پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، شہباز گِل

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گلِ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کی سمری منظور نہیں کی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس وقت کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہباز گِل نے کہا کہ وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت 11 روپے اور ڈیزل 14 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سمری کو منظور نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن پاکستانی عوام کو اس مہنگائی سے بچانے کے لیے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔
شہباز گِل نے کہا کہ وزیراعظم نے اس سمری کو مسترد کردیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس وقت کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اس وقت حکومت بڑھتی قیمت کا بوجھ اپنے اوپر لے گی اور عوام کو اس سے بچانے کی کوشش کرے گی۔
اردو اخبار کے مطابق 31 جنوری سے آئندہ 15 روز تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 سے 15 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
اخباری ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیکس کی شرح، درآمدی برابری کی قیمت اور شرح تبادلہ کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 85 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 70 پیسے کا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ڈیزل تیل 9 روپے فی لیٹر مہنگا ہو سکتا تھا۔
آئی ایم ایف کے وعدے کے مطابق 4 روپے مزید اضافے سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے 70 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 85 پیسے اضافے کا امکان ہے۔
تاہم، ایک اہلکار نے کہا کہ حکومت عوامی تنقید سے بچنے اور عوام پر مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس کم کر سکتی ہے۔




