لائف ان کینیڈا

اکیلے کینیڈا آنے والوں کیلئے اہم حفاظتی تدابیر

کینیڈا ایک محفوظ ملک ہے جو دنیا بھر سے آنے والے ہر عمر کے لوگوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ جرائم کی انتہائی کم شرح اور محفوظ معاشرے کے لحاظ سے 2020ء میں OECD لائف انڈیکس نے کینیڈا کو 10 میں سے 7.4 نمبر دیئے تھے۔ احساس تحفظ اس ملک میں نئے آنے والے تارکین وطن کو بہتر طرز زندگی فراہم کرتا ہے۔ تاہم اگر آپ پہلی بار اکیلے کینیڈا آرہے ہیں یا اس ملک کے کلچر سے ناواقف ہیں تو آپ کو اپنا تحفظ یقینی بنانے کیلئے کچھ اقدامات کرنا ہوں گے۔

اس آرٹیکل میں اکیلے کینیڈا آنے والے تارکین وطن کیلئے حفاظتی تدابیر کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ اس گائیڈ میں محفوظ رہائش، ٹرانسپورٹ اور ایمرجنسی سروسز کے بارے میں اہم معلومات شامل ہیں۔ یہ حفاظتی تدابیر بالخصوص کم عمر طلباء اور اکیلی خواتین کیلئے بہت مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ بہرحال تمام نئے امیگرنٹس بھی اس آرٹیکل میں موجود مفید معلومات سے استفادہ کرتے ہوئے کینیڈا میں اپنی زندگی محفوظ اور خوشگوار بنا سکتے ہیں۔

نئے آنے والے اکیلے مرد اور خواتین تارکین وطن کیسے مدد حاصل کریں؟

اگرچہ آپ اکیلے کینیڈا آرہے ہیں تاہم یاد رکھیں کہ یہاں کی کئی تنظیمیں نئے گھر میں آپ کا تحفظ کا یقینی بنانے کیلئے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ آپ کو قابل بھروسہ افراد کا ایک ایسا نیٹ ورک بنانا چاہیئے جو آپ کی سکیورٹی یقینی بنانے میں معاون ہوسکے۔
ضروری نہیں کہ آپ لوگوں کو اپنے بارے ہر پل کی خبر دیتے رہیں لیکن جب کسی نئی جگہ جائیں تو کم از کم ایک یا دو قابل بھروسہ لوگوں کو یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ آپ کہاں پر ہیں تاکہ اچانک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی صورت میں مدد حاصل کرنے میں آسانی رہے۔

یقیناً ایسی حفاظتی تدابیر تو آپ اپنے ملک میں بھی اختیار کرتے ہوں۔ اپنے دوستوں اور فیملی کو بتاتے ہوں گے کہ اگر ان سے آپ کا رابطہ منقطع ہوجائے تو کیسے پولیس کو مطلع کرنا ہے۔ چونکہ اس ملک میں آپ نئے ہیں تو دوست بنانے میں آپ کو کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ ایسے میں مندرجہ ذیل تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنا تحفظ ممکن ہے-

قابل اعتماد پڑوسی: آپ کے رہائشی پارٹنر یا وہ پڑوسی جس پر آپ بھروسہ کرسکتے ہیں، اس مقصد کیلئے ایک بہتر انتخاب ہیں کیونکہ وہ آپ کے روزمرہ معمولات سے واقف ہوتے ہیں۔ اپنے پڑوسی کا فون نمبر لیں اور اگر آپ کو اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لانا ہو تو اسے ضرور آگاہ کریں تاکہ وہ آپ پر نظر رکھ سکے۔

دفتری ساتھی/کولیگ: چاہے آپ گھر سے کام کرتے ہوں یا کسی سائٹ پر پر ملازمت، ممکنہ طور پر کئی ایسے ساتھی ضرور ہوں گے جن سے آپ روز بات چیت کرتے ہیں۔ یہ لوگ بھی آپ کے سیفٹی نیٹ ورک کا حصہ بن سکتے ہیں۔

یونیورسٹی گروپ: اگر آپ طالب علم ہیں تو آپ کی یونیورسٹی بھی نئے آنے والے طلباء کے سپورٹ گروپ میں شامل کرکے آپ کو سہولت فراہم کرسکتی ہے۔

فلاحی تنظیموں کے سپورٹ گروپ: یہ اپنے جیسے دیگر نئے تارکین وطن سے رابطے بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ YMCA اور YWCA کے کیمونٹی سنٹرز کینیڈا بھر کیلئے ایسی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ newcomer support Canada کے ساتھ اپنے صوبے کا نام لکھ کر وہاں کی مختلف ایسی فلاحی تنظیموں کے بارے میں جان سکتے ہیں جو نئے تارکین وطن کو مناسب رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر یاد رکھیں

کسی ہنگامی صورتحال میں میں فوری مدد کیلئے آپ کو نئے ملک کے ایمرجنسی ہیلپ لائن اور دیگر اہم ٹیلی فون نمبر معلوم ہونا چاہئیں۔ اپنے تمام قریبی قابل بھروسہ ساتھیوں اور مقامی دوستوں کے رابطہ نمبر اپنے فون میں محفوظ کرلیں یا/اور کاغذ پر پرنٹ کرکے ہر وقت اپنے پاس رکھیں۔ اگر آپ کو ایسی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے جس میں آپ کی جان و مال کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو تو سب سے پہلے ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کریں۔ کینیڈا میں ایمرجنسی مدد حاصل کرنے کا فون نمبر 911 ہے جس کے ذریعے آپ پولیس، ایمبولینس اور فائر ریسکیو سروس کی مدد حاصل کرسکتے ہیں۔ کال کے دوران اپنے حواس برقرار رکھیں اور رابطہ ہوتے ہی سب سے پہلے اپنی لوکیشن (ایڈریس) بتائیں جہاں پر آپ کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ آپریٹر کو اپنا نام اور ایمرجنسی کی نوعیت بھی ضرور بتائیں۔ لائن پر موجود مددگار آپ کو کوئی ہدایت دے سکتے ہیں، اسے غور سے سنیں کیونکہ اس پر صحیح طریقے سے عمل کرنا آپ کے تحفظ کیلئے ضروری ہے۔ 911 ایمرجنسی آپریٹر کی اجازت کے بغیر کال منقطع ہرگز نہ کریں۔

اس کے علاوہ شہری معلومات کیلئے 311، سوشل کمیونٹی سروس جیسے نفسیاتی مسائل سے متعلق مدد کیلئے 211 اور بچوں سے متعلق رہنمائی کیلئے 1-800-668-6868 ڈائل کریں۔

اپنے ضروری کاغذات کو محفوظ رکھیں

آپ کا پاسپورٹ، سوشل انشورنس نمبر کارڈ، بینک سے متعلق معلومات، انشورنس اور میڈیکل کاغذات بہت اہم ہیں کیونکہ گم ہونے کی صورت میں انہیں دوبارہ بنوانا کافی مشکل اور وقت کا ضیاع ثابت ہوسکتا ہے۔ بعض چور بھی ایسے کاغذات کی تلاش میں ہوتے ہیں کیونکہ وہ آپ کی شناخت اور مالیاتی معلومات کو چرا کر غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھ کر آپ اپنے ضروری کاغذات کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں

صرف ضروری کاغذات کے ساتھ باہر نکلیں

کہیں باہر جاتے ہوئے اپنے ساتھ غیر ضروری اہم کاغذات اور قیمتی چیزیں لے جانے سے گریز کریں۔ اپنا پاسپورٹ، امیگریشن کاغذات، مالیاتی کاغذات، غیر ضروری کیش، قیمتی جیولری اور کوئی بھی ایسی چیز جو آپ کیلئے ضروری نہیں، گھر چھوڑ کر سفر کریں۔

ضروری کاغذات کی کاپیاں بنائیں

تمام اہم دستاویزات کے فوٹوکاپی پرنٹس، سکین کاپی اور/یا تصاویر وغیرہ بنانا بہت ضروری ہے۔ ان کاپیوں کو مختلف جگہوں پر محفوظ کریں تاکہ اگر اصل دستاویزات گم بھی ہوجائیں تو کم از کم آپ کے پاس اس کی نقل ضرور موجود ہو جس سے ڈوپلیکیٹ دستاویزات دوبارہ بنوانا نسبتاً آسان ہوگا۔

کسی کو اپنی ذاتی اور بینک سے متعلق معلومات دینے سے اجتناب کریں

کبھی بھی کسی ایسے شخص کو اپنی نجی معلومات ہرگز نہ دیں جسے آپ ذاتی طور پر اچھی طرح نہ جانتے ہوں۔ اس میں آپ کا پتہ، مکمل نام، فون نمبر، SIN نمبر اور سٹوڈنٹ نمبر وغیرہ شامل ہیں۔ کینیڈا کی حکومت کبھی بھی آپ کو فون یا ای-میل کے ذریعے رابطہ کرکے ایسی معلومات نہیں مانگے گی۔ اگر آپ کو کوئی ایسی ای میل یا فون میسج موصول ہو جس میں آپ کی حساس معلومات مانگی گئی ہو تو فوری طور پر اسے بلاک کردیں کیونکہ یہ دھوکے بازلٹیروں کی ایک چال ہے۔

اسی طرح اپنی بینکنگ معلومات بھی مکمل طور پر پرائیویٹ رکھیں۔ کبھی بھی اپنے بینک کارڈ کا پن نمبر کسی سے شیئر نہ کریں اور نہ ہی اپنے علاوہ کسی کو بینک کارڈ استعمال کیلئے دیں۔ اے ٹی ایم یا سیلز مشین پر پن نمبر قریب کھڑے لوگوں کی نظروں سے چھپا کر ٹائپ کریں۔ فون یا ای میل پر کبھی بھی اپنی مالیاتی معلومات شیئر ہرگز نہ کریں۔

محفوظ اور باسہولت رہائش کا انتخاب کریں

اپنے لئے درست علاقے کا انتخاب کرنا: اگر آپ اکیلے ہیں تو ایسے علاقے میں رہائش رکھنا پسند کریں گے جہاں آپ احساس تحفظ کے ساتھ روزمرہ زندگی کے امور باآسانی سرانجام دے سکیں۔
کینیڈا کے زیادہ تر شہر بہت محفوظ ہیں، جرائم کی شرح سے متعلق اعداد و شمار ہر علاقے کے محفوظ ہونے سے متعلق بہتر رہنمائی فراہم کرسکتے ہیں۔ AreaVibes اور Nextdoor جیسی ویب سائٹس مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق جاننے میں آپ کی معاونت کرسکتی ہیں۔

ایک محفوظ فلیٹ یا کمرے کی تلاش

ایک محفوظ رہائش تنہا رہنے والے افراد کیلئے اہم ترین ترجیح ہوتی ہے۔ آپ احساس تحفظ کو بڑھانے کیلئے کسی کے ساتھ مشترکہ رہائش اختیار کرسکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے آپ کے رہائشی اخراجات بھی کم ہوسکتے ہیں۔ خاص طور پر اکیلی خواتین اپنی ہم جنس کرائے دار کے ساتھ رہائش شیئر کرکے خود کو زیادہ محفوظ تصور کرتی ہیں۔ اگر آپ آن لائن ذرائع سے کرائے کی رہائش گاہ تلاش کررہے ہیں تو ہمیشہ دھوکے فراڈ سے محتاط رہیں۔ ناقابل یقین حد تک کم کرائے پر لگائے گئے اشتہارات کو نظر انداز کریں۔ یہ اکثر دھوکہ دہی کی بنیاد پر پوسٹ کئے جاتے ہیں جہاں اصل رہائش گاہ بہت شکستہ حالت یا خطرناک علاقے میں ہوسکتی ہے۔

٭ کھلی طرز کے گھر اور فلیٹ دیکھنے جائیں جہاں بہت سے لوگ رہتے ہوں یا پھر اپنے کسی دوست کو ساتھ لے کر جائیں۔ اگر آپ خود نہ جاسکیں تو ویڈیو کال کا سہارا لیں جس میں آپ کرائے کی رہائش اور اپنے ممکنہ مالک مکان دونوں کو واضح طور پر دیکھ سکیں۔
٭ خود جگہ دیکھے بغیر پیشگی بیانہ/ڈاؤن پیمینٹ ہرگز نہ دیں
٭ اپنے ممکنہ مالک مکان کو غیر ضروری ذاتی معلومات فراہم کرنے سے گریز کریں

شہر میں محفوظ طریقے سے سفر کرنا

اگر آپ ایک نئے شہر میں منتقل ہورہے ہیں تو سب سے پہلے آپ وہاں کے بارے میں جاننا چاہیں گے۔ لہذا اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کو وہاں کے محفوظ راستوں کے بارے میں پہلے سے مناسب معلومات حاصل ہو۔

کیا کینیڈا میں پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنا محفوظ ہے؟

کینیڈین شہروں کے اندر سفر کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم بہت محفوظ اور باسہولت ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔ ٹرین، بس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ کی دیگر اقسام عام طور پر صاف ستھری اور محفوظ ہیں۔
اگر آپ دوران سفر یا بس سٹاپ پر خود کو غیرمحفوظ تصور کریں تو بلاججھک بس ڈرائیور کو بتائیں تاکہ وہ آپ کی مدد کرسکے۔ آپ بس ڈرائیور سے درخواست کرسکتے ہیں کہ وہ آپ کو بس سٹاپ کے درمیان اپنی منزل کے قریب ترین جگہ پر اتار دے۔ بہت سی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے فون نمبر بھی درج ہوتے ہیں۔ خطرہ محسوس ہونے کی صورت میں آپ ان نمبرز پر کال یا میسج کرسکتے ہیں۔ آپ انٹرنیٹ پر اپنے شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق سرچ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی ماس ٹرانزٹ سسٹمز کے سمارٹ فون ایپ بھی موجود ہیں جو وہاں چلنے والی بسوں اور ٹرینوں کے اوقات کار بتاتے ہیں۔

سائیکل سواری

خاص طور پر موسم گرما میں سائیکل کینیڈین شہروں میں تیز اور سستے سفر کا اچھا ذریعہ ہے۔ آپ کام پر جانے کیلئے ایک اچھی بائیسکل خرید سکتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ایسی مہنگی سائیکلیں چوروں کا پسندیدہ ہدف ثابت ہوتی ہیں۔ سائیکل پارک کرتے ہوئے ہمیشہ اسے ایک مضبوط تالے کی مدد سے محفوظ بنائیں کیونکہ سستے اور کمزور تالے توڑنے میں دیر نہیں لگتی۔ .
سائیکل چلانے سے پہلے اپنے علاقے کے ٹریفک قوانین ضرور سیکھیں۔ سائیکل چلاتے ہوئے سیفٹی ہیلمٹ پہنیں اور مناسب سگنل دے کر پیچھے آنے والی ٹریفک سے ٹکرانے سے بچیں۔ اپنی سائیکل کو اچھی حالت میں رکھیں تاکہ راستے میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنی گاڑی چلانا

اگر آپ ٹریفک قوانین پر عمل کریں تو اپنی کار سے سفر کرنا ایک محفوظ آپشن ہے۔ اس کیلئے آپ کو کینیڈا کا ڈرائیورز لائسنس حاصل کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ اپنی گاڑی کا انجن آئل، ریڈی ایٹر کولینٹ، ٹائر اور بیٹری وغیرہ کا خاص خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ اگر آپ پاکستان جیسے گرم ملک سے کینیڈا آئے ہیں تو یہاں موسم سرما کی برفباری کے دوران ڈرائیو کرنا آپ کیلئے ایک چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔ خراب موسم میں اکیلے ڈرائیو کرنے سے پہلے کسی ماہر ڈرائیور سے برف پر گاڑی چلانا ضرور سیکھیں تاکہ حادثات سے بچ سکیں۔

شئیر رائیڈ / مشترکہ ٹیکسی سروس

کینیڈا کے بڑے شہروں میں اوبر اور Lyft کی رائیڈ شیئر سروس کافی مقبول ہورہی ہے۔ یہ مشترکہ ٹیکسی سروس جیسی ہے جہاں ایک ہی منزل کے 2 یا اس سے زائد مسافر ایک گاڑی میں سفر کرتے ہیں۔ یہ عام ٹیکسی سروس سے سستی بھی ہے اور نسبتاً محفوظ بھی تصور کی جاتی ہے۔ آپ ایپ کے ذریعے اپنی تازہ ترین لوکیشن کسی قابل بھروسہ دوست سے شیئر کرسکتے ہیں تاکہ وہ آپ پر نظر رکھ سکے۔ تاہم یہ سروس آپ کو قریب ترین لوکیشن تک ڈراپ کرتی ہے جہاں سے آپ کو پیدل چل کر اپنی منزل پر پہنچنا ہوتا ہے۔ ایسے میں رات گئے یا خراب موسم میں ریگولر ٹیکسی کرنا بھی مناسب آپشن ہوسکتا ہے۔

کیا رات کے وقت کینیڈین شہروں کی سڑکوں پر اکیلے پیدل چلنا محفوظ ہے؟

کینیڈا کے بیشتر علاقے رات کے وقت پیدل چلنے کیلئے محفوظ ہیں اگر آپ ان علاقوں سے واقف ہوں۔ روشن اور مصروف گلیوں میں رہیں اور اپنے فون کی بیٹری فل چارج رکھیں۔ رات کے وقت پیدل چلتے ہوئے ہیڈ فون لگا کر میوزک وغیرہ سننے سے گریز کریں تاکہ آپ قریب آنے جانے والوں کو دیکھ اور سن سکیں۔ اگر آپ دیہی علاقے سے گزر رہے ہیں تو جنگلی جانوروں سے محتاط رہیں۔ ریچھ کو بھگانے والا سپرے اور سیٹی ہمیشہ اپنے پاس رکھیں۔

اکیلے کینیڈا آنا ایک چیلنج ضرور ہے مگر آپ کو زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ان حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے سے آپ کو ایک نئے شہر میں باسہولت اور محفوظ زندگی گزارنے میں مدد ملے گی۔

کینیڈا میں تحفظ کے احساس کو قائم رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ قابل بھروسہ دوستوں کا نیٹ ورک بنائیں، یہ جانیں کہ خطرہ محسوس ہونے پر کسے کال کی جائے، ایک اچھی رہائش کا انتظام کریں، اپنے شہر کے راستوں سے واقف ہوں اور اپنے اہم کاغذات اور قیمتی سامان کو محفوظ جگہ پر رکھیں۔

تحقیق و تحریر: محمد عمران سعید، سلطان کیانی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button