لائف ان کینیڈا

اونٹاریو میں آپکے حقوق بحیثیت کرایہ دار

کینیڈا امیگریشن پر آنے والے نئے افراد کو جن بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان میں سے ایک معقول رھائش کا بندوبست ہے۔ کینیڈا میں کرایہ دار کو قانونی طور پر بہت متوازن حقوق حاصل ہیں جو کہ نئے آنے والوں کو ایک طرف کسی تعصب اور نسل پرستی سے تحفظ دیتے ہیں تو وہیں پر غیرقانونی اور جبری بے دخلی سے بھی بچاتے ہیں۔
وہ تمام نئے آنے والے جو اونٹاریو میں اپنی نئی زندگی کا آغاز کرتے ہیں، ان کے لئے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ انہیں اونٹاریو میں بحیثیت کرایہ دار کیا کیا حقوق حاصل ہیں۔ اس آرٹیکل میں ہم ان حقوق کا ذکر کریں گے۔

رھائش کے بطور کرایہ پر حصول کے لئے درکار ڈاکومینٹس:

اونٹاریو میں رہائش کرایہ پر لینے کے کچھ دستاویزات فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ دستاویزات آپ کی مالی حالت اور بطور کرایہ دار آپ کا پچھلا ریکارڈ پر مشتمل ہو سکتا ہے۔ یہ دستاویزات یا ڈاکومینٹس عموما مندرجہ ذیل ہیں:

بینک اسٹیٹمنٹ: یہ آپکی مالی حالت کی مزید جانچ کے لئے طلب کی جاسکتی ہے
پے سلپ/اسٹب: یہ آپکی آمدنی کا ثبوت کہا جاسکتا ہے
ایمپلائمنٹ لیٹر: آپکی کمپنی کی طرف سے ایک لیٹر میں آپکی سالانہ تنخواہ اور ملازمت کا عرصے کا بتایا جاتا ہے
کریڈٹ رپورٹ: آپ کی کریڈٹ رپورٹ آپ کی کریڈٹ ہسٹری کا خلاصہ ہے۔ یہ 25 ڈالر کی فیس کی ادائیگی سے حاصل کی جاتی ہے اور آپ کے لئے گئے قرضہ جات یا اگر آپ کسی مالی دیوالیہ پن کا شکار رہیں ہو تو اسکو بھی ظاہر کرتی ہے۔
حوالہ جات: آپ کے کسی قابل اعتماد دوست یا منیجر کا حوالہ جو کینیڈا میں مقیم ہو۔

اونٹاریو میں بے دخلی کے اصول

اونٹاریو میں صوبائی حکومت نے کرایہ داروں اور مالک مکان دونوں کو غلط بے دخل ہونے سے بچانے کے لئے قواعد وضع کیے ہیں۔ مکان مالک صرف آپ کو مخصوص حالات میں ہی بے دخل کرسکتا ہے اور اسکے لئے مالک مکان کو پہلے ‘ایل ٹی بی (بورڈ)’ کے ذریعہ بے دخلی کا نوٹس دینا ہوگا- اگر آپ کو اپنے مالک مکان کی طرف سے بے دخلی کا نوٹس موصول ہوتا ہے تو آپ سماعت پر جاکراپنی صفائی میں بتا سکتے ہیں کہ آپکو کیوں بے دخل نہیں کیا جانا چائیے۔

اونٹاریو میں بے دخلی کی عام وجوہات میں یہ شامل ہیں:
٭ کرایہ کی عدم ادائیگی
٭ تزئین و آرائش
٭ پراپرٹی بیچنا
٭ ذاتی استعمال
٭ خاص وجوہات کی بنا پر

معاہدے کی خلاف ورزی پر کرایہ داری کے معاہدے کو بھی ختم کیا جاسکتا ہے۔ خاص وجوہات کی بنا پر بے دخل کرنے کی وجوہات مندرجہ ذیل ہوسکتی ہیں:
٭ اپنی کرایہ داری کی درخواست پر اپنی آمدنی کے بارے میں جھوٹ بولنا۔
٭ رہائشی استعمال کے علاوہ کسی اور چیز کے لئے پراپرٹی کا استعمال کرنا جو پراپرٹی کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔
٭ پراپرٹی کو نقصان پہنچانے اور مناسب وقت میں مرمت کرنے میں ناکام رہنے پر۔
٭ آپ/آپ کے مہمان غیر قانونی سرگرمیوں میں مشغول ہیں۔
٭ آپ/آپ کے مہمان غیرقانونی طور پر دوسرے کرایہ داروں/مکان مالک کو پریشان کرتے ہیں۔
٭ بہت زیادہ لوگوں کی تعداد میں ہونا یا بہت زیادہ افراد پراپرٹی میں رہتے ہوں۔

کرایہ دار کی حیثیت سے آپ کی ذمہ داریاں

اونٹاریو میں کرایہ دار کی حیثیت سے آپ پر مندرجہ ذیل ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں:
٭ کرایے کی پراپرٹی کو صاف ستھرا رکھیں اور اسے مینٹئین رکھیں، مثلا وقت پر برف صاف کرنا اور گھاس کاٹنا
٭ جتنی جلدی ممکن ہو مالک مکان سے رابطہ کریں اگر کوئی سنجیدہ مسئلہ پیدا ہو جس میں مرمت شامل ہو۔
٭ آپ یا آپ کے مہمانوں کی وجہ سے پہنجنے والے نقصان کا ازالہ کرنا
٭ اپنے کرایے کو بروقت ادائیگی کرنا اور اس تاریخ کو جس کی تاریخ مقررہ ہے۔
٭ مکان/پراپرٹی میں داخلے کی اجازت، کم از کم 24 گھنٹے کے نوٹس کے ساتھ

اونٹاریو میں لیز میں قابل شامل شقیں

مندرجہ ذیل شقوں کو لیز پر شامل کیا جاسکتا ہے:
٭ کرایہ کے ڈیپازٹس: مثال کے طور پر پہلا اور آخری کرایہ بطور ایڈوانس مطالبہ
٭ کرایہ پر ڈسکاؤنٹ: یہ کسی خاص مدت تک ہو سکتا ہے
٭ گھریلو استعمال کے آلات پر سروسز: بصورت خرابی، مرمت کی ذمہ داری
٭ یوٹیلیٹی بلز: آیا کہ یہ کرایہ دار سے وصول کئے جائیں گے یا نہیں
٭ کرایہ داری معاہدے کی میعاد: آیا کہ یہ معیاد ماہانہ ہے یا سالانہ، یہ معیاد مہینے کی کس تاریخ سے شروع ہوگی
٭ کرایہ داروں کی انشورنس: مالک مکان آپ سے آپکی انشورنس کا مطالبہ بھی کرسکتا ہے
٭ سگریٹ نوشی: چونکہ اونٹاریو میں مشترکہ استعمال کے انڈور ایریاز میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں، سو مالک مکان اس اصول کے تحت اسے ممنوع قرار دے سکتا ہے

ایسی شقیں جو شامل نہیں ہوسکتی ہیں یا لیز میں تبدیل نہیں کی جاسکتی ہیں

مندرجہ ذیل شقوں کو لیز میں شامل نہیں کیا جاسکتا:

٭ اضافی ڈیپازٹس یا فیس: آرٹی اے کی شقوں کے علاوہ کرایہ دار سے مزید کسی ڈیپازٹس کا مطالبہ نہیں کیا جاسکتا-
٭ مرمت کے لئے ادائیگی: گھریلو آلات کی مرمت (مثلا چولہا، فرج، ڈش واشراور ہیٹنگ سسٹم وغیرہ) یا پلمبنگ وغیرہ کے آلات یا نظام کی مرمت کا تقاضا کسی بھی طرح کرایہ دار سے نہیں مانگا جاسکتا۔
٭ رینٹل یونٹ/رھائش کی ہیت میں تبدیلیاں: آرائشی اشیاء جیسے تصویریں اور کھڑکیوں کے پردے لگانے کا حق کرایہ دار کو حاصل ہے اور یہ مالک مکان کی اجازت کے بغیر لگائی جاسکتی ہیں۔ تاہم، دیواروں کو رنگ وروغن کرنے کے لئے مکالک مکان کی اجازت درکار ہوتی ہے۔
٭ سبیلٹنگ یا کسی حصے کو اپنی مرضی سے کرایے پر دینا: کرایہ دار مالک مکان کی اجازت سے گھر کے کسی حصے کو، جیسے کمرہ اور یونٹ، مزید کرایے پر کسی کو دے سکتا ہے اور مالک مکان آپ کو اس سے روک نہیں سکتا۔
٭ پالتو جانور: مکان مالک پالتو جانوروں سے منع نہیں کرسکتا تاہم کونڈومینیم کے قواعد وضوابط ایک استثناء ہو سکتے ہیں جس میں پالتو جانوروں کی قسموں جیسے کہ کتوں پر پابندی ہو۔
٭ مہمان: مکان مالک کسی ایسی شق کو لیز میں شامل نہیں کرسکتا جس میں کرایہ دار کو مہمانوں، روم میٹ یا اضافی افراد جیسے خاندان کے کسی فرد کو ساتھ رکھنا ممنوع ہو۔

اونٹاریو میں کرایہ میں اضافے کی شرح
کرایہ دار کے لئے بہت ضروری ہے کہ وہ اونٹاریوپرائس انڈیکس اور اسکی گائیڈلائنز پر نظر رکھے جو کہ ہرسال ایک خاص شرح سے کرایہ کو بڑھانے کی اجازت دیتی ہے۔ مثلا اگر 2021 میں یہ شرح 2۔2 فیصد ہے اور آپکا کرایہ 1500 ڈالرماہانہ ہے تو 12 مہینوں بعد آپکا مالک مکان 2۔2 فیصد کے حساب سے صرف 33 ڈالر اضافہ کرسکتا ہے جوکہ کل 1533 ڈالر بنے گا۔ لیکن اسکے لئے بھی وہ کم از کم 90 دن کا تحریری نوٹس بھیجنے کا پابند ہے۔

اونٹاریو میں بحیثیت کرایہ دار آپ کے حقوق

٭ کرایہ دار کے مہمانوں کا قیام
مکان مالک آپ کے مہمانوں کو آپکے پاس رہنے سے روک نہیں سکتے ہیں۔ آپ کو یہ فیصلہ کرنے کا حق ہے کہ آپ کس کو ملنے اور اپنی جگہ پر قیام کی دعوت دے سکتے ہیں۔ وہ آپ سے آپکے اضافی مہمانوں کی فیس بھی وصول نہیں کرسکتا اور نہ ہی آپ کے مہمانوں کے قیام پر کرایہ بڑھانے کی دھمکی دے سکتا ہے۔ تاہم کرایہ دار کی حیثیت سے آپ کسی بھی پریشانی یا اپنے مہمانوں کی وجہ سے پراپرٹی کو پہنچنے والے نقصانات کے ذمہ دار بھی ہیں۔

٭ مالک پالتو جانوروں کی اجازت
مکان مالک کویہ پوچھنے کی اجازت ہے کہ کیا آپ کے پاس پالتو جانور ہیں۔ ان کو حق ہے کہ وہ اس وجہ سے آپ کی درخواست سے مسترد کردیں۔ تاہم، ایک بار جب آپ لیز پر دستخط کرکے اس میں منتقل ہوجاتے ہیں تو مکان مالک آپ کو پالتو جانور رکھنے کی وجہ سے بے دخل نہیں کرسکتا، یہاں تک کہ اگر آپ نے کرایے کا معاہدے میں "کوئی پالتو جانور نہیں ہے” بھی لکھا ہے، تب بھی نہیں!
تاہم ، مکان مالک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ آپ سے کسی پالتو جانور کو ہٹانے کا کہے- مثال کے طور پر اگ کوئی پالتو جانور غیرمناسب حد تک شور مچا رہا ہے یا املاک کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

کیا مکان مالک ماہانہ لیز کو ختم کرسکتا ہے
اونٹاریو میں ایک مکان مالک قانونی طور پر ماہانہ لیز کو قانونی وجوہات کی بناء پر ختم کرسکتا ہے اور اس لیز کو ختم کرنے کی وجوہات میں درج ذیل ہو سکتی ہیں:
٭ املاک کو نقصان پہنچنے کی صورت میں
٭ ہمیشہ دیر سے کرایہ ادا کرنا
٭ کرایہ کی پراپرٹی میں غیر قانونی سرگرمیاں
٭ بہت زیادہ سبلیٹ کرنا
٭ کرایہ دار عمارت میں دوسروں کو پریشان کررہا ہو
ان وجوہات کے علاوہ اگر مالک مکان کو رہائش جلدی خالی کروانی ہے، اگر وجوہات ذاتی استعمال ، تجدید یا پراپرٹی بیچنا بھی ہیں تو مکان مالک کو نوٹس دینا ہوگا۔

اگر کرایہ داری ختم ہوجاتی ہے تو کرایہ دار کومزید قیام کے لئے کسی نئے معاہدے پر دستخط کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کرایہ داری معاہدے کے قواعد کے تحت ، کرایہ دار کو اب بھی رہنے کا حق حاصل ہے اگرچہ کرایہ دار کی حیثیت "ڈیلی”، "ویکلی” یا "ماہانہ” کرایہ دار کی ہی کیوں نہ ہو۔

ہیلپ لائینز:
لینڈلورڈ اینڈ ٹیننٹ بورڈ (ایل ٹی بی) اونٹاریو میں رہنے والے کرایہ داروں کی راہنمائی کے لئے پیر تا جمعہ صبح ساڑھے آٹھ تا شام پانچ بجے تک کسٹمر سروسز فراہم کرتا ہے۔ کووڈ 19 کی وجہ سے اوقات میں ممکنہ تبدیلی متوقع ہو سکتی ہے۔ مزید معلومات کے لئے 1-888-332-3234 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

تحقیق و تالیف: محمد عمران سعید

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button