوں یا پیٹیو اور دیگر بیرونی جگہوں کے لئے سرٹیفکیٹ ضروری نہیں ہے۔
صوبے نے کہا ہےکہ کچھ غیر ضروری کاروباروں جیسے سیلون اور باربر شاپس کو ویکسین سرٹیفکیٹ کے اصول سے مستثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ انفیکشن کنٹرول کے مضبوط طریقوں کی وجہ سے ان جگہوں میں ٹرانسمیشن کا خطرہ اتنا زیادہ نہیں ہے۔
اونٹاریو کے میڈیکل آفیسر آف ہیلتھ ڈاکٹر کیرن مور نے بدھ کے روز نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہم نے جن مقامات کا انتخاب کیا ہے وہ اونٹاریو میں پائے جانے والے خطرے کے خلاف جوابدہ ہیں۔ اگر دیگر مقامات پر خطرہ بڑھ جاتا ہے تو ہم اونٹیرینز کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات شامل کر سکتے ہیں اور ان پر عمل درآمد کر سکتے ہیں۔
ویکسین سرٹیفکیٹ کہاں سے حاصل کریں
ابھی حکومت اکتوبرمیں ڈیجیٹل ویکسین سرٹیفکیٹ تیار کرنے کے لئے موبائل ایپ پر کام کر رہی ہے تو صوبے کا کہنا ہے کہ اس دوران لوگ صوبائی پورٹل پر پی ڈی ایف فارمیٹ میں دستیاب اپنی ویکسین کی رسیدوں کا استعمال کریں گے۔ سرخ اور سفید ہیلتھ کارڈ رکھنے والے افراد اپنی رسید کی کاپی حاصل کرنے کے لئے ویکسین بکنگ لائن پر کال کرسکتے ہیں۔
ویکسین کے سرکاری سرٹیفکیٹ کے لئے صوبہ ویکسین لگوانے والے افراد کے لئے ذاتی کیو آر کوڈ قائم کرنے کے لئے کام کر رہا ہے جس کے 22 اکتوبر تک تیار ہونے کی توقع ہے۔ لوگ یا تو اپنے فون پر کیو آر کوڈ سکین کر سکتے ہیں یا ذخیرہ کرسکتے ہیں۔ اسے حکومت کی جانب سے جاری کردہ فوٹو آئی ڈی کے ساتھ استعمال کیاجا سکے گا۔