کمیونٹی نیوز

کینیڈا بھر میں جشن آزادی پاکستان کی تقریبات کا شیڈول

اگرچہ اس سال بھی کوویڈ-19 کے ساۓ کینیڈا میں بڑھ اور گھٹ رہے ہیں اور مختلف صوبوں میں کوویڈ-19 کی صورتحال اور سماجی پابندیاں بھی مختلف ہیں، تاہم سال گذشتہ کی نسبت امسال صورتحال بہت بہتر ہے جبکہ آبادی کا بیشتر حصہ ویکسین حاصل کرچکا ہے۔ اسی تناظرمیں پچھلے سال کی نسبت پاکستان کی 74ویں سالگرہ کی تقریبات زیادہ جوش و خروش کے ساتھ منانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اردو نیوز اپنے قارئین کے لئے کینیڈا بھر میں ہونے والی جشن آزادی کی تقریبات کو ذیل میں رپورٹ کررہی ہے:

نووا اسکوشیا

کیرنی لیک مسجد، ہیلی فیکس، نووا اسکوشیا میں 4 بجے شام ایک آؤٹ ڈور تقریب کا اہتمام کیا جاۓ گا جس میں لوکل پاکستانی کمیونٹی کے افراد شرکت کریں گے۔ مقامی ریستوان کی جانب سے ڈنر کا انتظام بھی کیا جاۓ گا۔

ساسکیچوان

پاکستان کینیڈا کلچرل ایسوسی ایشن آف ساسکاٹون کے زیر انتظام اس سال 14 اگست کو دوسری سالانہ کار ریلی اور پاکستانی پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام ساسکاٹون فیلڈ ہاؤس، 2020 کالج ڈرائیو پر کیا جارہا ہے جس میں پاکستانی کمیونٹی کے تمام افراد کو دعوت عام دی گئی ہے۔ کار ریلی کا آغاز شام 6 بجے فیلڈ ہاؤس کی پارکنگ سے کیا جاۓ گا جبکہ اسکا اختتام سوک اسکوائیر پر پاکستانی پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب میں کیا جاۓ گا۔

مینی ٹوبا

کینیڈا پاکستان ٹریڈ اینڈ کلچرل ایسوسی ایشن آف مینی ٹوبا کے زیرانتظام 74ویں یوم آزادی کی تقریب سہ پہر 3 بجے کریسنٹ ڈرائیو پارک پر منعقد کی جاۓ گی جس میں تمام کینیڈین پاکستانی شہریوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

کیلگری، البرٹا

پاکستانی کینیڈین کلچرل ایسوسی ایشن کی جانب سے سٹی آف کیلگری، میونسپل پلازہ میں پرچم لہرانے کی تقریب کا اہتمام کیا جاۓ گا۔

جبکہ کیلگری ہی میں پی سی اے (پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن) کیلگری ہال میں پاکستانی پرچم لہرانے کی تقریب منعقد کی جاۓ گی۔

اوٹاوا

‘سلام پاکستان کینیڈا’ کے زیرانتظام آزادی مارچ کا اہتمام کیا گیا ہے جو کہ لاریر ایونیو اور کمبرلینڈ سے رینج روڈ پر اسٹریتھکونا پارک کی طرف دوپہر 12 بجے کیا جائے گا۔

ٹورانٹو

کمیونٹی ٹی وی اور دل دل پاکستان کی طرف سے میپل بینکویٹ ہال، میسی ساگا میں پرچم لہرانے کی تقریب 14 اگست کو شام 5 بجے منعقد کی جاۓ گی۔ تقریب میں پاکستانی پرچم لہرانے کے علاوہ پاکستانی قومی ترانہ بھی گایا جاۓ گا۔ اس تقریب میں ایم پی اقرا خالد، میسی ساگا میئر بونی کرومبی، میئربرامپٹن پیٹرک براؤن، اونٹاریو منسٹر خالد رشید، قونصلیٹ جنرل پاکستان عبدالحمید، ایم پی اسکاربرو سینٹر سلمی زاہد اور پاکستانی کینیڈین میڈیا پرسنز شرکت کریں گے۔

میسی ساگا، اونٹاریو کے ‘میڈوویل کنزرویشن ایریا’ میں ‘نسٹیان کینیڈا’ کی طرف سے ‘انڈیپینڈنس ڈے پیٹیو ایونٹ’ کا انتظام کیا گیا ہے جو 14 اگست کو سہہ پہر 3 بجے سے شروع ہوگا۔

میسی ساگا، اونٹاریو میں ہی ‘کراچی ہائی وے کڑاہی’ کے زیر اہتمام ‘فری لائیو حلیم نائٹ’ 13 اگست رات 9 بجے سے 1 بجے لیٹ نائٹ تک موسیقی کے ساتھ منائی جاۓ گی۔

پاک کینیڈا کمیونٹی سروسز کی طرف سے ‘کیپٹل بینکویٹ ہال’ میں یوم آزادی کا عشائیہ دیا جاۓ گا۔

ملٹن، اونٹاریو میں ‘ممز اینڈ ڈیزیز’ کی طرف سے جشن آزادی کی تقریب ملٹن کمیونٹی اسپورٹس پارک، 805 سانٹا ماریا بلیوارڈ، میں سہہ پہر 3 سے شام 6 بجے تک منعقد کی جاۓ گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button